ایک سال کے دوران پاکستان سٹیل مل میں اربوں روپے کی چوری: آڈٹ رپورٹ


مالی سال 2020-21ء میں پاکستان سٹیل مل سے 3 ارب 38 کروڑ روپے مالیت کے پرزہ جات، سپیئر پارٹس اور میٹریل چوری ہوا۔

آڈیٹر جنرل نے پاکستان سٹیل ملز کی آڈٹ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں اربوں روپے کی غفلت اور بدعنوانیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 21-2020 ءمیں 3 ارب 38 کروڑ روپے کا پاکستان سٹیل کے پرزہ جات، سپیئرز اور میٹریل چوری ہوا، 600 سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود اربوں روپے کی چوری سنگین غفلت کا ثبوت ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پراویڈنٹ فنڈ کی خرچ کردہ 29 ارب 92 کروڑ 96 لاکھ روپے کی رقم بھی واپس جمع نہیں کرائی جاسکی، پاکستان سٹیل کی 5 ارب روپے مالیت کی 250 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا جا چکا ہے، اراضی کی مارکیٹ ویلیو 2 کروڑ روپے فی ایکڑ کے حساب سے 5 ارب 56 لاکھ روپے بنتی ہے، پاکستان سٹیل کے سی ای او فنڈز کے ساتھ اراضی کی حفاظت میں بھی ناکام رہے۔

آڈیٹر جنرل نے بریگیڈیئر (ر) شجاع حسن کی بطور سی ای او (پاکستان سٹیل مل) تقرری کو خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا کہ پاکستان سٹیل میں متعلقہ اہلیت اور تجربے کے بغیر سی ای او تعینات کیا گیا۔ پاکستان سٹیل کے بورڈ نے سی ای او کی تعیناتی کے لیے درخواستوں کی اہلیت کے معیار کا جائزہ تک نہ لیا۔

Facebook Comments HS