عید الفطر: غیر معمولی طویل اجلاس کے بعد چاند کی رویت کا اعلان کر دیا گیا


رویت ہلال

پاکستان میں اسلامی مہینوں کے آغاز کا تعین کرنے کی ذمہ دار مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے ملک میں جمعرات کو عید الفطر منائے جانے کا اعلان کر دیا ہے۔

بدھ کی شام کو ماہِ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت ہوا۔

کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اسے قابلِ اعتبار شہادتیں موصول ہوئی ہیں جس کی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعرات 13 مئی کو ملک میں عید الفطر منائی جائے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے بدھ کی رات نو بجے کے کچھ بعد ٹویٹ کی تھی کہ پاکستان میں آج چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔ اُنھوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ اُن (کا) آپشن ہے۔

اس سے قبل وہ نو مئی کو کہہ چکے تھے کہ وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے کیلنڈر اور رویت ایپ کے مطابق چاند 13 مئی کو نظر آ پائے گا اور عید 14 مئی کو ہوگی۔

تاہم رویتِ ہلال کمیٹی نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے موصول ہونے والی شہادتوں کو بنیاد بنا کر عید الفطر کا فیصلہ کیا ہے۔

گذشتہ تقریباً ایک دہائی میں یہ دوسرا موقع ہے کہ عید الفطر کا چاند نظر آنے کا اعلان نصف شب کے قریب کیا گیا ہے۔

کمیٹی کی جانب سے اس تاخیر کی وجہ شہادتوں کو پرکھنے میں ہونے والی تاخیر بتایا جاتا ہے۔

ایک ہی دن عید کا ’تحفہ‘

اس اعلان کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ایک عید کا ‘تحفہ’ دیا ہے۔

پشاور کی مسجد قاسم علی خان جو ہر سال ایک دن پہلے رمضان کے آغاز اور عید الفطر منانے کے حوالے سے خبروں میں رہتی ہے، اس نے جمعرات کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان میں عید الفطر منانے کی تاریخ پر عام طور پر تنازع رہتا ہے اور دیکھنے میں آتا ہے کہ ملک کے کچھ علاقوں بالخصوص پشاور کے چند علاقوں میں باقی ملک سے ایک دن پہلے عید منائی جاتی ہے، تاہم اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp