ٹوئٹری صحافیوں کی بہتات سے صحافت کو درپیش خطرات!



سوشل میڈیا کی ایجاد نے صحافت کے شعبے میں نئی جدت پیدا کی ہے۔ اب صحافت صرف اخبارات کی حد تک نہیں محدود ہے۔ نئے دور کے تقاضے بدل چکے ہیں ہے۔ موجودہ دور میں سوشل میڈیا ایک بہت بڑا ہتھیار ابھر کر سامنے آیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر سینسرشپ نہیں لگائی جا سکی ہے۔ ہر شخص کو مکمل آزادی رائے حاصل ہے۔ جہاں سوشل میڈیا کے بہت سے فوائد ہیں وہیں سوشل میڈیا ایک بے لگام گھوڑے کی طرح ناسور بنتا جا رہا ہے۔ صحافت کی دھجیاں اڑائی جا رہے ہیں جن لوگوں کو اپنے دستخط بھی نہیں کرنے آتے وہ بھی ہاتھ میں مائیک تھامے یوٹیوب پر اپنا ذاتی چینل کھولے وی لاگرز بنے بیٹھے ہیں یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اکاؤنٹ بنایا ہوا ہے۔

ان بیچاروں کو تو صحافت کی تعریف تک معلوم نہیں ہوتی، وہ جب خود کو صحافی کہلاتے ہیں تو سر پیٹنے کو جی چاہتا ہے۔

ان لوگوں کا قلم و قرطاس سے دور کا بھی کوئی واسطہ نہیں ہوتا۔ جالب کے الفاظ میں یہ لوگ قلم کو فقط ”ازار بند“ ڈالنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

کسی کی عزت خاک کرنی ہو یا کسی کو عوام کی نظر میں پارسا ثابت کرنا ہو یہ کام سوشل میڈیا کے ذریعے سیکنڈوں میں کیا جا سکتا ہے۔ کسی مکار و فریبی شخص کو دودھ کا دھلا ہوا ثابت کرنا ہو تو یہ کام بھی سوشل میڈیا کے ذریعے با آسانی انجام دیا جاسکتا ہے۔

ایک عظیم فلسفی کے مطابق ”جس کا کام ہی انسانی زخموں کی تجارت کرنا ہوتا ہے ان کے لیے صحافت کا میدان میدان جنگ کی طرح ہوتا ہے اور اس میں تلوار کا کام قلم سے لینا پڑتا ہے۔ جس طرح غیر تربیت یافتہ سپاہی جنگ میں شکست کا سبب بنتے ہیں، بالکل اسی طرح غیر تربیت یافتہ ٹویٹری صحافی / خود ساختہ سماجی صحافی بھی اس مقدس پیشے کو داغدار کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ تو یہ تھا سوشل میڈیا کے اصل حقیقت اور مجموعی صورتحال کا مرثیہ۔

کہا جاتا ہے کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک جمہوری نہیں کہلایا جا سکتا جب تک اس کی صحافت آزاد نہ ہو۔ باخبر اور باشعور عوام ہی کسی معاشرے کا اصل سرمایہ ہوتی ہے۔ سچ جاننے کا حق دین اسلام نے بھی دیا ہے۔ جب خلیفہ اول سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی عنہ ایک آدمی سوال کر سکتا ہے تو عوام کو بھی حقائق جاننے کا حق حاصل ہے۔ ہاں مگر جس سے بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہو، اخلاقی معیار کی پاسداری نہ کی گئی ہو، مذہب کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہو ایسے مواد کی تشہیر روکنی چاہیے مگر اس کا فیصلہ ذاتی پسند اور ناپسند کی بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے۔

مزید یہ کہ آئین پاکستان میں بھی آرٹیکل 19 میں آزادی رائے کو بنیادی انسانی حقوق کی حیثیت حاصل ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کو بھی چاہیے کہ کوئی خبر سننے کے بعد از خود اس کی تصدیق کریں۔ بغیر تصدیق کیے خبر آگے پہنچانے سے گریز کیا جائے۔ ساتھ ہی ساتھ ٹویٹر انتظامیہ کو بھی ابھی چاہیے کہ ٹویٹر کو کم از کم اس حد تک ریگولیٹ کیا جائے کی گالم گلوچ اور اور کردار کشی کرنے والے افراد کی بآسانی نشاندہی کی جائے اور نہ صرف ( معاملے کی نوعیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ) اکاؤنٹس کو معطل کیا جائے بلکہ جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔

جعلی/ فیک اکاؤنٹس کی روک تھام کے لیے بھی قوانین ترتیب دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اکاؤنٹ بناتے وقت مطلوبہ کوائف کی جانچ پڑتال بھی ناگزیر ہو چکی ہے۔ تاکہ کوئی بھی صارف اپنی اصل شناخت کو پوشیدہ رکھ کر اس کا غلط استعمال نہ کرسکے۔ ایک موبائل نمبر /ای میل پر ایک ہی اکاؤنٹ بنایا جاسکے۔ بلکہ اس سے کہیں زیادہ یہ بہتر ہو اگر موبائل نمبر یا ای میل کا آپشن ختم کر کے اکاؤنٹ رجسٹریشن کے لئے سی این آئی سی لکھنے کو لازمی قرار دیا جائے۔
(ٹویٹر انتظامیہ امریکی قوانین کے تحت کام کرتی ہے۔ وہاں شناخت کو پوشیدہ رکھنے کو قانونی تحفظ دیا جاتا ہے، اور اس قسم کی پابندیاں ممکن نہیں: مدیر)

اس کی وجہ یہ ہے کہ ایک شخص کے نام پر ایک سے زیادہ ہی سم کارڈز رجسٹرڈ ہوتے ہیں۔ اور ایک سے زائد ای میل ایڈریس بنانا کچھ دشوار نہیں۔ لہٰذا اگر سی این آئی سی کے تحت اکاؤنٹس رجسٹرڈ ہونے لگیں گے تو کافی حد تک فیک اکاؤنٹس کی بہتات سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے اور حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ مزید برآں گالم گلوچ والے ٹرینڈز کی روک تھام کے لیے بھی جامع قواعد بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بے گناہ کو اس کے ناکردہ گناہ کی سزا نہ مل سکے۔ اور متاثرہ شخص ذہنی اذیت سے محفوظ رہ سکے۔ کیونکہ اسی ناسور کی بدولت نہ جانے کتنے لوگ ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں اور کتنے ہی لوگ اپنی جان اپنے ہاتھوں سے لے بیٹھتے ہیں۔

! بقول حبیب جالب
اور سب بھول گئے حرف صداقت لکھنا
رہ گیا کام ہمارا ہی بغاوت لکھنا