ریئلٹی شو ‘بگ باس 13’ کے فاتح سدھارتھ شکلا چل بسے


مبئی کے کوپر اسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ شکلا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

ویب ڈیسک — بھارت کے مقبول ترین ریئلٹی شو ‘بگ باس 13’ کے فاتح اور اداکار سدھارتھ شکلا جمعرات کو 40 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ‘اے این آئی’ کی رپورٹ کے مطابق ممبئی کے کوپر اسپتال کی انتظامیہ نے اداکار سدھارتھ شکلا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسپتال کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اداکار کو جمعرات کی صبح نو بج کر 25 منٹ کے قریب مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ تاہم سدھارتھ کی موت کی وجہ طبی یا خاندانی ذرائع سے تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔ البتہ بھارت کے ذرائع ابلاغ دعوی کر رہے ہیں کہ سدارتھ کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی۔

سدھارتھ شکلا نے بھارتی ڈرامہ سیریل ‘بالیکا ودھو’ سے شہرت حاصل کی تھی۔

بعد ازاں یہ ‘خطروں کے کھلاڑی’ اور ‘انڈیا گوٹ ٹیلنٹ’ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

اداکار نے مقبول ریئلٹی شو ‘بگ باس 13’ کی ٹرافی بھی اپنے نام کی تھی جب کہ انہوں نے 2014 میں اداکارہ عالیہ بھٹ اور ورون دھون کے ساتھ ‘ہمپٹی شرما کی دلہنیا’ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

اداکار سدھارتھ شکلا کی انتقال کی خبریں سامنے آتے ہی بالی وڈ فلم اور ٹی وی انڈسٹری کی فضا سوگوار ہو گئی اور ان کے ساتھیوں اور چاہنے والوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

اداکار اکشے کمار نے کہا کہ وہ سدھارتھ کے انتقال کی خبر سن کر بے حد غم زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سن کر بہت تکلیف ہوئی کہ ایک با صلاحیت انسان اتنی جلدی اس دنیا سے چلا گیا۔

بالی وڈ اداکار اجے دیوگن نے سدھارتھ شکلا کے اچانک انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔

اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سدھارتھ شکلا کے لاکھوں چاہنے والے تھے۔

اداکار سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ اس خبر پر یقین نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے سدھارتھ کے اہل خانہ کو دعا دی۔

اداکارہ کیارا اڈوانی نے سدھارتھ شکلا کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

وائس آف امریکہ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

وائس آف امریکہ

”ہم سب“ اور ”وائس آف امریکہ“ کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے مطابق ”وائس آف امریکہ“ کی خبریں اور مضامین ”ہم سب“ پر شائع کیے جاتے ہیں۔

voa has 3331 posts and counting.See all posts by voa

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments