افغان سیکیورٹی فورسز نے ہرات شہر، ضلع کاروغ میں طالبان کو پسپا کر دیا


افغان سیکیورٹی فورسز نے ہرات شہر اور ضلع کاروغ میں طالبان کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہرات کے کچھ حصوں میں جاری لڑائی میں طالبان کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہرات میں جاری لڑائی میں کم از کم 40 طالبان ہلاک ہوگئے جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے ہرات میں ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی، ہرات میں جاری جھڑپوں میں افغان فوج کی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ نہ تم ہتھیار ڈالو گے، نہ ہم، مل بیٹھنا ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب سمیت دنیا بھر کے علماء کا اتفاق ہے کہ طالبان کی جنگ کی کوئی مذہبی حیثیت نہیں۔

دوسری جانب افغان وزارتِ امن کی رپورٹ کے طالبان نے 4 ماہ کے دوران افغان فورسز پر 22 ہزار حملے کیے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22 ہزار طالبان حملوں کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ چار ماہ میں طالبان نے 93 خود کش حملے، 650 راکٹ حملے کیے، 1675 بارودی دھماکے، 844 ٹارگٹ کلنگ کی۔

رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں 5587 افغان شہری ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ افغان فورسز کی کارروائیوں میں 24 ہزار 609 طالبان جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان نے 621 اسکول بند کروا دیے، 42 فیصد طلبا تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments