مندر حملہ: سپریم کورٹ کا ہندو بچے کو گرفتار کرنے والے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم


سپریم کورٹ نے رحیم یار خان میں مندر پر ہونے والے حملے میں ملوث ملزمان کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت عظمیٰ نے ہندو بچے کو تھانے میں بند کرنے والے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد سپریم کورٹ میں مندر حملہ ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی۔ سما عت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے سوال کیا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو ابھی تک گرفتار کیوں نہیں کیا؟ جس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ایس ایچ او کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے، جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ صرف محکمانہ کارروائی کافی نہیں ایس ایچ او کو گرفتار ہونا چاہیے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ مندر پر حملہ کرنے والے 95 افراد کو گرفتار کیا ہے اور ان کی چہرہ شناسی کیلئے نادرا سے معاونت لی جارہی ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ فوٹیج میں سب کے چہرے واضح تھے جو پہچانے جا سکتے ہیں،آپ نے نادرا کو خط لکھ دیا ہوگا اور اس کی مرضی ہے دوسال بعد جواب دے،پولیس کا کام خط لکھنا نہیں ،خط بابو لکھتے ہیں، پولیس نے کارروائی کرنا ہوتی ہے۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پرکمشنر بہاولپوراور ڈپٹی کمشنررحیم یارخان کو طلب کرتے ہوئے گرفتار ملزمان کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments