جلال آباد: افغان پرچم کے حق میں مظاہرے پر طالبان کی فائرنگ، 3 افراد ہلاک، متعدد زخمی


افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کے خلاف اور افغان پرچم کے حق میں مظاہرے پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جلال آباد میں مظاہرین پر طالبان جنگجوؤں نے فائرنگ کی، جس میں 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں افغانستان کے قومی پرچم کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین شہر کے چوک پر افغانستان کا پرچم لگانے کی کوشش کررہے تھے۔ افغان میڈیا کے مطابق افغان پرچم کے حق میں جمع ہونے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طالبان نے ہوائی فائرنگ کی۔

اس سے قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خواتین کی جانب سے طالبان کی موجودگی میں، طالبان کے خلاف اور اپنے بنیادی حقوق سے متعلق مظاہرہ کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک چوک پر خواتین کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے، احتجاج کے دوران خواتین نے ہاتھوں سے لکھے گئے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں اور اپنے بنیادی حقوق کے حوالے سے مطالبات کر رہی ہیں۔ احتجاج کے دوران افغان خواتین کی جانب سے طالبان کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ احتجاج میں حصہ لینے والی خواتین نے برقعے پہننے ہوئے ہیں جبکہ اُن کے چہروں پر حجاب نہیں ہے۔

Facebook Comments HS