چنگچی رکشے میں لڑکی کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کی جائے وقوعہ اور ملزمان کی شناخت کر لی گئی


14 اگست کے دن مینار پاکستان کے قریب رکشے میں بیٹھی خاتون کے ساتھ نوجوان نے غیر اخلاقی حرکت کی اور فرار ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد واقعہ کا مقدمہ تھانہ لاری اڈا میں درج کیا گیا ہے تاہم اب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 14 اگست کی رات کو راوی روڈ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔ پولیس نے راوی روڈ کے ارد گرد علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے اور جلد ہی اسے حراست میں لے لیا جائے گا ۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق دولڑکیاں اور ایک بچی چنگ چی رکشے کی عقبی نشست پر بیٹھی تھیں کہ سرکلر روڈ گریٹر اقبال پارک کے نزدیک سے گزرتے ہوئے اوباش لڑکوں نے رکشوں کا پیچھا کیا۔ 10سے 12 اوباش لڑکے رکشے میں بیٹھی لڑکیوں پر آوازیں کستے رہے اور سفید قمیص پہنا ایک لڑکا زبردستی رکشے پر سوار ہوگیااور لڑکے نے لڑکی سے نازیبا حرکت کی اور فرار ہو گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بچہ اور دو خواتین رکشے کی پچھلی جانب سوار ہیں اور ٹریفک آہستہ آہستہ چل رہی ہے۔ لڑکی آگے کی جانب دیکھ رہی ہوتی ہے اور اتنی دیر میں ایک سفید رنگ کی شرٹ میں ملبوس جوان رکشے کی پچھلی جانب چھلانگ لگا کر آیا اور زبردستی بوسہ لینے کے بعد فرار ہو گیا۔ یہ تمام منظر کیمرے میں عکسبند ہو گیا۔

اس دوران میں وہاں موجود کچھ اور نوجوان بھی رکشے کی جانب بڑھتے ہیں جس پر ایک لڑکی اپنی جوتی اتار لیتی ہے اور انہیں دور ہٹانے کیلئے کوششیں کرتی ہے ۔پولیس ذرائع کا کہناہے کہ دونوں لڑکوں کا تعلق لاہور سے ہی ہے ۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ رکشے میں بیٹھی خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کرنے والے اور ویڈیو بنانے والے دونوں لڑکوں کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان ملزمان کی گرفتاری کے لئے تین مقامات پر چھاپہ مارا گیا لیکن گرفتاری ممکن نہیں ہو سکی۔

Facebook Comments HS