انسٹاگرام پر ‘لائیکس’ کی تعداد چھپانا جلد ممکن


فائل فوٹو
ویب ڈیسک — سوشل میڈیا استعمال کرنے والے اکثر صارفین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی پوسٹس پر زیادہ سے زیادہ لائیکس ہوں جس سے انہیں اپنی شہرت کا اندازہ ہو سکے تاہم کبھی کبھار یہ خواہش پریشانی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔​

ایسے ہی صارفین کے لیے سوشل میڈیا کے بڑا پلیٹ فارم ‘فیس بک’ ایک نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے جس سے اس کی زیرِ ملکیت کمپنی ‘انسٹاگرام’ پر لائیکس کی تعداد کو چھپانا ممکن ہو سکے گا۔​

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ’ کے مطابق فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ دوبارہ اس فیچر کی آزمائش کرنے جا رہے ہیں جس کے تحت لائیکس کی تعداد چھپائی جا سکے گی تا کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ آیا اس سے سوشل میڈیا پر موجود ہونے کے دباؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔

فیس بک کے ترجمان کے مطابق فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام جلد صارفین کی مخصوص تعداد کو یہ اجازت دے گا کہ وہ یہ فیصلہ کر سکیں کہ آیا وہ اپنی پوسٹس پر آنے والے لائیکس یا دوسروں کی پوسٹس کے لائیکس کی تعداد کو دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں۔

ان کے بقول فیس بک کے لیے بھی اس فیچر کی جانچ کی جا رہی ہے۔

فیس بک کے مطابق انسٹاگرام پر اس آزمائش کے تحت صارفین صرف اپنی پوسٹس پر آنے والے لائیکس نہیں دیکھ سکیں گے لیکن پوسٹس پر آنے والے کمنٹس دیکھے جا سکیں گے۔

یاد رہے کہ انسٹاگرام نے پوسٹس پر لائیکس کی تعداد مخفی رکھنے کے فیچر کا آغاز 2019 میں کیا تھا۔ متعدد صارفین نے اس فیچر کا خیر مقدم کیا تھا جب کہ کچھ سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے اس پر پریشانی کا اظہار کیا تھا کہ یہ فیچر انہیں سوشل میڈیا سے دور کر سکتا ہے۔

تاہم اُس وقت انسٹاگرام نے صارفین کو یہ اختیار نہیں دیا تھا کہ وہ خود اپنی مرضی سے لائیکس کی تعداد چھپا سکیں گے یا نہیں۔

کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ “متعدد لوگوں نے اس فیچر کو خوش آئند قرار دیا تھا جب کہ چند صارفین کا کہنا تھا کہ وہ لائیکس کی تعداد دیکھنا چاہتے ہیں۔ کیوں کہ لائیکس کی تعداد سے وہ اس بات کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کیا وہ مشہور ہے۔”

بعد ازاں دنیا بھر میں کرونا وائرس کے آنے کے بعد فیس بک نے وبا سے نمٹنے کے اقدامات میں معاونت کو ترجیح دینا بہتر سمجھا تھا۔

اب کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ نئے فیچر کو ڈیزائن کرنے کے لیے اس سے قبل کیے جانے والے تجربے سے سامنے آنے والے ردِ عمل کو مدِ نظر رکھیں گے۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں انسٹاگرام پر ایک بَگ (خرابی) سامنے آئی تھی جس سے چند گھنٹوں کے لیے متعدد صارفین کی پوسٹوں پر لائیک کی تعداد غائب ہو گئی تھی۔

بَگ کی وجہ سے صارفین کے ذہن میں متعدد سوالات اٹھنے لگے تھے کہ آیا کمپنی جلد لائیکس چھپانے والے فیچر کو دوبارہ پیش کرے گی۔

اب انسٹاگرام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ ابھی ایک چھوٹا سا تجربہ ہے اور انہیں توقع ہے کہ بڑے پیمانے پر تجربہ کرنے سے بہت کچھ سامنے آ سکتا ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments