دنیا کے سب سے بڑے جہاز نے کراچی ائیرپورٹ پر 21 گھنٹے کیوں گزارے؟


نٹونوف اے این 225
تین سال کے بعد دنیا کا سب سے بڑا طیارہ انٹونوف اے این 225 ایک بار پھر کراچی کے جناح انٹرنیشل ایئرپورٹ پر بدھ کی صبح کو اترا جہاں تقریباً 21 گھنٹے گزارنے کے بعد جمعرات کی صبح ساڑھے آٹھ بجے اس نے برطانیہ کی رائل ائیر فورس (آر اے ایف) کے اڈے کی طرف جانے کے لیے اڑان بھری۔

انٹونوف ہوائی کمپنی کا بنایا ہو اے این 225 مریا (جس کا یوکرینین زبان میں مطلب خواب) ہے دنیا کا سب سے بڑا اور اپنی نوعیت کا واحد طیارہ ہے۔

سویت یونین میں انٹونوف ڈیزائن بیورو کا تیار کردہ یہ عظیم الجثہ طیارہ چھ انجنوں کی مدد سے چلتا ہے اور اس میں ڈھائی لاکھ کلوگرام وزن لے جانے کی صلاحیت ہے۔

سنہ 1988 میں مکمل کیے جانے والے اس طیارے کی لمبائی 84 میٹر ہے اور 18.1 میٹر اونچے اس جہاز کے بارے میں اس کی کمپنی انٹونوف ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ 242 عالمی ریکارڈ کا مالک ہے۔

یہ طیارہ کراچی کیوں آیا تھا؟

افغانستان میں امریکی اور ناٹو فوجوں کے انخلا کے آغاز کے بعد انٹونوف کمپنی کی متعدد پروازیں فوجی سازو سامان لے جانے افغانستان آئی ہیں جس کے لیے اے این 225 سے حجم میں کچھ چھوٹے اے این 124 استعمال کیے جا رہے ہیں۔

خبروں کے مطابق اسی سلسلے میں 22 جون کو اے این 225 یوکرین سے کابل روانہ ہوا جہاں سے وہ برطانیہ کی رائل ایئر فورس کے تین ہیلی کاپٹر لے کر بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی پہنچا۔

جہاز میں ری فیولنگ اور عملے کے سستانے کے باعث کراچی میں تقریباً 21 گھنٹے قیام کے بعد جمعرات کی صبح یہ طیارہ برطانیہ میں آر اے ایف کے برائز نارٹن اڈے کی جانب روانہ ہو گیا۔

نٹونوف اے این 225

واضح رہے کہ مئی میں انخلا کے اعلان کے بعد سے کراچی اور اسلام آباد میں افغانستان سے فوجی سازو سامان سے لدی پروازوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے جس کے لیے انٹونوف کمپنی کے اے این 225 اور اے این 124 استعمال کیے جا رہے ہیں۔

گذشتہ برس کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگست میں کمپنی نے اے این 225 کی فلائٹس کو عارضی طور پر بند کر دیا تھا تاہم اس سے قبل اس طیارے نے مختلف ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے امدادی سامان پہنچانے کے لیے کئی پروازیں کی تھیں۔

تین برس قبل بھی انٹونوف اے این 225 نے کراچی میں اپریل 2018 میں ری فیولنگ کی غرض سے ہنگامی لینڈنگ کی تھی جب وہ سری لنکا سے سعودی عرب جا رہا تھا۔

نٹونوف اے این 225

سوشل میڈیا پر رد عمل

انٹونوف ائیرلائنز تو مشہور ہی ہے اپنے بڑے بڑے کارگو جہازوں کے لیے لیکن جب بات اے این 225 کی ہو تو اس طیارے کے شائقین کا جوش مزید بڑھ جاتا ہے۔

برائز نارٹن میں موجود ایک صارف اینڈریا ہریبانووا نے لکھا کہ ‘دنیا کے سب سے بڑے جہاز جس کے پروں کا سائز ایک فٹبال کے میدان جتنا بڑا ہے، کا انتظار ہو رہا ہے۔’

https://twitter.com/andreah1306/status/1408047757613469696

شو بز سیلیبرٹی اور پائلٹ فخر عالم نے بھی اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ‘اے این 225 کو دیکھنا بہت زبردست ہے۔ پاکستان خوش آمدید، مریا آپ بہت خوبصورت ہیں۔’

https://twitter.com/falamb3/status/1407984908744679424

اسی طرح ایک اور صارف عامر خانزادہ لکھتے ہیں کہ ‘آج کراچی کو موقع ملا اے این 225 کی میزبانی کرنے کا۔ کیا خوبصورتی ہے!’

https://twitter.com/Aamer_Khanzada/status/1407736984383205385

جہازوں کی پروازوں کے بارے میں معلومات دینے والی ویب سائٹ فلائٹ 24 نے بھی لکھا کہ اے این 225 پاکستان میں تکنیکی سٹاپ کے بعد ایک بار پھر افغانستان کے سفر کی جانب گامزن ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp