پاکستانی کا ورلڈ ریکارڈ: پیدائش، ملازمت، شادی اور نو بچوں کی ولادت ایک ہی تاریخ

ریاض سہیل - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


پاکستان کے صوبہ سندھ کے ایک استاد دو سال کی کوششوں کے بعد گینیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، ان کے گھر کے 9 افراد ایک ہی تاریخ یعنی یکم اگست پر پیدا ہوئے ہیں۔

امیر علی نے امریکی شہری کا ریکارڈ توڑا ہے، گینز ورلڈ رکارڈ 1966 مطابق کیمنز خاندان کے 5 بچے ایک ہی تاریخ یعنی 20 فروری کو پیدا ہوئے تھے۔

امیر علی منگی کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ دھامراہ سے ہے اور وہ ہائی سکول میں استاد ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ وہ یکم اگست 1968 کو پیدا ہوئے، ان کی بیوی کی پیدائش یکم اگست 1973 کی ہے ان کی پہلی اولاد بیٹی سندھو امیر یکم اگست 1990 میں پیدا ہوئی اس کے بعد جڑواں بیٹیاں سسّی اور سپنا یکم 1998، بیٹا عامر یکم اگست 2001، اس کے بعد بیٹا امبر یکم اگست 2002 اور اس کے بعد جڑواں بیٹے عمار اور احمر یکم اگست 2003 کو پیدا ہوئے۔

امیر علی منگی علم نجوم پر یقین رکھتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ان کا برج اسد ہے زندگی میں جو بھی واقعات ہوتے ہیں اس میں ایک کا ہندسہ لکی نمبر ہوتا ہے انھوں نے جب محکمۂ تعلیم میں جوائن کیا تو اس میں بھی یکم اگست تھی اس طرح ان کی شادی بھی یکم اگست کو ہوئی تھی لکی نمبر ہونے کی وجہ سے انھوں نے یہ تاریخ مقرر کی تھی۔

امیر منگی پامسٹ اور شاعر بھی ہیں انھوں نے سوشیالوجی، آئی آر، اکنامکس سمیت متعدد ماسٹرس ڈگریاں بھی حاصل کی ہوئی ہیں، انھوں نے بتایا کہ پورا خاندان کی سالگرہ کا ایک دن ہی کیک کاٹ لیتے ہیں۔

امیر علی منگی کا دعویٰ ہے کہ ان کے تمام بچوں کی پیدائش گھر میں نارمل ڈلیوری کے ذریعے ہوئی تھی اس کے بعد انھوں نے مقامی یونین کاؤنسل میں پیدائش کا اندراج کرایا تھا۔

’میرے ایک دوست ہیں سعید احمد انھوں نے مشورہ دیا تھا کہ آپ اس ریکارڈ کا دعویٰ کریں پھر جو چاہے نتیجہ آئے، 2018 میں میں نے آن لائن جاکر کلیم دائر کیا ابتدا میں کوئی ریکارڈ ساتھ نہیں بھیجا تھا اس کے بعد انھوں نے قومی شناختی کارڈ نمبر، تمام افراد کی الگ الگ تصاویر، سکول سرٹیفیکیٹ اور یونین کاؤنسل کے برتھ سرٹیفیکیٹ طلب کیے جبکہ نادرا سے انھوں نے خود رابطہ کیا۔

امیر علی منگی نے بتایا کہ دسمبر 2020 میں انھوں نے آگاہ کیا اور مارچ 2021 میں سرٹیفیکیٹ جاری کردیا۔

گنیز ورلڈ رکارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق سب سے زیادہ فیملی ممبر ایک ہی تاریخ پر پیدا ہونے کا ریکارڈ پاکستان میں لاڑکانہ کے شہری امیر علی منگی نے حاصل کیا ہے۔

یہ فیملی خاندان کے سربراہ امیر علی منگی، ان کی بیگم خدیجہ سات بچوں سندھو، سسئی، سپنا، عامر، امبر، عمار اور احمد پر مشتمل ہے جن کی عمریں 17 سے 28 سال کے درمیان ہیں جن میں سے دو جڑواں بیٹیاں 1998 اور دو جڑواں بیٹے 2003 میں پیدا ہوئے ہیں۔

امیر علی کے تین بیٹے انجنیئرنگ تین بیٹیاں فزیکل ایجوکیشن اور ایک بیٹا بی ایس سی میں زیر تعلیم ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp