امریکہ، تائیوان کو کووڈ ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں مہیا کرے گا


18جون کو کووڈ 19 کے خلاف ویکسین کی تائیوان ایئر کارگو پر ترسیل فوٹو: رائٹرز
ویب ڈیسک — امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ تائیوان کو کرونا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں فراہم کر رہا ہے۔
ویکسین کی یہ تعداد اس سے پہلے اعلان کردہ ساڑھے سات لاکھ خوراکوں سے کہیں زیادہ ہے۔

تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے اضافی ویکسین کا مہیا کرنا دوستی کی علامت ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے وعدہ کیا تھا کہ امریکہ دنیا بھر میں کرونا کی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے کروڑوں کی تعداد میں ویکسین کی خوراکیں مہیا کرے گا۔

امریکہ کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار تک کرونا وبا نے دنیا بھر میں 17 کروڑ اسی لاکھ افراد کو متاثر کیا ہے اور اب تک تقریباً 40 لاکھ اموات ہو چکی ہیں۔

دنیا بھر میں اب تک کرونا سے بچاؤ کے لیے دو ارب سے زائد افراد کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔

اتوار کو کرونا وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ملک بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 58 ہزار افراد میں کرونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

بھارت میں اب تک کرونا وبا کے تین کروڑ کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ دنیا میں صرف امریکہ میں بھارت سے زیادہ کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں جن کی تعداد تین کروڑ 35 لاکھ ہے۔

امریکہ کے علاوہ برازیل دوسرا ایسا ملک ہے جہاں پانچ لاکھ سے زیادہ افراد اس مہلک وبا کے ہاتھوں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

درین اثنا برطانیہ نے وبا کے پھوٹنے کے بعد پہلی بار موسیقی کا ایونٹ منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔ سینٹرل انگلینڈ کے دوننگٹن پارک میں ایک تین روزہ ایونٹ میں تقریباً 10 ہزار شائقین نے شرکت کی جس میں برطانیہ کے 40 بینڈز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

تمام شرکا کے لیے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ تاہم منتظمین کے مطابق چہرے پر ماسک اور سماجی فاصلے رکھنے کی بندشیں ختم کر دی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں کووڈ 19 سے ایک لاکھ 28 ہزار اموات ہوئی ہیں جب کہ اب تک 46 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کرونا وائرس کی پابندیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ چار ہفتوں کے لیے 21 جون تک مؤخر کر دیا تھا۔ برطانیہ اس وقت کرونا وائرس کی قسم ‘ڈیلٹا’ سے نبرد آزما ہے۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments