پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے وہ فوائد جو آپ سے چھپائے جاتے ہیں


پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے وہ فوائد جو آپ سے چھپائے جاتے ہیں!

پیٹرول کی قیمتیں ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، بلکہ بڑھا دی گئی ہیں۔ قیمتیں بڑھنے پر پاکستانی عوام کا وہ ہی روایتی شور و غوغا شروع ہو گیا ہے اور وہ ایماندار اور کرپشن سے پاک حکومت وقت کے خلاف منفی باتیں شروع کر کے ملک دشمن، حکومت دشمن، جمہوریت دشمن ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔

حکومت ایک بڑے مقصد کے لئے کوششیں کر رہی ہے اور اس کے ہر فیصلے کے پیچھے بصیرت کے بے شمار زاویے موجود ہیں۔ پٹرول کی قیمتیں بڑھانے کے پیچھے بھی بصیرت کارفرما ہے وہ کیا ہے اس تحریر کو پڑھنے کے بعد اندازہ ہو جائے گا۔ پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے کے فوائد جو کوئی نہیں بتائے گا وہ ہم سے جان لیجیے۔

٭پیٹرول کی قیمتیں جتنی زیادہ ہوں گی اتنا فائدہ ہے کیونکہ مہنگا پیٹرول ہو گا تو عوام گاڑیاں چلانے سے پہلے سوچیں گے اور پھر گاڑی چلانے کا فیصلہ تبدیل کریں گے۔ اس سے سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد میں کمی واقع ہوگی جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہوگی، بلکہ ہوائیں بھی صاف اور شفاف ہوں گی ۔ اس سے عوام کی صحت پر مثبت اثر پڑے گا۔

٭پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے عوام کا قیمتی وقت بھی بچ جائے گا۔ حیران کیوں ہوتے ہیں، وقت ایسے بچے گا کہ عوام کی بڑی تعداد اپنی گاڑیاں اور بائیک سڑکوں پر لانے سے پہلے سوچیں گے اور پھر بہت سے ارادے دم توڑ جائیں گے۔ ان ارادوں کے ٹوٹنے پر بے شمار گاڑیاں سڑکوں پر نہیں آئیں گی جس سے ٹریفک کم ہو گا اور ٹریفک کم ہو گا تو ٹریفک جام نہیں ہو گا اور ٹریفک جام نہیں ہو گا تو عوام کی بڑی تعداد کا وقت بھی بچ جائے گا۔

٭پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے انسانی جانیں بھی بچائی جا سکتی ہیں۔ جی جی انسانی جانیں، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ ہوں گی تو عوام سڑکوں پر کم نکلے گی، جب سڑکوں پر گاڑیاں کم نکلیں گی تو ٹریفک حادثات میں نمایاں کمی ہوگی اور انسانی جانوں کی حفاظت بھی ہوگی، اس کو کہتے ہیں بصیرت آمیز مہنگائی۔

٭قیمتیں بڑھنے سے گھر والوں میں محبت پروان چڑھے گی۔ جی جی وہ ایسے کہ گھر کے مرد فضول میں باہر نکلنے سے پہلے سوچیں گے اور پھر پیٹرول ڈلوانے کا سوچیں گے اور پھر ارادہ تبدیلی حکومت کی طرح تبدیل ہو جائے گا اور پھر گھر میں ہی وقت گزارنے کو ترجیح دی جائے گی۔ گھر میں جب گھر والوں کے ساتھ وقت گزرے گا تو آپس میں محبتیں پروان چڑھیں گی۔

٭پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے چہرے کی جلد بھی اچھی ہو جائے گی۔ جی ہاں، بالکل ایسا ہی ہے۔ بھئی آپ کو پاکستان کے آلودہ موسم کے بارے میں تو معلوم ہے۔ جب گھر واپس آؤ تو احساس ہوتا ہے کہ جلد کتنی خراب ہو رہی ہے۔ لیکن قیمتیں زیادہ ہوں گی تو گھر سے باہر کم نکلا جائے گا اور جب باہر ہی کم نکلیں گے تو جلد آلودگی سے محفوظ رہے گی۔

٭پیٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے بہت سے دوسرے خرچے بچ جائیں گے۔ جیسے اگر گاڑی کم چلے گی تو آئل جو ایک مہینے میں تبدیل ہوتا تھا وہ دو مہینوں میں تبدیل ہو گا۔ اسی طرح گاڑی اور بائیک کا ٹائر پنکچر ہونے کے واقعات میں کمی آ سکتی ہے جس سے پیسے خرچ ہونے سے بچ جائیں گے۔

٭پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے چوری کی وارداتیں اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں کمی آئے گی۔ جی ہاں وہ ایسے کہ بہت سے لوگ جو فلیٹس میں رہتے ہیں ان کے بائیک کا پٹرول چوری ہوجاتا تھا کیونکہ وہ اضافی پیٹرول ڈلواتے تھے لیکن اب وہ صرف ضرورت کے تحت ہی روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول ڈلوایا کریں گے جس کی وجہ سے پیٹرول چوری کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑیں گی۔ یہ ہی نہیں جب لوگ کم کم باہر نکلیں گے تو ڈکیتوں کو بھی اپنے ٹارگٹ ڈھونڈنے میں مشکل پیش آئے گی اور پھر جب ڈکیتیوں کا یہ کام نہیں چلے گا تو محنت مزدوری کی طرف واپس آئیں گے۔

اسی طرح کے اور بھی فوائد ہیں جو ہمیں کوئی بتاتا نہیں، کیونکہ ہر کوئی اس کی ٹانگ کھنچتا ہے جو کہ ملک کی ترقی اور بالخصوص عوام کے لئے سوچتا ہے۔ اس تھوڑے سے اضافے سے اگر ملک کے سماجی نظام میں بہتری آ رہی ہے تو آخر قباحت کیا ہے اور ویسے بھی تبدیلی کا وعدہ تھا اور یہ تبدیلی کے زمرے میں ہی آتا ہے۔

Facebook Comments HS