ٹرینڈز فالو کرتے کرتے کہاں آ پہنچے ہیں ہم؟


سوشل میڈیا کے متعدد پلیٹ فارمز پر ہم لوگ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کبھی ہر اس ٹرینڈ کو فالو کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو تھوڑا سا مقبول ہو جائے، کبھی بالکل منفرد انداز اپنا کر لوگوں کو اپنے ہونے کا احساس دلانا چاہتے ہیں۔ ان ہی کوششوں میں بعض اوقات ہم لوگ بہت ہی بھونڈی حرکتیں بھی کر جاتے ہیں۔ ایسی ہی ایک حرکت جو عموماً سب کی طبیعت پہ ہی بہت ہی ناگوار گزرتی ہے وہ کسی فرد کا اپنے کسی عزیز کی میت کی تصویر لگانا ہے۔

فیس بک ہو یا کوئی دوسرا سوشل میڈیا پلیٹ فارم کسی کی بیماری یا وفات کی خبر دے کر صحت یا مغفرت کے لیے دعا کروانے تک تو بات ٹھیک ہے۔

مگر خدارا یہاں کسی میت کی تصویر مت لگائیں۔ میت کی تصویر لگانے والا ٹرینڈ ختم کر دینا چاہیے۔ خدا جانے یہ ٹرینڈ کب اور کہاں سے چلا مگر یہ ایسا ٹرینڈ بالکل بھی نہیں ہے کہ جس کو فالو کیا جائے۔

چاہے کوئی آپ کا جتنا بھی پیارا ہو، اسے میت کے روپ میں پوری دنیا کو دکھانا بالکل غیر ضروری ہے۔ معلوم نہیں کوئی بھی میت کی تصویر لگا کر کیا دکھانا یا بتانا چاہتا ہے۔

بہت سارے لوگوں کے لیے تو کسی میت کی تصویر دیکھنا ہی آسان نہیں ہوتا۔ کچھ لوگوں کے لیے یہ مرحلہ کربناک ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگوں کے لیے خوف زدہ کر دینے والا۔ ہمیں کسی بھی صورت دوسرے لوگوں کو اس آزمائش میں نہیں ڈالنا چاہیے۔

اگر کسی کی وفات کی اطلاع کے ساتھ کوئی تصویر لگانی بھی پڑے تو مرحوم کی کوئی پرانی اچھی سی ہنستی مسکراتی تصویر لگا دیں تاکہ دیکھنے والوں کے تصور میں انھیں یاد کرتے ہوئے وہی ہنستی مسکراتی تصویر آئے، سفید کفن میں لپٹی سفید روئی سے ناک اور کان بند کی گئی میت کی نہیں۔

اگر پھر بھی کسی کو میت کی تصویر لگانی ہی ہے تو اسے چاہیے کہ متعلقہ پوسٹ کو اپنے مخصوص عزیزوں تک محدود کر لے۔ میت کی تصویر کو دیدار عام کے لیے مت رکھے۔

کسی بھی میت کی تصویر دیکھ کر وہاں یہ کہنا ناممکن ہوتا ہے کہ میت کی تصویر کیوں لگائی گئی کیونکہ وہ مرحلہ تصویر لگانے والے کے لیے اپنے عزیز کی وفات کی وجہ سے پہلے ہی مشکل ہوتا ہے۔ اس لیے عموماً کبھی بھی میت کی تصویر کے نیچے کوئی اعتراض نہیں کیا جاتا لیکن ہمیں خود یہ خیال کرنا چاہیے کہ باقی سب کو ایسی تکلیف دہ صورت حال سے دوچار ہی نہ کریں۔ لوگوں کے کہے بغیر ہی انھیں اس مشکل میں نہ ڈالیں کہ وہ ایسی کسی اطلاع پہ بھی دعائے مغفرت کے بجائے فوراً پوسٹ ہائیڈ کرنے کی کوشش کریں۔

کسی بھی وفات پا جانے والے کے لیے دعائے مغفرت کرتے وقت اس کی میت کی تصویر سامنے ہونا ضروری نہیں ہوتا۔ یقین کریں آپ کے عزیز کی میت دیکھے بغیر بھی اس کے لیے دعائے مغفرت کی جا سکتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments