پاکستان بمقابلہ انگلینڈ: تیسرے ون ڈے میں بابر اعظم کی 158 رنز کی شاندار اننگز، انگلینڈ کو جیت کے لیے 332 رنز کا ہدف


 

بابر اعظم

انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 332 رنز کا ہدف دیا ہے۔

پاکستان کے اوپنر بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی 14ویں سنچری مکمل کی اور 139 گیندوں پر 14 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 158 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں انگلینڈ پہلے ہی 2-0 سے یہ سیریز اپنے نام کر چکا ہے۔

برمنگھم میں جاری سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستانی ٹیم کے اوپنر امام الحق نے پہلی ہی گیند پر چوکے کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ امام الحق اور فخر زمان، دونوں نے مل کر سکور کو 21 تک پہنچایا لیکن پھر فخر زمان صرف چھ رنز بنانے کے بعد ثاقب محمود کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم آئے اور دونوں نے مل کر 92 رنز کی شراکت قائم کی۔ امام الحق 56 رنز بنانے کے بعد میٹ پارکنسن کی گینٹ پر آؤٹ ہو گئے۔

امام الحق کے بعد بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں نے 20 اووروں سے کم میں 179 رنز کی شراکت قائم کی۔

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست، انگلینڈ نے سیریز 0-2 سے اپنی نام کر لی

سمیع چوہدری کا کالم: ’یہ شکست نہیں، یہ نری حماقت ہے‘

بابر اعظم کی ‘بادشاہت’ کا جشن

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب محمد رضوان 58 گیندوں پر 74 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد آنے والے کھلاڑی سکور میں کوئی خاطر خواہ اضافہ نہ کر سکے اور صہیب مقصود آٹھ، حسن علی چار اور فہیم اشرف صرف 10 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن پویلین لوٹ گئے۔

لیکن بابر اعظم بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور میں 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 158 رن بنانے کے بعد بریڈن کارس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے بریڈن کارس نے پاکستان کے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp