امریکہ: طوفانی بارشوں سے تباہی، نیو یارک اور نیو جرسی میں ایمرجنسی نافذ


سمندری طوفان آئیڈا کے اثرات امریکہ کے شمال مشرقی حصوں میں بھی نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نیو یارک شہر اور نیو جرسی میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

نیو یارک شہر میں بدھ کی شب موسلا دھار بارش کے باعث نظامِ زندگی درہم برہم ہو گیا جب کہ بارش کا پانی سب ویز اور لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہو گیا۔

کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے جب کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔

صورتِ حال کے پیشِ نظر نیو یارک شہر کے میئر بل ڈی بلازیو نے نیویارک شہر میں ایمر جنسی نافذ کر دی ہے۔

ایک ٹوئٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ شہر میں ریکارڈ بارش ہوئی اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ سمندری طوفان آئیڈا نے ہفتے کے اختتام پر جنوبی ریاست لوئزیانا میں تباہی مچا دی تھی اور اس کی وجہ سے کئی مکانات تباہ ہو گئے تھے اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا تھا۔

دوسری جانب نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے بھی ریاست میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیو جرسی کے باسیوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

اپنی ٹوئٹ میں اُنہوں نے نیو جرسی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔

فرانسیسی نشریاتی ادارے ‘فرانس 24’ کی رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں کے باعث نیو یارک میں امریکی پوسٹل سروس کی عمارت کی چھت منہدم ہو گئی۔

نیو یارک میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث کئی گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ کچرا بھی پانی میں تیرتا رہا۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ہنگامی صورتِ حال کے پیش نظر نیو یارک شہر کی انتظامیہ نے جمعرات کی صبح پانچ بجے تک ایمرجنسی سروسز کے علاوہ دیگر گاڑیوں کا سڑکوں پر داخلہ ممنوع قرار دے دیا۔

محکمۂ موسمیات نے ریاستِ پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا کے مغربی علاقوں اور نیو جرسی کے شمال میں پانچ سیلابی ریلوں کی وارننگ جاری کی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں پینسلوینیا اور نیو جرسی کے کچھ حصوں کو طوفان کی لپیٹ میں دیکھا گیا۔ ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس کے مطابق فلاڈیلفیا اور نیو جرسی میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

نیو جرسی کے نیوارک لبرٹی ایئرپورٹ کی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلابی صورتِ حال کے باعث کئی پروازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔

نیو یارک شہر کو بھی سیلابی صورتِ حال کا سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کا پانی سب ویز پلیٹ فارمز اور ٹریکس میں داخل ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔

میٹرو پولیٹن ٹرانزٹ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث سب وے سروس ‘انتہائی محدود’ کر دی گئی ہے۔

نیو یارک کے میئر نے عوام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ‘اگر آپ باہر جانے کا سوچ رہے ہیں تو مت جائیں۔ سب ویز، سڑکوں سے دور رہیں اور پانی میں ڈرائیور نہ کریں۔ گھروں میں رہیں۔’

طوفانی بارشوں کے باعث نیورک، لاگارڈیا اور ‘جے ایف کے’ ایئرپورٹس پر سیکڑوں پروازیں منسوخ ہو گئیں جب کہ مین ہیٹن، برونکس اور کوئنز کے علاقوں کی کئی سڑکیں زیرِ آب آ گئیں۔

اس سے قبل شہر میں سیلابی ریلے کی ایمر جنسی وارننگ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو اُونچے مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

محکمۂ موسمیات نے ایک بلیٹن میں کہا تھا کہ ایک خاص اور جانوں کے لیے خطرے کا باعث سیلابی ریلہ مڈ اٹلانٹک سے جنوب نیو انگلینڈ کی طرف آنے کا امکان ہے۔

ادھر ریاستِ میری لینڈ کے شہر ایناپلس میں بھی طوفان نے تباہی مچا دی اور درجنوں درخت اور بجلی کے پولز گر گئے۔

اے ایف پی کے مطابق میری لینڈ میں بدھ کو ایک عمارت کے زیر آب آنے سے ایک 19 سالہ شخص ہلاک ہوا جب کہ ایک لاپتا ہے جس کے بعد آئیڈا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد سات ہو گئی ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ آئیڈا طوفان شمال کی طرف بڑھے گا اور جمعرات کو نیو انگلینڈ میں شدید بارشیں ہوں گی۔

علاوہ ازیں امریکہ کے صدر جو بائیڈن کا جمعہ کو لوئزیانا کا دورہ متوقع ہے جہاں طوفان کے باعث عمارتیں تباہ ہوئیں اور 10 لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم رہے۔

امریکہ کے جنوبی حصے میں طوفان آنا معمول کی بات ہے لیکن سائنس دانوں نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث سمندری سطح گرم ہونے پر طوفان کی شدت میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

اس خبر میں شامل بعض معلومات خبر رساں اداروں ‘رائٹرز’ اور ‘اے ایف پی’ سے لی گئی ہیں۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments