ہم باعزت اداکارائیں ہیں کوئی جسم فروش نہیں: مریم نفیس


پاکستان کی نوجوان اداکارہ مریم نفیس کو ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنے دوست سے ملاقات کے لیے پیسوں کی پیشکش کی ہے جس پر اداکارہ برس پڑیں۔

مریم نفیس نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فہد خان نامی صارف کے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں فہد خان نے پیش کش کی کہ’اگر آپ میرے دوست سے ایک ملاقات کرلیں تو میں آپ کو تین لاکھ روپے کیش دوں گا۔‘

مریم نفیس نے صارف کے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اس گندگی کو ختم کرنا چاہتی ہوں، میں نہیں جانتی کہ اس غیر اخلاقی حرکت کا ذمہ دار کون ہے اور وہ کون سے لوگ ہیں جو ان جیسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’مجھ سمیت دیگر اداکارائیں 12 گھنٹے یا اس سے زائد گھنٹے باعزت طریقے سے روزانہ کام کرتی ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہم اس طرح کی گندی ذہنیت کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں، ہم عزت دار اور تعلیم یافتہ گھرانوں سے تعلق رکھتے ہیں اور ہم ہرگز کسی بھی شخص کو اپنی بےحرمتی اور بےعزتی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘ مریم نفیس نے مزید لکھا کہ ’ہم باعزت اداکارائیں ہیں کوئی جسم فروش نہیں ہیں۔‘

Facebook Comments HS