ذہنی صحت کی بحالی میں مدد کے لیے لایا گیا کتا موت کی وجہ بن گیا


برطانیہ میں ایک 21 سالہ لڑکی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اُن کی ذہنی صحت کا خیال رکھنے کے لیے خریدے گئے کُتے نے ہی اُن کی جان لے لی ہے۔ یہ کتا ان کا بھائی اُن کے لیے خرید کر لایا تھا۔

یاد رہے کہ کیرا لیڈلو کو اپنے بھائی کے برمنگھم میں واقع گھر کے لاؤنج میں منہ کے بل گرا ہوا پایا گیا تھا جبکہ اُن کا سٹیفورڈ شائر بُل ٹیریئر کتا دوسری جانب ایک کونے میں سہما ہوا بیٹھا تھا۔

اُن کے بھائی کیڈن بیرٹ نے کہا کہ وہ کتے کے مزاج سے ہمیشہ خوش تھے مگر اب اُنھیں ‘بے پناہ ندامت محسوس ہو رہی ہے۔’ برمنگھم شہر کی اسسٹنٹ کرونر ریبیکا اولیویئر نے بتایا کہ لیڈلو کی فروری میں ہلاکت متعدد زخموں کی وجہ سے ہوئی تھی۔

شہر کے کرونر کورٹ کو جمعرات کو بتایا گیا کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کی وجہ سے سن بیم وے میں واقع اپنے بھائی کے گھر میں ٹھہری ہوئی تھیں۔

ڈاکٹر سید فیصل حق نے اپنے تحریری بیان میں کہا کہ وہ ایموشنل انسٹیبل پرسنیلٹی ڈس آرڈر سے متاثر تھیں اور اُنھیں اینگزائٹی سے نمٹنے کے لیے اینٹی ڈپریسنٹ تجویز کی گئی تھی۔

اُن کے بھائی کیڈن بیرٹ نے گوچی نامی اس کتے کو اکتوبر میں اپنا لیا تھا۔ اس کے سابق مالکان اسے نکال رہے تھے کیونکہ اس نے اُن کے ہی ایک کتے کو کاٹ لیا تھا۔ کیڈن نے بتایا کہ کتا اچھی طرح ‘گھل مل’ رہا تھا اور اُن کی بہن اور اُن کے ساتھ دوست بن گیا تھا۔

اپنی موت سے ایک رات قبل لیڈلو نے اپنے بھائی کو بتایا کہ اُنھیں لگتا ہے کہ کتا اُنھیں کاٹ لے گا لیکن کیڈن نے کہا کہ شاید اُن کی بہن نے اپنی دوائی نہیں لی ہے وہ اس لیے ایسا سوچ رہی ہیں، اور یہ کہ اُس نے ایسا کچھ نہیں دیکھا جس سے معلوم ہو کہ کتا کاٹنے کے موڈ میں ہے۔

وہ پانچ فروری کو اپنی بہن اور گوچی کو سوتا چھوڑ کر ملازمت پر چلے گئے مگر جب وہ دوپہر دو بجے واپس آئے تو اُنھوں نے دیکھا کہ اُن کی ‘بے جان’ بہن لاؤنج کے فرش پر ‘خون میں لت پت’ پڑی ہیں۔

‘ہمیشہ اُس کی حفاظت کی’

کیڈن کہتے ہیں کہ ‘میں فوراً گھبرا گیا اور مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا کرنا چاہیے۔ اُنھوں نے پولیس کو فون کیا اور بتایا کہ اُن کے کتے نے اُن کی بہن پر حملہ کر کے اُنھیں مار دیا ہے۔

پولیس کانسٹیبل سیم احمد نے کرونر کورٹ کو بیان میں کہا کہ پڑوسیوں نے دوپہر 10 سے 11 کے بیچ میں ایک کتے کو بھونکتے اور ایک خاتون کو سیڑھیوں سے اوپر بھاگتے ہوئے سنا تھا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ گوچی کو ضبط کر کے اسے رحمدلانہ انداز میں مار دیا گیا ہے۔

کیڈن نے کہا: ‘میں نے ہمیشہ اُس کی حفاظت کی ہے۔ میں اُس دن اسے بچانے کے لیے کچھ نہیں کر سکتا تھا لیکن تب بھی مجھے اپنا آپ ذمہ دار محسوس ہوتا ہے۔’

گھریلو کتے کے باعث کیرا لیڈلو کی موت کے بارے میں خلاصپ پیش کرتے ہوئے ریبیکا اولیویئر نے کہا: ‘کوئی یہ کبھی نہیں جان سکے گا کہ یہ اندوہناک تبدیلی کیوں آئی’ اور اُنھوں نے کتے کو ہلاک کر دینے کے فیصلے کو صحیح قرار دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp