ناروے میں ذرائع آمد و رفت: کہاں جائیں؟ کیسے جائیں؟


آپ نے ناروے کے حسین مقامات کے بارے میں پڑھا اور مختلف شہروں کے بارے میں بھی۔ اب آپ ذرائع آمد و رفت کے بارے بھی جان لیجیے کہ یہاں کیسی کیسی اور کون کون سی سواریاں مل سکتی ہیں۔ ناروے کا ٹرانسپورٹ سسٹم دنیا کا جدید ترین سسٹم ہے۔ اس لئے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنا مشکل نہیں۔

بس سروس

ہر شہر کی اپنی بس سروس ہے اور ہر گلی محلے میں اس کے اسٹاپ ہیں۔ کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں پہنچنا ناممکن ہو۔ بڑے شہروں میں میٹرو کا نظام بھی ہے۔ اس کے علاوہ اوسلو کے ڈوک سے ایک بوٹ چلتی ہے جو اوسلو کے اطراف میں چند جزیرہ نما ہیں وہاں تک آپ کو پہنچتی ہے۔ اگر آپ ایک ٹکٹ خرید لیں تو وہ بس میں بھی چلے گا، میٹرو میں بھی اور بوٹ میں بھی۔ یعنی ایک ٹکٹ میں کئی مزے لیکن یہ مزے وقت کی قید میں ہیں یعنی ایک گھنٹے کے اندر اندر آپ اسے استعمال کر سکتے ہیں۔ گھنٹہ گزر گیا تو نیا ٹکٹ لینا ہوگا۔ پریوڈیکل یا مہینے بھر کا کارڈ بنوا لیں تو سستا پڑتا ہے۔ مختلف شہروں کے بیچ ایکسپریس بس سروس ہے اس کا کرایہ فاصلوں پر منحصر ہیں۔

ٹرین

ریل گاڑی کا سفر ہمیشہ سے کچھ رومینٹک سا سمجھا جاتا ہے۔ اس کی سیٹی کی آواز کسی کو کوئل کی کوک اور کسی کو پپیہے کی ہوک جیسی لگتی تھی۔ اس کی چھکا چھک بھی جیسے کوئی مدھر گیت ہو اور سامان اٹھاتا قلی بھی کوئی فرشتہ سا لگتا۔ اب دنیا بدل گئی ہے۔ ناروے کی ٹرینوں میں نہ تو اب ویسی سیٹی ہے نہ ہی وہ چھکا چھک۔ یہ ٹرینیں بجلی سے چلتی ہیں اور تقریباً بے آواز ہیں۔ یہاں پہاڑ زیادہ ہیں اور سرنگیں بھی بہت ہیں اس لئے رفتار ایک حد سے آگے نہیں ہے۔ یہاں قلی بھی نہیں ہوتے۔ اپنا بوجھ خود اٹھایئے۔ بہت لدھے پھندے سفر کرنا کچھ اچھا نہیں ہے۔

ریل کی پٹڑیوں کا یہ جال پورے ناروے میں پھیلا ہوا ہے۔ سفر کے دوران دیکھنے والے ایک سے ایک حسین منظر دیکھتے ہیں۔ کھڑکی سے باہر ایک پینورامیک ویو دیکھ کر آپ کا دل چاہے گا یہ سفر ختم ہی نہ ہو اور آپ یونہی نظارے دیکھتے رہیں۔

ٹکٹس آپ تین ماہ قبل بھی خرید سکتے ہیں اور اسی دن بھی۔ انٹر نیٹ سے بھی اور اسٹیشن پر بنی مشینوں سے بھی یا پھر ٹرین کے سفر کے دوران بھی لیکن اس پر آپ کو کچھ اضافی قیمت دینی ہو گی اس لیے بہتر یہی ہے کہ ٹکٹ پہلے سے خرید لیں۔ یہ بھی بچت کا ایک طریقہ ہے۔ کبھی کبھی ٹرین کمپنی سستی آفرز لگا دیتی ہیں ان سے فائدہ اٹھائیں۔

ٹرینوں میں کیفے بھی ہے جہاں آپ کچھ کھا پی سکتے ہیں یا خرید کر واپس اپنی سیٹ پر جا کر کھا لیں۔ اس کے علاوہ ایک ٹرالی بھی چکر لگاتی رہتی ہے جس میں کافی، مشروبات، چوکلیٹس، چپس وغیرہ مل سکتے ہیں۔

ہر ٹرین میں خاموشی والی بوگیاں بھی ہوتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ کے ساتھ بھاگتے دوڑتے شریر بچے ہیں تو آپ اس بوگی میں سوار مت ہوں۔ یہاں لوگ چپ چاپ اپنا سفر جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ فون پر اونچی آواز میں گفتگو بھی مناسب نہیں۔ یہاں کوئی بزنس مین اپنے فون پر ٹیکسٹ مسیجنگ کر کے کوئی نئی ڈیل کر رہا ہے۔ کوئی سیاستدان اپنے آئی پیڈ پر نئی تقریر لکھنے میں مشغول ہے۔ اور کوئی اسٹوڈنٹ اپنے لیپ ٹاپ پر اسائنمنٹ لکھ رہا ہے۔ کسی کو یونہی خاموشی سے بیٹھنا اچھا لگتا ہے۔ سب کا دل اپنی اپنی خاموشی میں لگا ہوا ہے۔

اندرون ملک کے علاوہ ٹرینیں ناروے سے سویڈن اور ڈنمارک کے لئے بھی چلتی ہیں۔

کروز بوٹ

خوبصورت ترین سفر کشتی کا ہے۔ ناروے کی ساحلی پٹی بہت طویل ہے۔ فیری بوٹس سمندری پانیوں میں رواں دواں ہیں۔ یہ سفر انتہائی پر لطف ہے۔ چاروں طرف حسین نظارے ہیں۔ ڈیک پر چہل قدمی کریں سورج کو ڈوبتے ابھرتے دیکھیں۔ چاندنی ہے تو اس کا مزا لیں۔ یہاں ریسٹورنٹس بھی ہیں کیفے بھی اور بارز بھی۔ کچھ کھائیں کچھ پییں اور اردگرد کے مناظر کا لطف اٹھیں۔

اندرون ملک بوٹ سروس کے علاوہ ناروے کے ساحلوں سے بیرون ملک بھی سفر کیا جاسکتا ہے۔ روزانہ کی بنیاد ہر یہ فیری لگژری بوٹس اور کروز شیپس ڈنمارک، سویڈن اور جرمنی کے ساحلوں تک بھی آپ کو پہنچاتے ہیں۔ ان میں تفریح کے سامان بہت ہیں۔ نائٹ کلب، کیسینو، بارز، شوز اور ڈانسنگ ہال۔ جو پسند ہے وہ کریں۔ یہاں بھی اسٹوڈنٹس اور بچوں اور سینیئر سٹیزن کے لئے خاص رعایتی پیشکش ہے۔

ہوائی سفر

ایس اے ایس یعنی اسکینڈے نیویا ایر سروس جسے یہاں ساس کہا جاتا۔ اس میں سویڈن اور ڈنمارک بھی شریک تھے۔ یہ ایر لاین دنیا کی اچھی ایر لاین میں شمار ہوتی ہے۔ 2018 میں ناروے نے اپنے تمام شیئرز ایس اے ایس کو فروخت کر دیے۔ نارویجین ایر لایئنز ناروے کی سرکاری ایر لائن ہے۔ اس کے علاوہ کئی نیم سرکاری اور پرائیویٹ ایر کمپنیز بھی ہیں۔ جو سستے ٹکٹس فراہم کرتی ہیں۔ لیکن سستے ٹکٹس کے ساتھ سروس معمولی ملتی ہے۔ ساتھ لے جانے والے بیگج کے الگ پیسے۔ سیٹ کے انتخاب کا الگ چارج۔ دوران سفر ریفرشمنٹ مفت نہیں۔ کھانے پینے کی ہر شے خریدنی پڑتی ہے۔ پانی کا گلاس بھی مفت نہیں ملتا۔ ہو سکتا ہے آگے جا کر واش روم کے استعمال پر بھی ایکسٹرا چارج لگ جائے۔

ٹیکسی

ٹیکسی کا سفر بہت مہنگا ہے اس لئے پبلک ٹرانسپورٹ ہی لیجیے۔ اوبر سروس ابھی ناروے میں شروع نہیں ہوئی۔

ذاتی کار

کاریں یہاں بہت مہنگی ہیں باہر سے منگوائی جاتی ہیں اس لئے ان پر ڈیوٹی بھی کافی ہے۔ ناروے نے بھاری انڈسٹری نہیں لگائی کاریں بنانے کا کوئی کارخانہ نہیں لگایا جبکہ پڑوسی ملک سویڈن دنیا کی بہترین کاریں بنا رہا ہے۔ لیکن ان کے پاس تیل نہیں ہے حساب برابر۔

ناروے میں سڑکیں بنانا آسان کام نہیں۔ پہاڑ کاٹ کر راستے بنائے جاتے ہیں کہیں تو ان پہاڑوں کے سینے چاک کر کے لمبی سرنگیں بنانی پڑتی ہیں۔ اس لئے اکثر ہائی ویز اور موٹر ویز پر ٹول ٹیکس لگا دیا جاتا ہے کہ قومی خزانہ بھرا جا سکے۔ بڑے شہروں میں بھی جگہ جگہ آٹو کیمروں کی مدد سے گاڑیوں کی آمد و رفت پر ٹول لگتا ہے۔ شہریوں کو یہ ناگوار تو گزرتا ہے لیکن ایسا شہر کی ٹریفک کو کم کرنے اور ماحول کو آلودگی سے بچانے کی خاطر کیا گیا۔

ٹریفک کے قانون سخت ہیں۔ اسپیڈ لمٹ کا دھیان رکھنا پڑتا ہے۔ کئی جگہ کیمرے لگے ہیں تیز رفتاری پر پکڑے جانے کا امکان ہے۔ ناروے پہاڑی سرزمین ہے۔ پہاڑوں کو کاٹ کاٹ کر رستے بنائے گئے ہیں۔ اترائی چڑھائی بھی ہے اور خطرناک موڑ بھی۔ اس لئے گاڑی کو احتیاط سے چلائیں۔ یہ رستہ اونچا نیچا، گاڑی کو چلانا بابو، ذرا ہولے ہولے۔

برقی اسکوٹر

حالیہ برسوں میں ایک نیا ذریعہ آمد و رفت نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہو ریا ہے۔ یہ برقی اسکوٹر ہے۔ کم فاصلے کے لئے مفید ہے۔ ٹین ایجرز اور نوجوان اسے لئے گھوم رہے ہیں۔ یہ جگہ جگہ مہیا ہیں ایک ایپ ڈاؤن لوڈ کر لیں اپنے فون سے اس کا کرایہ ادا کریں اور سوار ہو جائیں۔ اس میں مہارت اور توازن درکار ہے

برقی ٹرانسپورٹ

ماحول کی بڑھتی ہوئی آلودگی کم کرنے کے لئے ہر متحرک سواری کو برقی قوت پر چلانے کی بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بسیں بھی بجلی سے چل رہی ہیں۔ ٹرینیں بھی برقی ہیں۔ اسی طرح بوٹس اور چھوٹی کروز کشتیاں بھی برقی سسٹم پر آ رہی ہیں۔ یہ بوٹس بے آواز ہیں اور ان پر سفر کے دوران کشتی کے انجن کا شور آپ کے آرام اور تفریح میں خلل نہیں ڈالتا۔ آپ مناظر کی خوبصورتی سے لطف اٹھیں بنا کسی شور و غل اور ماحولیاتی آلودگی کے۔ برقی کاریں بڑھ رہی ہیں اور انہیں چارج کرنے کے اسٹیشنوں کی تعداد بھی۔ دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ برقی کاریں ناروے میں ہیں۔ 2025 تک پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی فروخت مکمل ختم کر دی جائے گی۔ اس پلان پر تیزی سے کام ہو ریا ہے۔

تو حضور یہ ہیں وہ ذرائع جو عوام کی سہولت کے لئے مہیا ہیں اور جن سے آپ ناروے میں اپنی آمد و رفت کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments