آسکر انعام پانے والی دس فلموں کا تعارف


\"\"اب نہ تو ہمارے پاس برادرم عاصم بخشی کی طرح کا زرخیز ذہن ہے جو ایک سال میں تقریباً ساٹھ سے اوپر ا علیٰ درجے کی کتب پڑھ سکے اور نہ بھائی حسن معراج کی مانند قلم پر دسترس کہ  کچھ کام کی بات لکھ سکیں۔ لہٰذا خوب پڑھنے اور اچھا لکھنے کے درمیان ایک نسبتاً سہل راستہ اور بھی ہے اور وہ ہے فلم بینی کا راستہ۔اچھی اور معیاری فلمیں دیکھنے اور ان سے سیکھنے کا راستہ۔ گزشتہ سال یہ عزم مصمم کیا کہ اب تک تقریباً نوے فلمیں جو بہترین فلم کا آسکر انعام پا چکی ہیں ان کو دیکھا جائے۔ یہ سفر ابھی جاری ہے اور اس کی چند جھلکیاں پیش خدمت ہیں.۔
1 ۔ Best Year of Our Lives (1946)
قیام پاکستان سے ایک سال قبل 1946ء میں آسکر انعام پانے والی یہ فلم جنگ عظیم دوم کے اختتام کے بعد گھر واپس آنے والے ایک فوجی، پائلٹ اور نیوی سیلر کی ان مشکلات کا ا عادہ کرتی ہے جو انھیں بطور ایک عام شہری پیش آتی ہیں۔ اولاد کا روکھا رویہ، نوکری کی تلاش، بیوی کی بدلتی ترجیحات اوراپنی کم مائیگی کا احساس، ان سب جذبات کی ترجمانی بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے۔

2 ۔ THE BRIDGE ON THE River KWAI (1957)
1957 ءکا آسکر انعام پانے والی یہ فلم ایک خوبصورت بصری تجربہ ہے۔ جنگ عظیم کے دوران جاپانی فوج کی قید میںبرطانوی فوج کی ایک نفری کو پل بنانے کے کام پر زبردستی مامور کیا جاتا ہے۔قید میں ہونے کے باوجود انگریز کمانڈر کچھ شرائط پر پل بنانے کی حامی بھرتا ہے۔فلم کا اختتام ڈرامائی اورعکس بندی نہایت مہارت سے کی گئی ہے۔
3 ۔The Apartment (1960)
1960 ءکا آسکر انعام پانے والی یہ خوبصورت فلم بلیک اینڈ وائٹ دور کی آخری فلم بھی کہی جا سکتی ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسے کنوارے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنا ایک کمرے کا فلیٹ اپنے دفتر میں کام کرنے والے شادی شدہ، ا علیٰ افسران کی خوشنودی حاصل کرنے اور ان کی’غیر ازدواجی سرگرمیوں‘ کو خفیہ رکھنے کے لئے ، چشم ماروشن دل ما شاد کے تحت مہیا کرتا ہے۔کہانی اس وقت ڈرامائی موڑ اختیار کرتی ہے جب اس کوپتا چلتا ہے کہ اس کے دفتر میں کام کرنے والی لڑکی جسے وہ پسند کرتا ہے وہ بھی اس کے فلیٹ پر کسی کے ساتھ آئی تھی۔
4 ۔ Patton (1970)
جنگ عظیم دوم کے دوران نازی جرمن فوج کے خلاف برسر پیکار امریکی فوج کے ایک شہرت یافتہ اور متنازع جنرل پیٹن کی زندگی پر بننے والی یہ فلم 1970 ءمیں آسکر انعام کی حق دار قرار پائی۔فلم میں جنرل پیٹن کی” سیماب صفت اور منہ پھٹ شخصیت“کی شاندار عکاسی کی گئی ہے۔فلم کا آغاز جنرل پیٹن کے مختلف اقوال اور اقتباسات سے تیار کردہ تقریبا ًساڑھے سات منٹ پر مشتمل تقریر سے ہوتا ہے جو بلاشبہ سننے ( اوردیکھنے) کے لائق ہے۔
5 ۔ Rocky (1976)
1976ءکی آسکر انعام یافتہ یہ فلم سلوسٹر سٹالن نے محض تین دن میں تحریر کی۔اس فلم کے بعدتقریباً پانچ فلمیں اسی مرکزی خیال کے گرد بنیں۔ تاہم بہترین فلم کا آسکر انعام صرف اسی کے حصے میں آیا۔ فلم کی کہانی ایک ایسے غیر معروف باکسر کے گرد گھومتی ہے جو نہ چاہتے ہوئے اپنے وقت کے ہیوی ویٹ چیمپئن کو چیلنج کر بیٹھتا ہے۔آخری لڑائی کی تیاری، لڑائی سے قبل ہیرو کی سوچ بچار اور ذہنی کیفیات اور اختتامی لڑائی فلم کو یادگار بنا دیتی ہیں۔
6 ۔ SCHIENDLIER LIST (19993)
ہولوکاسٹ ہالی ووڈ کی فلموں کا ایک پسندیدہ موضوع رہا ہے اور اس پر بہت سی قابل دید فلمیں بنی ہیں۔تاہم اس حوالے سے(1993) List Schiendlier کی آسکر انعام یافتہ سے بہتر فلم شاید ہی کبھی بنی ہو۔ جرمن نازی دور میں ایک تاجر اپنا اثر و رسوخ اور ذہانت اس بات پر صرف کرتا ہے کہ پولینڈ کے غریب اور بے کس یہودیوں کو کس طرح بچایا جائے۔فلم بلیک اینڈ وائٹ ہے ماسوائے کچھ مناظر کے جن میں لال کوٹ میں ملبوس چھوٹی بچی پر فلمایا گیا سین یادگار ہے۔
7 ۔BEAUTY (1999) AMERICAN
1999 ءکی آسکر انعام یافتہ یہ فلم مزاح کے رنگ میں ڈھلی ایک اوسط درجے کی فلم ہے۔فلم کا مرکزی کردار ایک ایسے شوہرسے متعلق ہے جو اپنی بیوی کے رویے پر شاکی ہے اور اپنی بیٹی کی سہیلی پر فریفتہ ہوجاتا ہے۔فلم کا اختتام یقیناً چونکا دینے والا ہے۔بلاشبہ فلم میں کچھ متنازع مناظر ہیں جن پر حسب ذائقہ احتیاط کی ضرورت ہے۔
8 ۔ CHICAGO (2002)
آسکر انعام پانے والی یہ میوزیکل فلم دو ایسی سٹیج پرفارمرز کے گرد گھومتی ہے جو جیل میں قید ہیں اور آزادی اور شہرت پانے کے لئے کسی بھی حد کو پار کرسکتی ہیں۔ وہ حضرات جن کو مغرب کی موسیقی خاص طور پر میوزیکل فلموں سے آشنائی کم ہو ان کے لئے یہ فلم ایک بھرپور بصری اور صوتی تجربہ ہے۔فلم کی دونوں شہرت یافتہ ہیروئنز کی اداکاری بھی شاندار ہے اور عکس بندی بھی خوب کی گئی ہے۔
9 ۔ Million Dollar Baby (2004)
2004 ءمیں بہترین فلم کا آسکر انعام پانے والی یہ فلم بھی با کسنگ ہی کے موضوع پرہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی پر عزم لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو باکسنگ کی دنیا میں اپنا مقام پیدا کرنا چاہتی ہے۔فلم کا چونکا دینے والا حصہ وہاں سے شروع ہوتا ہے جب لڑکی ایک اہم مقابلے میں زخمی ہو جاتی ہے۔
10 ۔SLUMDOG MILLIONAIRE (2008)
2008 ءکی آسکر انعام یافتہ فلم کی کہانی ایک ایسے ہندوستانی لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو ایک ٹی وی شو میں بھاری انعامی جیتنے کے قریب پہنچ جاتا ہے۔فلم میں اداکاری سطحی طرز کی ہے تاہم کہانی اورموسیقی جاندار ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments