افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا: متاثرہ خاتون تفتیشی ٹیم کے سوالات کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکی


افغان سفیرکی بیٹی کے مبینہ اغوا کے حوالے سے تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، تفتیشی ٹیم نے افغان سفیر اور ان کی بیٹی سے ملاقات کی جس میں وقوعہ سے متعلق سوالات کیے گئے تاہم افغان سفیر کی بیٹی تفتیشی ٹیم کو کسی بھی سوال کا جواب نہ دے سکی جس سے سارا معاملہ ہی مشکوک ہو گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق تفتیشی ٹیم نے افغان سفیر اور ان کی بیٹی سے ملاقات کی جس میں وقوعہ سے متعلق سوالات کیے گئے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہیں دے سکی کیونکہ پہلے اس نے بتایا کہ وہ اسلام آباد کے قریب ’تہذیب بیکری‘ تک گئی تھی بعد ازاں وہ مکر گئی، افغان سفیرکی بیٹی کسی علاقےکی نشاندہی بھی نہ کر سکی۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کے بیان پر کیمرے چیک کر کے نقشہ بنایا گیا، متاثرہ خاتون یہ نہیں بتا سکی وہ اپنے گھر سے کہاں گئی تھی؟ تفتیشی افسر کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کو ڈراپ کرنے والی گاڑی کی شناخت کر لی گئی، ایف 9 سے لڑکی کو لے جانے والے ڈرائیور سے بھی سوال جواب کیے گئے، جس نے بتایا کہ اس نے لڑکی کو 5 بج کر 30 منٹ پر دامن کوہ سے لیا تو لڑکی نے ایف 9 میں واقع پارک جانے کا کہا۔ ذرائع تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی نے بتایا تھا کہ اغواکار اس کا موبائل فون لے گئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لڑکی کے پاس موبائل کی موجودگی کا پتہ چلا، جس پر اگلے روز اس کا موبائل تحویل میں لیا گیا تو اس نے ڈیٹا ڈیلیٹ کر دیا۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کے موبائل فون کا فرانزک کرایا جا رہا ہے، لڑکی اپنےگھرسے نکل کر ایک ٹیکسی میں بیٹھی تھی، ٹیکسی ڈرائیور سے بھی سوال جواب کیے گئے۔ ڈرائیور نے بتایا اس نے لڑکی کو جی7 کھڈا مارکیٹ پر اتارا۔ تفتیشی افسران کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کئی ٹیکسیوں میں سفر کر کے مختلف مقامات پر پہنچی، کھڈا مارکیٹ سے لڑکی کس ٹیکسی میں گئی اس کا سراغ لگایا جا رہا ہے جبکہ صدر بازار راولپنڈی میں افغان سفیر کی بیٹی کی نقل وحرکت کی چھان بین جاری ہے۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی جہاں جہاں گئی اس کی جیو فینسنگ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ تحریری درخواست پر واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

Facebook Comments HS