کیا آپ کو پیپلز پارٹی کے اس نعرے کی سمجھ آتی ہے؟ (سیاسی افسانچہ)۔


”مجھے تو کبھی اس نعرے کی سمجھ نہیں آئی۔“
”یہ کون سی بڑی بات ہے، میں سمجھاتا ہوں۔“

”پیپلز پارٹی کئی دہائیوں تک ملک کی سب سے بڑی اور چاروں صوبوں میں یکساں طور پر مقبول سیاسی جماعت رہی ہے۔ اس کے حامیوں کو، اس کے ووٹ بنک کو توڑنے کے لئے کبھی اس پارٹی پر ملک توڑنے کا الزام لگا، کبھی غداری کا۔ کبھی اس کے لیڈروں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا، کبھی ملک بدر کیا گیا۔ اس کے کارکنوں پر صعوبتوں کے پہاڑ توڑے گئے۔ لیکن اس سب کے باوجود کوئی بھٹو کے سحر کونہ توڑ سکا۔

المیہ یہ ہوا کہ ملک کی یہ سب سے بڑی سیاسی جماعت رہنے والی پارٹی آج محض دیہی سندھ کے چند اضلاع تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ گویا جو کام آمر حکومتیں، اسٹیبلشمنٹ، مخالف سیاستدان وغیرہ سب مل کر چالیس پچاس سال بھی نہیں کر سکے ان صاحب نے تن تنہا اپنی ساکھ اور طرز عمل سے کچھ عرصہ ہی میں کر دیا۔ اسی لئے تو کہتے ہیں ایک زرداری سب پہ بھاری!“

Facebook Comments HS

مخفیؔ

مخفیؔ سوچنے والا ذہن رکھتے ہیں اور دھڑکنے والا دل بھی، نہیں رکھتے تو بوجوہ اپنی شناخت آشکار کرنے کی ہمت نہیں رکھتے سو قلمی نام پر ہی اکتفا کیجئے۔ ویسے بھی شیکسپیئر فرما گئے ہیں، نام میں کیا رکھا ہے!

makhfi has 11 posts and counting.See all posts by makhfi