ہرارے ٹیسٹ میں نئی تاریخ رقم، زمبابوے کو اننگز اور 147 رنز سے شکست


پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
ویب ڈیسک — پاکستان نے ہرارے ٹیسٹ میں میزبان زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں پر 510 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کی تو میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہوئی اور کھیل کے چوتھے روز دوسری اننگز میں بھی زمبابوے کی پوری ٹیم 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان نے یہ میچ نہ صرف 147 رنز سے اپنے نام کر کے زمبابوے کو دو میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا بلکہ پاکستانی بالروں نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ بھی رقم کر دی ہے۔

پاکستان کے تین بالروں شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور نعمان علی نے ہرارے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی ٹیم کے تین بالروں نے میچ میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

ہرارے ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے ڈبل سینچری بنانے والے عابد علی ‘مین آف دی میچ’ قرار پائے۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں 215 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 29 چوکے شامل تھے۔

سیریز کے دونوں میچز میں پانچ پانچ وکٹیں لینے والے حسن علی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

زمبابوے کی جانب سے وکٹ کیپر بلے باز رگیس چکبوا نے 80 اور کپتان برینڈن ٹیلر نے سب سے زیادہ 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کو ایک اننگز اور 116 رنز سے شکست دی تھی۔

مسلسل چھ ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی کی کامیابی

زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے مسلسل چھ ٹیسٹ سیریز اپنے نام کر لی ہیں۔

سن 1952 میں ٹیسٹ کھیلنے والے ممالک کا درجہ ملنے کے بعد ایسا چھٹی بار ہوا ہے کہ پاکستان نے مسلسل چھ یا اس سے زیادہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ادھر بابر اعظم بھی پہلے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے بطور کپتان اپنے ابتدائی چار ٹیسٹ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments