لیزا شا: بی بی سی کی پریزینٹر کی موت میں کووڈ ویکسین کے کردار کی تفتیش کی جائے گی


Lisa Show

برطانیہ میں ایک سرکاری طبی افسر بی بی سی کی 44 سالہ پریزینٹر لیزا شا کی حالیہ موت کے بعد اس بات کی تفتیش کرے گا کہ ان کی موت میں کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے دینے والی آکسفورڈ ایسٹرازینیکا ویکسین کا کوئی کردار تو نہیں تھا۔

بی بی سی کی پریزینٹر کے خاندان کی جانب سے کہا گیا ہے ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد انھیں خون گاڑھا ہونے کی شکایت تھی جس کے حوالے سے ان کا علاج جاری تھا۔

برطانیہ میں صحت سے متعلق مصنوعات کے نگراں ادارے میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پراڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (ایم ایچ آر اے) کا کہنا ہے کہ ایسٹرازینیکا ویکسین کے فوائد اس کے نقصانات کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔

لیزا شا کی 21 مئی کو موت واقع ہوئی تھی۔ ان کی موت کے بعد جاری کیے گئے عبوری ڈیتھ سرٹیفیکٹ میں ویکسین کے استعمال کو موت کی ممکنہ وجوہات میں شامل کیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے خون گاڑھے ہونے کے حوالے سے مزید پڑھیے

یورپی یونین نے آکسفورڈ ایسٹرا زینیکا کو محفوظ قرار دے دیا

برطانیہ: ایسٹرا زینیکا ویکسین لینے کے بعد ’بلڈ کلاٹنگ‘ سے سات اموات کی تصدیق

کورونا کے مریضوں میں ’بلڈ کلاٹ‘ کے ممکنہ علاج پر سب کی نظریں

کورونا وائرس اس قدر مہلک کیوں ہے؟

بی بی سی نے نیو کاسل کے سینئیر طبی افسر کیرن ڈلکس کی جانب سے جاری کیے گئے عبوری ڈیتھ سرٹیفیکٹ کو دیکھا ہے۔

اس سرٹیفیکٹ کے مطابق لیزا شا کی موت کی تفتیش کی جائے گی اور اس میں ‘ایسٹرازینیکا ویکسین سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں’ کا باعث خدشات کے طور پر ذکر کیا گیا ہے۔

البتہ اس سرٹیفیکٹ میں حتمی طور پر موت کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے اور وہ اس وقت تک نہیں بتائی جائے گی جب تک کہ تفتیش مکمل نہ ہو جائے۔

بی بی سی ریڈیو سے منسلک پریزنٹر لیزا شا کی صحت پر پہلے سے کوئی خدشات نہیں تھے۔

ان کے خاندان کے جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا: ‘ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے ایک ہفتے بعد لیزا نے شدید سر درد کی شکایت کی اور چند دن بعد سخت بیمار ہو گئیں۔ اس کے بعد ان کا رائل وکٹوریا انفرمری ہسپتال میں انتہائی نگہداشت وارڈ میں خون گاڑھا ہونے اور سر میں خون بہنے کا علاج کیا جا رہا تھا۔’

خاندان کے بیان میں مزید کہا گیا: ‘لیکن بدقسمتی سے جمعے کی دوپہر وہ فوت ہو گئیں اور اس وقت ان کے گھر والے ان کے ساتھ موجود تھے۔ ہم سب بہت صدمے کا شکار ہیں اور ہماری زندگی میں ان کے جانے سے بہت بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو کہ کبھی بھی پُر نہیں ہو سکتا۔ ہمیں ہمیشہ ان سے پیار کرتے رہیں گے اور انھیں یاد کرتے رہیں گے۔’

برطانوی نگراں ادارے ایم ایچ آر اے کے ترجمان نے لیزا شا کی موت پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موت کی خبر سننے کے بعد وہ بہت افسردہ ہیں اور ان کے گھر والوں کے ساتھ نیک خواہشات ہیں۔

‘کسی بھی شدید رد عمل کی شکایت آنے اور موت ہو جانے کی خبر پر ہمارا ادارہ مکمل طور پر تفتیش کرتا ہے اور جہاں ممکن ہو، پوسٹ مارٹم رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیتا ہے۔ ہم ان کے خون گاڑھا ہونے کی خبر کا تفصیل سے اور گہرائی میں جائزہ لیں گے۔’

ادارے کے ترجمان نے یہ واضح کیا کہ ویکسین کے بعد خون گاڑھا ہونے کی شکایات کی تعداد ‘انتہائی قلیل’ ہے۔

لیزا شا نے 2016 میں بی بی سی ریڈیو نیو کاسل میں بحیثیت پریزینٹر نوکری شروع کی تھی۔ انگلینڈ کے شمال مشرقی علاقوں میں ان کی آواز بہت مشہور تھی اور اس سے قبل کمرشل ریڈیو میں بھی انھوں نے کامیاب کرئیر گزارا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32494 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp