ہم سب کا پاکستان


قبائلی اضلاع کے لوگ کمال لوگ ہیں، گھر میں بجلی نہیں لیکن گھر کے چھت پر پاکستان کا جھنڈا لہرایا ہے، اسپتال میں جان بچانے والی ادویات اور سہولیات میسر نہیں لیکن سینے پر قومی جھنڈا پیوستہ کیا ہے، سڑک کھنڈرات ہیں لیکن موٹرسائیکل اور گاڑیوں پر جھنڈا مارچ کرتے ہیں، انڈسٹری اور ترقی کا نام و نشان نہیں لیکن ملک کے لئے جان ہتھیلی پر رکھتے ہیں، نوکری اور روزگار میسر نہیں لیکن آزادی کا جشن عروج پر ہے، اسکول خراب، پانی نہیں، فنڈز نہیں، دفاتر میں ذلیل، احتجاجی مظاہروں پر خوار، انسانی حقوق کی پامالی اور کوئی ریلیف اور سہولت مہیا نہیں لیکن ہر دکان، ہر بازار، ہر چوک، ہر گاڑی، ہر حجرے اور ہر سینے پر قومی جھنڈا نظر آتا ہے اور آزادی کا جشن جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے،

پاکستان میں اگر چہ فاٹا کے لوگوں کو سب سے زیادہ منفی پہلو میں اجاگر یا پیش کیا گیا ہے لیکن اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا ہے کہ قبائلی لوگ وطن عزیز سے سب سے زیادہ محبت رکھتے ہیں اور انہوں نے کبھی بھی یہ نہیں سوچا کہ ملک نے ہمیں کیا دیا ہے بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے اپنے ملک کو کیا دیا ہے کیونکہ اگر ان کی حب الوطنی ترقی اور خوشحالی سے مشروط ہوتی تو یہ شاید وہ پھر آزادی کے دن یا 14 اگست کو یاد بھی نہ رکھتے، جشن منانا تو دور کی بات ہے،

یہ پاگل قبائلی ہر 14 اگست کو اپنے خرچ سے دنیا کا سبز سے بڑا سبز ہلالی پرچم بناتے ہیں اور سڑک پر ہزاروں لوگوں کے ساتھ پرچم واک کرتے ہیں، 50 میٹر لمبا آزادی کیک بناتے ہیں اور پورے کمیونٹی کو کھلاتے ہیں، مقامی پہاڑی پر 100 میٹر لمبا قومی جھنڈا بناتے ہیں جو پڑوسی ملک کی چوٹیوں سے بھی نظر آتا ہے، رات کو آتش بازی کرتے ہیں، دن کو نشانہ بازی کرتے ہیں اور گاڑیوں میں ملی نغمے اور قومی پرچم لگا کر پاک افغان شاہراہ پر آزادی ریلی نکالتے ہیں!

پوچھا گیا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام کے بعد ایک وعدہ بھی پورا نہیں ہوا؟ پانی، بجلی اور گیس نہیں ملی ہے آپ کو؟ تعلیم اور صحت کی حالت انتہائی خراب ہے، آپ کو تھانوں اور چھاپوں میں ذلیل کیا جا رہا ہے، نوکری دینا تو دور کی بات آپ سے پاک افغان سرحد طورخم میں آبائی روزگار بھی چھین لیا گیا ہے، قدرتی آفات میں کوئی ریلیف نہیں مل رہا جبکہ بڑے بڑے پراجیکٹس، انڈسٹری اور کسی کارخانے کا نام و نشان بھی نہیں ہے لیکن اس کے باوجود آپ وطن عزیز سے اتنی محبت کرتے ہو کہ آزادی والے دن لاکھوں روپے خرچ کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیتے ہو؟

بتایا گیا کہ زڑگئی پاکستان ہے یعنی پاکستان ہمارا دل ہے اور دل کو خوش کرنے کے لئے جنون کرنا پڑتا ہے، گھر کے اندرونی مسائل ایک دن حل ہو جائے گے لیکن بیرونی دشمن کو اتفاق و اتحاد اور حب الوطنی دکھانی بہت ضروری ہے،

زڑگئی پاکستان کے بانی شاکر آفریدی نے بتایا کہ نہ پانی ہے اور نہ بجلی لیکن پھر بھی دل ہے پاکستانی، پاکستان نے ہمیں آزادی اور گھر دیا ہے بس ہمارے لئے یہی کافی ہے اور ہم اپنے ملک کے مقروض ہیں اس لئے ہر سال 14 اگست کو کچھ کچھ قرض چکا رہے ہیں، ہم سب نے مسائل کو نہیں دیکھنا بس صرف اپنی محبت کا اظہار کرنا ہے کیونکہ ہم سب ایک ہیں اور یہ ہے ہم سب کا پاکستان! پاکستان زندہ باد کہہ کر انہوں نے فون بند کر دیا!


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments