دھوکہ دہی کا تریاق بنیں، اس کا شکار نہیں!


بہت ہی آسان سا کام ہے۔ کسی کی تصویر لی، نام لیا اور جعلی اکاؤنٹ بنا لیا۔ پھر جس شخص کے نام سے جعلی اکاؤنٹ بنایا ہے، اس کے دوستوں عزیزوں کو میسجز بھیج کر پیسے مانگ لیے کہ چلو سب نہ سہی کوئی ایک آدھ شکار تو پھنس ہی جائے گا۔ جعلی اکاؤنٹ والے کا مکر اپنی جگہ لیکن زیادہ افسوس اس صورت حال میں شکار بننے والے بیوقوف پہ ہوتا ہے۔

آپ کو سوشل میڈیا پہ اپنے کسی دوست عزیز کا میسج آئے اور اس میسج میں کوئی مطالبہ یا خلاف توقع بات ہو تو سب سے پہلے اس اکاؤنٹ کی شناخت کی تصدیق کیا کریں کہ کہیں یہ کوئی دھوکہ دہی تو نہیں۔ تصدیق کرنا تو بہت آسان ہے، جس دوست عزیز کا اکاؤنٹ بنا ہو اس کے ذاتی نمبر پہ فون کر لیں۔ قریب ہے تو اس سے مل کر تصدیق کر لیں۔ کسی مشترکہ دوست عزیز کے ذریعے تصدیق کروا لیں۔

یا میسج بھیجنے والے سے یہی پوچھ لیں کہ اس سے آپ کی آخری یا پہلی ملاقات کب اور کہاں ہوئی تھی۔ اس میں کیا بات چیت ہوئی۔ یا کوئی بھی ایسی بات جو آپ کے اور اس متعلقہ عزیز کے علم میں ہو اور کسی باہر کے فرد کے علم میں ہونے کے امکانات نہ ہوں۔ جب بھی کسی دوست عزیز کے اکاؤنٹ سے ایسا میسج آئے جو اس دوست عزیز کے مزاج، فطرت یا رویے سے مختلف ہو تو فوراً احتیاط کا دامن تھام لیا کریں۔

یہ بھی لازمی نہیں کہ جعلی اکاؤنٹ ہی ایسا کرے، اب تو اصل اکاؤنٹ کے ہیک ہونے میں بھی دیر نہیں لگتی۔ اس لیے سوشل میڈیا پہ کسی کا میسج دیکھ کر اسے تصدیق کے بغیر کبھی پیسے مت بھیجیں، تصدیق کے بغیر کسی عجیب یا مختلف بات پہ یقین مت کریں۔

مکار لوگوں کے مکر کا شکار بن کر اپنے بیوقوف ہونے کا ثبوت مت پیش کریں۔ سوشل میڈیا پہ دھوکہ دہی بہت آسان کام ہے، ایسے دھوکے سے بچنے کا آسان طریقہ احتیاط اور ضرورت پڑنے پہ تصدیق ہیں۔ ان کا استعمال کبھی بھولیں۔ اور اگر خدانخواستہ ایسا کوئی دھوکہ دہی والا معاملہ پیش آ جائے مثلاً آپ کے کسی دوست عزیز کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ سے اچانک پیسوں کا مطالبہ کیا جانے لگے تو فوراً دھوکہ دینے والے کو اس بات کا احساس مت ہونے دیں کہ آپ حقیقت جان چکے ہیں۔ اس سے باتوں باتوں میں زیادہ سے زیادہ معلومات لینے کی کوشش کریں، بینک اکاؤنٹ، موبائل نمبر، جاز کیش، ایزی پیسہ، شناختی کارڈ نمبر وغیرہ

مختلف بہانے بنا کر جتنی زیادہ سے زیادہ معلومات لے سکیں، ضرور لیں تاکہ یہ سب معلومات بعد میں دھوکہ دہی کرنے والے کی پکڑ کا باعث بن سکیں۔ سائبر کرائم میں رپورٹ کرتے ہوئے یہ سب معلومات بہت کام آئیں گی۔

اور اس کے بعد فوراً جس شخص کا نام استعمال کر کے دھوکہ دہی ہو رہی ہے، اسے اس معاملے سے آگاہ کریں تاکہ وہ اپنا بچاؤ کر سکے۔ ایسے اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنا بھی مت بھولیں۔

دھوکہ دہی کا تریاق بنیں، اس کا شکار نہیں!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments