غیر حاضر دماغ


“ ڈوگر صاحب! یہ کیسا سست اور نالائق نائب قاصد منگوا لیا ہے آپ نے۔ ہر وقت غیر حاضر دماغ رہتا ہے۔ اسے کہو کچھ، کرتا کچھ ہے۔  اور ہر کام میں اتنی دیر کر دیتاہے  کہ بس۔۔۔”
اپنے پرائیویٹ سیکرٹری سے بات  کرتے وقت میرا غصہ ساتویں آسمان پر تھا۔
“ سر ہوا کیا ہے؟”
“ ابھی پرسوں کی بات ہے ، دفتر میں کچھ مہمان آ گئے۔ میں نے مہمانوں کی خاطر داری کے لیے اسے کچھ کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے بھیجا۔ یہ صاحب کوئی گھنٹہ لگا کر آئے اور اتنی دیر میں مہمان جانے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئےتھے۔ “
“ سر! انارکلی کی طرف رش زیادہ ہوتا ہے اور پیدل جانا پڑتا ہے، شایداس لیے دیر ہو جاتی ہے۔ “
“ ڈوگر صاحب! انارکلی یہاں سے پیدل بھی زیادہ سے زیادہ پانچ دس منٹ کے فاصلے پر ہے۔ سب بہانے ہیں سستی چھپانے کے۔”
“ سر! میں اسے سمجھاؤں گا،آئندہ کام  توجہ سے کرے گا۔”
“ اورکل کی سن لو۔ میں نے اسے کہا کہ پنکھے کی سپیڈ کم کردے تو اس نے پنکھا ہی بند کردیا۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ اس کا دماغ کہاں رہتا ہے۔ اور آج یہ سرے سے غیر حاضر ہے۔ تم کوئی دوسرا نائب قاصد دیکھ لو۔ “
“ جی ٹھیک ہے سر!” پرائیویٹ سیکرٹری یہ کہہ کرگردن جھکاہوئے میرے کمرے سے رخصت ہو گیا۔
دن کوئی دو بجے کا عمل ہو گا کہ عارف پریشانی کہ عالم میں میرے کمرے میں داخل ہوا۔
“ سر !مجھے باقی وقت کہ لیے چھٹی چاہیے۔ میری بیوی کی طبیعت بہت خراب ہے، اسے ڈاکٹر کے پاس لے جانا ہے۔”
“اوکے، بھاگ جاؤ۔ بات سنو، باہر کسی کی ڈیوٹی لگا جانا۔ اور ہاں ! وہ دوسرا نائب قاصد کیوں نہیں آیا آج؟”
عارف انتہائی سمجھدار ، ذمہ دار اور صاف ستھرا اہلکار ہے جس نے دفتر سے کبھی بلاوجہ چھٹی نہیں کی۔
“ سر اس کی بیوی کو کینسر ہے۔ وہ اسے آج ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا ہے۔ “ عارف نے افسردہ لہجے میں جواب دیا۔
“ کیا کہا!” میرے سر پر جیسے کسی نے بم پھوڑ دیا ہو۔
“ سر اس کی بیوی کو کافی عرصے سے کینسر ہے، وہ اسے آج ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا ہے۔“
مجھے نائب قاصد کے خاموش اور کھوئے کھوئے رہنے کی وجہ سمجھ میں آگئی۔
اب دو دن سے میں غیر حاضر دماغی کے ساتھ نم آنکھیں لیےکوچہ ندامت میں کھڑا ہوں۔
اسی لیے رب نے فرمایا تھا “ ایک میٹھا بول اور کسی ناپسندیدہ بات پر ذرا سی چشم پوشی اس خیرات سے بہتر ہے جس  کے پیچھے دکھ ہو۔”

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments