عمران خان ای سی سی میں بھارت سے تجارت کی سمری بھیجے جانے سے آگاہ تھے: فواد چوہدری


بھارت سے تجارت کے معاملے پر تنازعے میں نت نئے زاویے سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھارت سے تجارت کی منظوری پر سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ہہ منظوری کس کے کہنے پر دی گئی تو وزیر خزانہ حماد اظہر نے جواب دیا کہ جناب وزیر اعظم آپ نے ہی ایسا کرنے کو کہا تھا۔ میڈیا پر خبریں آنے کے بعد اس کی تردید چلائی گئی۔تاہم اب وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم کو بھارت سے تجارت کے بارے میں سمری بھیجے جانے کا علم تھا اور بطور وزیر تجارت انہوں نے ہی اس کو ای سی سی میں بھیجنے کی منظوری دی تھے۔

فواد چوہدری نے معاملے کی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس بہت سے عہدے ہیں وہ جب وزیر کامرس ہوتے ہیں تو وہ اور طرح سے فیصلے کرتے ہیں اور جب وہی معاملہ ان کے پاس بطور وزیر اعظم آتا ہے تو وہ اس پر عہدے کے مطابق فیصلہ کرتے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بطور وزیر عمران خان کو اس معاملے کے بارے میں آگاہی تھی اور ای سی سی میں سمری جانے کے لیے بھی ان کے دستخط ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بطور وزیر اور پھر ای سی سی نے معاملے کو معاشی طور پر دیکھا تاہم کابینہ میں اس کو سیاسی حوالے سے دیکھا گیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاک بھارت تجارت سے بہت فائدہ ہے لیکن دیگر معاملات کو بھی پیش نظر رکھنا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ وزیر خزانہ سمیت حکومتی وزرا کا کہنا تھا کہ ایسی خبریں درست نہیں کہ وزیر اعظم اس معاملے سے لاعلم تھے۔ دوسری طرف حکومتی پارٹی کا ایجنڈا بڑھانے پر مامور صحافتی کارندروں نے بھی یہ خبر دینے والے میڈیا آؤٹ لیٹس پر غلط خبریں پھیلانے کا الزام لگا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی مہم چلائی تاہم اب فواد چوہدری کا بیان معاملات کی واضح عکاسی کر رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments