فارغ وقت میں کرنے والے دو فائدہ مند کام


پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے لوگوں کی معاشی حالت دیکھ کر واقعی بہت افسوس ہوتا ہے۔ جب سے ہمارے ہاں تعلیمی ادارے ایک کاروباری انڈسٹری بنتے جا رہے ہیں، وہاں پر ایسے ڈگری یافتہ لوگوں میں اضافہ ہوا جن کو اپنی سمت واضح نہیں ہے۔ اب جب حکومت بھی کچھ زیادہ نہ کر رہی ہو تو پھر آپ لوگوں، خاص کر نوجوانوں کو ہمت و ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حالات بدلنے کی خود کوشش کرنی چاہیے۔

تو جناب، معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے دوسروں سے شکوہ شکایت میں وقت ضائع کرنے سے کہیں بہتر ہے کہ اپنے موجودہ وسائل کو استعمال کر کے خود ہی اپنے لیے راستہ بنانا شروع کیا جائے۔ اس کے لیے پہلے اپنا مائنڈ سیٹ بدلنے کی بات ہے۔ اپنی ترجیحات پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی اور طرف دیکھنے کی بجائے اگر آپ لوگ خود ہی حالات بدلنے کی کوشش میں دلجمعی کے ساتھ جت جائیں تو یقین کریں آپ دوسروں کے لیے اچھی مثال بن سکتے ہیں۔

پچھلے کچھ عرصے سے لاک ڈاؤن کا سلسلہ بھی چل رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی معاشی مشکلات میں واقعی اضافہ ہوا ہے مگر ان میں وہ لوگ بہت قابل تعریف ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں بھی ہمت نہیں ہاری اور اپنے لیے آمدنی کے نئے ذرائع پیدا کیے۔ بات وہیں آ جاتی ہے کہ آپ کا مائنڈ سیٹ کیسا ہے۔ اپنے فارغ وقت کو صرف شکوے شکایات، گپ شپ، کھیل کود یا فلم بینی وغیرہ میں ضائع کرنا ہے یا پھر بہترین طریقے سے استعمال میں لانا ہے۔

تو دوستو، آج کل پھر سے لاک ڈاؤن کا سلسلہ چل رہا ہے تو کرونا کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے فارغ اوقات میں نیچے بتائے گئے دو کاموں کو اپنانے کی لازمی کوشش کریں تاکہ آنے والے وقت میں معاشی فائدہ ہو سکے۔

آن لائن کچھ سیکھیے اور کیجیے

آپ بے شک گانے، ڈرامے، فلمیں بھی دیکھیں مگر خدارا اپنے انٹرنیٹ کا مفید استعمال بھی ساتھ ساتھ شروع کیجیے۔ یہ وہ اہم بات ہے جس کو اپنی پہلی ترجیح میں رکھنا بہت ضروری ہے۔ یوٹیوب ویڈیوز سے، کسی گروپ میں شمولیت سے کچھ اچھا سیکھنے کی کوشش کریں جس سے آپ کو مالی فائدہ حاصل کر سکیں۔ آپ کو تحقیق کرنے سے بہت سے ایسے کام مل جاٰئیں گے جن کو آپ اپنے موجودہ وسائل میں رہ کر پہلے سیکھ اور پھر شروع کر سکتے ہیں۔ کوئی فری لانسنگ والا کام یا پھر ای کامرس۔ کوئی پارٹ ٹائم جاب یا کم سرمایہ میں چھوٹا کاروبار کا پلان۔ انٹرنیٹ پر آپ جتنا وقت مفید تحقیق اور کچھ مثبت شروع کرنے کے حوالے سے صرف کریں گے اتنا ہی کچھ کرنے کا ویژن کلیر ہو گا۔

اسٹاک اور گولڈ ٹریڈنگ سیکھیں اور شروع کریں

آج بھی اکثر لوگ اس کام کو امیروں کے کرنے کا کام سمجھتے ہیں جو کہ بالکل غلط بات ہے۔ اس کام کی کچھ بنیادی باتوں کو سیکھ کر پھر پریکٹس کرتے خود کو قابل بنانے سے کوئی بھی پھر کم پیسوں سے شروعات کر سکتا ہے۔ آج کل تو ڈیمو اکاؤنٹ بھی مفت بن جاتے جہاں سے عملی سیکھنا بہت آسان ہوتا ہے۔ کسی بھی اچھے ٹریڈنگ ہاؤس میں جا کر یا آن لائن رابطہ کر کے ان سے ابتدائی معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیکھ بھی سکتے ہیں۔ اس کے بعد خود کے پیسوں کی بجائے کسی اور کے لیے بھی کمیشن پر کام کر سکتے ہیں۔

تو جناب میرا مقصد آگاہی دینا تھا کہ آپ کسی طرح اپنے فارغ وقت کو کسی حاصل خیز کام میں لگائیں۔ اوپر والے دونوں کام چونکہ میرے اپنے آزمودہ ہیں اس لیے پہلے ان کے بارے بتانا مجھے آسان لگا، لیکن آپ اگر مزید تحقیق کریں گے تو مزید کام بھی سامنے آ سکتے ہیں۔ بات شروع، درمیان اور آخر میں بھی وہی ہے کہ اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کیجیے اور حالات بدلیے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments