یورپ سیکولر ازم کی وجہ سے ترقی کر گیا


"یورپ سیکولر ازم کی وجہ سے ترقی کر گیا”۔ یہ ہے وہ جملہ جو اکثر سیکولرز اور لبرلز کی طرف سے دہرایا جاتا ہے اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ہمیں بھی ترقی کے لیے سیکولر ازم نافذ کرنا چاہے لیکن یہ پورا سچ نہیں ہے ان کی ترقی کی وجہ افریقہ ایشیا اور امریکہ سے لوٹی ہوئی دولت ہے۔ امریکہ کی دریافت سے پہلے یورپ میں انتہا کی غربت تھی کیونکہ تجارتی راستہ سلطنت عثمانیہ نے قسطنطنیہ کی فتح کے بعد بند کر دیے تھے نئے راستوں کی تلاش میں کولمبس نے امریکہ دریافت کیا پھر وہاں وہ قتل غارت اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا کہ اللہ کی پناہ اسی طرح بھارتی مفکر ششی تروہر اپنی کتاب میں لکھتے ہیں ”انگریزوں نے ہندوستان سے 45 ٹریلین چرائے“ انگریزوں کے حملہ سے پہلے ہندوستان کی جی ڈی پی دنیا کا 25 % تھی جو ان کے جاتے ہوئے صرف چار پرسنٹ رہ گئی اسی طرح برطانیہ کی اکانومی دو سے دس پرسنٹ پر چلی گئی۔

سیکولر ازم، اصل میں لاطینی زبان کا لفظ ہے، جس کا عربی میں ”علمانیة“ اور اردو میں عموماً ”لادینیت“ ترجمہ ہوتا ہے۔ سیکولر ازم ایک ایسا طرز زندگی ہے جس میں ریاستی اداروں اور مذہبی معاملات کو الگ الگ کر دیا جاتا ہے۔ کیمبرج انگلش ڈکشنری کے مطابق ”سیاسی و معاشرتی معاملات میں مذہب کی عدم مداخلت کا نام سیکولر ازم ہے“ ۔ امریکن ہیریٹیج ڈکشنری کے مطابق ”اجتماعی معاملات مذہب کو شامل کیے بغیر چلانے کا نام سیکولر ازم ہے“ ۔ اوکسفورڈ، مریم ویبسٹرز اور دیگر معتبر انگریزی لغات کے مطابق سیکولر ازم کی تعریف یہی ہے۔ یعنی مذہب اور خدا اگر ہیں بھی تو انفرادی زندگی تک، اس سے آگے جانے کی ان کو اجازت نہیں۔

یورپ کے تاریک دور کے اندر پادریوں کی مداخلت حد سے بڑھ گئی، افراد پر تحقیق، جستجو اور علم کے دروازے بند کر دیے گئے۔ کئی سائنسدانوں کو قتل بھی کر دیا گیا۔ لوگوں کو مجبور کر دیا گیا کہ وہ مسیحیت کی اندھی تقلید کریں اور اس کے مقابلے میں اپنے دماغ کی کھڑکیاں بالکل بند کر لیں۔ اس وقت مسیحیت میں چونکہ بہت زیادہ تحریف ہو چکی تھی۔ اس لیے وہ انسانی ذہنوں میں ابھرنے والے سوالوں کے جواب نہ دے سکا۔ نتیجے کے طور پر لوگوں نے مذہب سے بغاوت شروع کر دی۔

چودہویں صدی عیسوی میں اٹلی سے نشاۃ ثانیہ کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ پھر یہ تحریک پورے یورپ میں پھیلتی چلی گئی۔ مذہبی طبقے نے بھی شدت سے مقابلہ کیا لیکن جدید ذہن کا اعتماد حاصل نہ کر سکنے کی بدولت جلد ہی بازی ہار گیا۔ اختیارات کی ڈور جدید طبقے کے ہاتھ میں آ گئی جس نے مذہبی معاملات کو انفرادی حد تک محدود کر دیا۔ انفرادی مذہبی معاملات میں آزادی دے دی گئی لیکن ریاستی معاملات میں مذہب کو یکسر نکال باہر کر دیا گیا۔ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ”انسانیت“ کا لفظ استعمال کیا گیا۔ جدید سیکولر ازم انقلاب فرانس کے بعد منظم ہوا انقلاب فرانس (1789ء) تک کلیسا اور علم کی کشمکش خواص تک محدود تھی لیکن انقلاب فرانس کے بعد عوام تک پھیل گئی۔ عوام نے دین کو ترک کیا اور اس کی دشمنی میں دیوانے ہو گئے۔

انقلاب فرانس ایک خون ریز انقلاب تھا جو بادشاہوں، جاگیرداروں اور مذہبی پیشواؤں کے ظلم و استحصال کے خلاف پیدا ہوا۔ یہ یورپ کا پہلا انقلاب تھا جس نے عوام کی حاکمیت پر مبنی حکومت قائم کی اور اللہ کی حاکمیت کا صریح انکار کیا۔ بادشاہوں اور کلیسا کے خزانے لوٹ لیے گئے۔ دینی عقائد کا شدت سے انکار کیا گیا۔ انقلاب سے قبل معاشرتی و سیاسی مفکرین نے فطری اور مثالی ریاست کے لادین نظریات پیش کیے۔ فلاسفہ نے دین سے آزادی کی دعوت دی جو خالص زندیقیت تھی۔

عوام لادین مفکرین اور فلاسفہ کے ہم نوا ہو کر کلیسا کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ لادینیت پر مبنی آزادی، مساوات اور اخوت کے تصورات ’بنیادی انسانی حقوق‘ کہلائے۔ انقلاب فرانس کے بعد یورپ کے تمام حصوں میں انقلابات جوالہ مکھی کی طرح پھٹ پڑے۔ دین اور کلیسا کا اثر و رسوخ ختم ہو گیا۔ عقائد اور اقدار میں خوف ناک خلا پیدا ہوا جس کو لادین فکری معاشرتی اور سیاسی تحریکوں نے پر کرنے کی کوشش کی۔

اسکے نتائج یہ نکلے کہ یورپ نے ترقی تو کی لیکن معاشرتی طور پر برباد ہو کر رہ گئے۔ وہاں مادہ پرستی بڑھ گئی صرف پیسہ کمانا ہی مقصد بن گیا خود غرضی برہی والدین کو اولڈ ہوم میں پھینکنا شروع ہو گیا پڑوسیوں کے حقوق سلب ہونے لگے اسلام کئی صدیوں تک دنیا کا غالب نظام زندگی رہا۔ مسلمانوں نے دنیا کے ایک بڑے حصے پر ایک لمبا عرصہ حکومت کی۔ حکومت اور اقتدار چھن جانے کے بعد باقی مذاہب کی طرح سمجھوتا نہیں کیا بلکہ اس کی تعلیمات پر عمل کر کے اس کے ماننے والوں نے پھر اپنے قدموں پر کھڑا ہونا شروع کر دیا۔

اسلام فقط مسجد و مدرسے اور نماز روزے تک محدود نہیں بلکہ وہ مکمل زندگی کا احاطہ کرتا ہے، چاہے وہ سیاست ہو یا قانون، گھر بار ہو یا کاروبار، نظام تعلیم ہو یا میڈیا و ادب، داخلہ پالیسی ہو یا خارجہ وغیرہ۔ اسلام انفرادی و اجتماعی زندگی کے تمام شعبوں پر اپنے احکامات لاگو کرتا ہے۔ اس میں دین اور دنیا الگ الگ نہیں۔ دین دنیا کے تمام شعبوں میں داخل ہے اور دنیا دینی و اخروی فضائل کو حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ اسلام مادی علوم اور مادی ترقی کے بھی خلاف نہیں بشرطیکہ وہ دین کے ماتحت ہو، بالاتر نہ ہو۔ یہ بات اہم ہے کہ اللہ کی حاکمیت بہت ضروری ہے ہر دنیاوی چیز میں مشہور مذہبی سکالر ڈاکٹر اسرار احمد کا موقف ہے :

”دور جدید کا سب سے برا شرک عوامی حاکمیت ہے“
اسی بارے میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا شعر ہے
جلال پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشا ہو
جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی
اللہ تعالی کا قرآن مجید میں ارشاد ہے :

(سورة النساء: پ5/61) یعنی جب ان سے کہا جاتا ہے آ جاوٴ اس چیز کے طرف جو اللہ ”نے نازل کی ہے ( یعنی دین اسلام) اور رسول ﷺ کی (تعلیمات) کی طرف (یعنی شریعت پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونے کی طرف تو (اے مسلمان) تو دیکھے گا، منافقوں کو کہ وہ لوگوں کو آپ (یعنی شریعت محمدیہ ﷺ) پر عمل کرنے“ سے روک رہے ہوں گے

یہاں قرآن کریم کا مضارع کا صیغہ ”یصدون“ لا نا اس بات کی طرف اشارہ ہے، کہ یہ صرف نبی کریم ﷺ کے زمانہ تک خاص نہیں بلکہ استمرار کے ساتھ ہر زمانہ میں ایسا ہوگا، اور پھر آگے ”صدودا“ کہہ کر اشارہ کیا کہ وہ اس پر مصر بھی ہوں گے۔