نریندر مودی کو مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کی للکار: 'مسٹر من کی بات پرائم منسٹر، آپ ہم کو ڈرا نہیں سکتے'

مرزا اے بی بیگ - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی


خلیج بنگال میں اٹھنے والا 'یاس' نہ صرف مشرقی ساحلی علاقوں میں طوفان کا سبب بنا بلکہ اس نے مغربی بنگال کی ریاستی حکومت اور انڈیا کی مرکزی حکومت کو ایک بار پھر آمنے سامنے کر دیا ہے اور اس مشرقی ریاست کی وزیر اعلی نے گذشتہ روز ملک کے وزیر اعظم کو کھلا چیلنج دے دیا۔

ممتا بنرجی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کو زحاتب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ‘مجھے خوفزدہ نہیں کر سکتے، کبھی بھی نہیں۔’

اس کے بعد سے انڈیا میں سوشل میڈیا پر ‘بنگالی پرائم منسٹر’ ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔

پیر کی شام کو ممتا بنرجی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا: ‘مسٹر پرائم منسٹر، مسٹر بزی پرائم منسٹر، مسٹر من کی بات پرائم منسٹر، آپ ہم کو ڈرا نہیں سکتے۔ نیور ایور’ (جنابِ وزیراعظم، جنابِ مصروف وزیراعظم، جنابِ من کی بات وزیراعظم، آپ ہم کو ڈرا نہیں سکتے۔ کبھی بھی نہیں)۔

یہ بھی پڑھیے

مغربی بنگال کی ’دیدی‘ جن کے مخالفین بھی ان کی سادگی کے معترف ہیں

ممتا بینرجی کی واحد ’غیر متوقع‘ شکست اور بی جے پی کی انا کی جنگ

جس کا نام لینا گوارا نہیں تھا ’وہ عورت‘ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کیسے بنی؟

انھوں نے ان تمام ریاستوں سے اپیل کی جہاں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے کہ وہ ساتھ آئیں اور ان کی لڑائی میں شامل ہوں۔ اور تو اور، ممتا نے تو تمام سرکردرہ رہنماؤں، آئی اے ایس افسروں اور این جی اوز سےبھی اس مہم میں ان کا ساتھ دینے کی اپیل کی ہے۔

ممتا بنرجی نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اپنی شکست کو ہضم نہیں کر پا رہی اور وہ بدلے کی کارروائی کر رہی ہے۔ جبکہ بی جے پی یا وزیر اعظم مودی کی جانب سے اس کے متعلق ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اصل معاملہ کیا ہے؟

دراصل سمندری طوفان ’یاس‘ کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم مودی نے جمعے کو مغربی بنگال کے ویسٹ مدناپور ضلعے کے ایئرفورس بیس میں ایک میٹنگ بلائی تھی، جس میں ریاست کے چیف سیکریٹری آلاپن بندوپادھیائے غیر حاضر رہے جبکہ وزیر اعلی ممتا بنرجی دیر سے پہنچیں۔

کولکتہ سے صحافی پربھاکر منی ترپاٹھی بتاتے ہیں کہ اس کے بعد انتظامی اور سیاسی حلقوں میں یہ موضوع بحث بن گیا۔ اگرچہ حکمران جماعت بی جے پی نے اسے انتظامی معاملہ بتا کر کنارہ کشی اختیار کر لی لیکن پارٹی نے ممتا بنرجی اور چیف سیکریٹری پر پروٹوکول کی خلاف ورزی اور وزیر اعظم کی بےعزتی کرنے کے الزمات لگائے۔

تاہم ممتا بنرجی نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ یہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی کی میٹنگ نہیں تھی کیونکہ اس میں دوسرے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا، اس لیے پروٹوکول توڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جبکہ اس کے بعد چیف سیکریٹری کو 28 مئی کو ایک خط بھیجا گیا جس میں انھیں 31 مئی تک دہلی میں رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا۔

لیکن ممتا بنرجی نے موجودہ صورت حال کا حوالہ دیتے ہوئے انھیں رخصت دینے سے انکار کر دیا اور مرکز کے نام ایک خط میں لکھا کہ حکم نامے پر دوبارہ غور کیا جائے۔

واضح رہے کہ آلاپن بندوپادھیائے کو 31 مئی کو ریٹائر ہونا تھا لیکن کورونا وبا اور یاس طوفان کے خطرات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ان کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کی درخواست دی تھی جسے 24 تاریخ کو قبول کر لیا گیا۔

لیکن بدلے ہوئے منظرنامے میں آلاپن بندوپادھیائے کو گذشتہ روز 31 مئی کو ہی ریٹائر قرار دیا گیا اور انھیں فوراً تین سال کے لیے وزیر اعلی کا مشیر مقرر کر دیا گیا۔

مبصرین کا خیال ہے کہ یہ ریاست اور مرکز کے درمیان سیدھا ٹکراؤ ہے اور مرکز اس بات کو آسانی سے جانے نہیں دے گی۔

چنانچہ اس کے بعد شام کو مرکز کی جانب سے چیف سیکریٹری کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جس میں اس بات کی وضاحت طلب کی گئی کہ وہ یاس طوفان کے حوالے سے ہونے والی وزیر اعظم کی میٹنگ سے کیونکر غیر حاضر رہے۔

بہر حال، گذشتہ روز کی ممتا بنرجی کی پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پر گرما گرم مباحثہ نظر آیا اور ہیش ٹيگ ‘بنگالی پرائم منسٹر’ کے ساتھ ممتا بنرجی ٹرینڈ کرنے لگيں۔

معروف صحافی مرنال پانڈے نے ایک تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے اسے کھیلا-2 کہا۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ دو مئی کو اسمبلی انتخابات کے نتائج میں ممتا بنرجی نے توقعات کے برخلاف تاریخی کامیابی حاصل کی تھی اور بی جے پی کو ہزیمت کا سامنا رہا تھا۔

اس سے قبل انتخابات کے دوران ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے زوردار مقابلے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا ‘کھیلا ہوبے’ اور اسی نسبت سے مرنال پانڈے نے اس مقابلے کو ‘کھیلا-2’ کا نام دیا ہے۔

https://twitter.com/MrinalPande1/status/1399343316882268161

بہر حال ممتا بنرجی نے اپنی پریس کانفرنس میں بالی وڈ کی معروف فلم ‘شعلے’ کا معروف ڈائیلاگ ‘جو ڈر گیا سو مرگیا’ کو اپنے انداز میں پیش کرتے ہوئے کہا ‘جو ڈرتے ہیں، وہ مرتے ہیں۔۔۔ اور میں ڈرنے والی نہیں۔’ خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے مرکز پر ہٹلر اور سٹالن جیسے آمر کی طرح سلوک کا الزم بھی عائد کیا ہے۔

معروف وکیل اور سرگرم سماجی کارکن پرشانت بھوشن نے ممتا بنرجی کی پریس کانفرنس کا ایک کلپ شيئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘من کی بات کے وزیر اعظم پر بنگال کی شیرنی کی دہاڑ’۔

https://twitter.com/pbhushan1/status/1399540829178327045

اس ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے ممتا بنرجی کے حامیان نے لکھا ہے کہ ‘انڈیا کو اسی دہاڑ کی ضرورت ہے۔’

بھیمو بھائی نامی ایک صارف نے لکھا ہے کہ ‘خواتین کی حفاظت، سیکورٹی اور انھیں بااختیار بنانا ہماری ترجیحات ہیں اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ ممتا بنرجی ملک کی قیادت کریں۔’

جبکہ منو باجپئی نے لکھا: ‘مجھے آج بھی یاد ہے جب وہ مودی مخالف ریلی میں لکھنؤ آئی تھیں تو لوگ کہہ رہے تھے کہ بنگال سے پاگل آئی ہے۔ وہ نندی گرام میں ہار چکی ہیں اور پھر بھی سوچتی ہیں کہ اک دن نریندر مودی کو شکست دیں گی۔ مجھے بھی اس طرح کا کانفیڈنس لیول چاہیے۔‘

اسی طرح ایک صارف نے بنگالی پرائم منسٹر ہیش ٹیگ کا مذاق اڑاتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ‘یہ صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے۔’

ترنمول کانگریس سے رکن پارلیمان مہوا موئترا نے بنگال کے چیف سیکریٹری کے ریٹائرمنٹ اور چیف ایڈوائزر بنائے جانے کی خبر کی ایک شہ سرخی کو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ‘شہ اور مات’

دیبرتا بھٹاچاریہ نامی ایک صارف نے لکھا: ‘کالی گھاٹ کی کچی آبادی سے اٹھنے والی ایک خبطی عورت نے بی جے پی کے خلاف جنگ کی رہنمائی کی۔ گلیوں میں لڑائی سے لے کر بیلٹ کی لڑائی تک، گولی کھانے سے لے کر حزب اختلاف کی تنقید تک ممتا نے سب کچھ دیکھا ہے۔ اب ایک بنگالی کے وزیر اعظم بننے کا وقت آ گیا ہے۔’

سمرپن چٹرجی نے لکھا کہ ‘جملہ نہیں، انڈیا کو مجموعی ترقی چاہیے سنہ 2024 میں وزیر اعظم دیدی چاہیے۔’

ماہی نامی ایک صارف نے لکھا: ‘بی جے پی اور مودی کو سنہ 2024 تک زبردست دباؤ میں رکھنے کے لیے ایک خاتون کافی ہے۔’

بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ بنگال نے انڈیا کو کئی معاملے میں رہنمائی کی ہے اور اب بنگالی وزیر اعظم کا وقت ہے۔ اسی ضمن میں راہل نیندی نے لکھا: ‘بنگال نے ملک نیتا جی (سبھاش چندر بوس) جیسی عظیم شخصیت دی، ملک کو پہلا نوبل (انعام یافتہ) دیا، بہت سے معاملے میں بنگال نے سب کو راہ دکھائی۔ ہم سنہ 2024 میں بنگال کا راستہ دکھائیں گے۔ بی جے پی کو ہٹانے کا راستہ۔ بنگال بی جے پی کو آنے والے پارلیمانی انتخابات میں شکست دے گا۔’

ایک مقامی رہائشی نے بی بی سی کو بتایا کہ ممتا بنرجی نے مرکز کی حکم عدولی کر کے نہ صرف وفاق کو چیلنج کیا ہے بلکہ بیوروکریسی کو ایک پیغام دیا ہے کہ ان کی لیڈر ان کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ ممتا نے گذشتہ روز یہ بھی کہا کہ جس طرح سے مرکز نے ان کے چیف سیکریٹری کو دہلی طلب کیا ہے اگر اسی طرح مغربی بنگال اپنے اپنے بنگال کیڈر یعنی بنگال کے اعلی افسران کو مرکز سے ریاست میں طلب کرلے تو کیا ہوگا۔

ان تمام انتظامی ضابطے کی کارروائیوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ آنے والے دنوں میں ریاست مغربی بنگال کے مرکز سے رشتے مزید تلخ ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32485 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp