زراعت اور چھوٹے کسان
بچپن سے یہی پڑھ رہے ہیں کہ پاکستانی معیشت میں زراعت کو ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ اور یہ حقیقت اس وقت آشکار ہوتی ہے جب اعداد و شمار پر نظر ڈالی جائے۔ جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ 19 فیصد ہے۔ پاکستان کی لیبر فورس کا 41 فیصد زرعی شعبہ سے وابستہ ہے۔ پاکستان دنیا میں دالوں کی پیداوار میں دوسرے، کپاس میں چوتھے، گنے میں چوتھے، دودھ میں پانچویں، کھجور میں چھٹے، پیاز میں پانچویں، آموں میں ساتویں، چاول میں آٹھویں، گندم میں نویں اور کینو کی پیداوار میں دسویں نمبر پر ہے۔ پاکستان میں دنیا کا ایک بہت بڑا نہری نظام موجود ہے۔
سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ پنجاب زرعی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ فراہم کرتا ہے۔ پنجاب کی 48 فیصد آبادی کے روزگار کا ذریعہ بھی زراعت ہے جس میں ایک تہائی مرد اور دو تہائی خواتین شامل ہیں۔ زرعی شعبہ بڑی صنعتوں مثلاً ٹیکسٹائل، چمڑے، چاول کی پروسیسنگ، خوردنی تیل اور فوڈ پروسیسنگ کو خام مال مہیا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ پاکستان کی کل ملکی برآمدات میں زراعت کا شعبہ تین چوتھائی ہے اور اس کا 60 فیصد حصہ صوبہ پنجاب سے حاصل ہوتا ہے۔
پاکستان کے کل رقبے کا 25 فیصد قابل کاشت ہے اور اس میں سے 75 فیصد پر آبپاشی کی جاتی ہے۔ پاکستان میں کل تقریباً 80 لاکھ افراد زرعی زمین کے مالک ہیں جن کی ملکیت میں 55 لاکھ ایکڑ رقبہ ہے اور یہ کھیتی باڑی سے وابستہ ہیں۔ کسانوں کو زرعی زمین کی نسبت سے تین گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ 12.5 ایکڑ تک رقبے والے چھوٹے کسان، 12.5 سے 100 ایکڑ تک والے درمیانے کسان اور 100 ایکڑ سے اوپر والے بڑے کسان کہلاتے ہیں۔ 90 فیصد چھوٹے کسان ہیں جن کے پاس کل زرعی رقبے کا 43 فیصد حصہ ہے۔ 9 فیصد درمیانے کسان ہیں جن کے پاس 27 فیصد رقبہ ہے۔ اور بڑے کسان صرف ایک فیصد ہیں لیکن ان کے پاس کل رقبے کا 30 فیصد ہے۔
ان اعداد و شمار سے یہ بات واضح ہے کہ ہمارے ملک میں تعداد اور رقبے کے لحاظ سے اکثریت چھوٹے کسانوں کی ہے اور ان میں بھی دو تہائی کسان وہ ہیں جن کا رقبہ 5 ایکڑ سے کم ہے اور جو سب سے زیادہ پسماندہ اور غریب کسان سمجھے جاتے ہیں۔ ملکی زراعت اور معیشت میں چھوٹے کسانوں کا کردار بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔ یہ کہنا بجا ہو گا کہ جس طرح ملکی معیشت میں زراعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اسی طرح زراعت میں چھوٹے کسانوں کو یہ مقام حاصل ہے۔ اگر ملکی معیشت کو ترقی دینی ہے تو پھر زراعت کو اور زراعت میں چھوٹے کسانوں پر خاص توجہ دینی ہوگی۔ ضلع قصور کے موضع مولا پور کے چھوٹے کسانوں کے ساتھ ایک تفصیلی نشست کا موقع ملا جس میں ان کے حالات و مسائل اور سرکاری و غیرسرکاری اداروں کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
چھوٹے کسان مسائل کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں۔ جب فصل کاشت کرنے کا وقت آتا ہے تو ان کی جیب خالی ہوتی ہے۔ لہٰذا بیج، کھاد اور دیگر ضرورتوں کے لیے بازار کی طرف دوڑتے ہیں۔ پرندہ جب بھوکا ہوتا ہے تو زمین پر پڑے اناج کے دانے کی طرف جھپٹتا ہے تاکہ اپنی بھوک مٹا سکے لیکن دانے کے نیچے لگی ”کڑکی“ میں پھنس کر بھوک مٹانے کی بجائے خود ہی مٹ جاتا ہے۔ اسی طرح یہ خالی جیب چھوٹے کسان بھی آڑھتیوں کے چکر لگانے شروع کر دیتے ہیں اور خاصی تگ و دو کے بعد کسی آڑھتی کی ”کڑکی“ میں پھنس جاتے ہیں۔
ان کو ادھار پر چیزیں مل جاتی ہیں جو کہ بازاری قیمت سے انتہائی مہنگی اور غیر معیاری ہوتی ہیں۔ اور ساتھ یہ بھی شرط عائد ہوتی ہے کہ اپنی پیداوار بھی اسی آڑھتی کو فروخت کرنی ہوتی ہے۔ اس طرح یہ چھوٹے کسان جب تھوڑا دیر سے اور غیر معیاری بیج و کھاد سے اپنی فصل کاشت کرتا ہے تو اس کی پیداوار بھی کم ہوتی ہے۔ پھر جب یہ اپنی پیداوار اس آڑھتی کے پاس لے کر جاتے ہیں جہاں سے انھوں نے ادھار پر کھاد بیج لیا ہوتا ہے تو اوہ اپنی مرضی کا نرخ لگاتا ہے اور سب سے پہلے اپنا ادھار وصول کرتا ہے۔
پھر بقایا رقم اسی وقت ادا نہیں کرتا بلکہ تھوڑی تھوڑی کر کے قسطوں میں ادا کرتا ہے۔ اس طرح چھوٹے کسان کے پاس بروقت پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے مہنگی اشیاء خریدنے اور کم قیمت پر پیداوار بیچنے کی وجہ سے اچھا خاصہ معاشی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ ان کسانوں کو زرعی قرضوں تک رسائی ناممکن ہوتی ہے کیونکہ بنک کے قواعد و ضوابط کو پورا کرنا مشکل ہوتا ہے۔
ان کسانوں کا مسئلہ یہ بھی ہے کہ ان کو جدید زرعی تقاضوں کا کا علم نہیں ہوتا اور یہ پرانے اور روایتی طریقہ کار پر ہی اکتفا کیے ہوتے ہیں۔ روایتی فصلوں میں مصروف رہتے ہیں اور یہ علم نہیں رکھتے کہ کم زمین میں منافع بخش فصلیں کیسے اگائی جا سکتی ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی سے یہ نا واقف ہوتے ہیں۔ ان کو یہ معلوم ہی نہیں ہوتا کہ ان کی زمین کو کون سی کھاد کی ضرورت ہے اور کتنی مقدار چاہیے۔ پانی کی کیا کوالٹی ہے۔ زمین ناہموار ہوتی ہے۔
اس طرح یہ پانی اور کھادوں کا اندھا دھند استعمال کرتے ہیں جس سے فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے۔ منڈیوں کی صورتحال سے بے خبر ہوتے ہیں۔ چھوٹے کسانوں کا معاشرتی ڈھانچہ غیر منظم ہوتا ہے۔ ہر کسان اپنی انفرادی دوڑ میں لگا ہوتا اور اجتماعیت کی افادیت سے آگاہی نہیں ہوتی۔ یہ تمام مسائل اور ان کے ساتھ منسلک دشواریاں ایک ایسا گرداب بناتے ہیں جس کے اندر چھوٹے کسان اپنی پوری زندگی جکڑے رہتے ہیں۔
مسائل پر بحث کے دوران شاہنواز جو کہ ایک ڈھائی ایکڑ کا کاشتکار ہے نے بتایا کہ یہ تمام حالات پہلے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ اب حالات بہت بہتر ہو گئے ہیں۔ تمام شرکاء مجلس نے شاہنواز کی تائید کی اور حالات کی بہتری کی وجہ تفصیلاً بیان کی۔ آج سے پانچ سال پہلے یہاں ادارہ اخوت آیا۔ لوگوں کو بتایا گیا کہ محکمہ زراعت حکومت پنجاب نے بذریعہ اخوت چھوٹے کسانوں کے لیے بلا سود قرضوں کی سکیم شروع کی جس کے تحت پانچ ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو فصلات کے لیے بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔
اخوت کی برانچوں سے کسانوں کو بآسانی اور بروقت قرضے ملے۔ جس کا فائدہ یہ ہوا کہ چھوٹے کسان آڑھتی کے چنگل سے آزاد ہو گئے۔ کسان اپنی مرضی کی معیاری کھاد، بیج، زرعی ادویات اور دیگر ضروریات خریدتے ہیں اور پھر جہاں زیادہ قیمت ملتی ہے وہاں اپنی پیداوار فروخت کرتے ہیں۔ بلکہ ساتھ ساتھ جدید زرعی طریقوں پر رہنمائی بھی کی گئی۔
اخوت کی رہنمائی و تعاون سے چھوٹے کسانوں نے اپنی مٹی و پانی کا تجزیہ کرایا اور زمین کو لیزر لیول کیا۔ اس کے نتیجے میں فصل پر آنے والے اخراجات میں نمایاں کمی بھی آئی اور پیداوار میں بھی اضافہ ہوا۔ اخوت نے بکھرے ہوئے معاشرتی ڈھانچے کو بھی ترتیب دی اور گاؤں کی سطح پر کسانوں کی تنظیمیں بنائیں۔ جس سے کسانوں میں بھائی چارہ اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ ملا۔ محمد عرفان نے بتایا کہ ”میں نے چار سال اخوت سے بلا سود قرض لیا اور بھرپور فائدہ حاصل کیا۔ اب میں نے نہیں لیا تاکہ میری جگہ میرا کوئی دوسرا بھائی لے کر فائدہ حاصل کرسکے“ ۔ دراصل یہی مواخات مدینہ کا فلسفہ ہے جو کہ اخوت کی رہنمائی سے اپنا لیا گیا ہے
ادارہ اخوت نے پنجاب میں محکمہ زراعت کے تعاون سے ستر ہزار چھوٹے کسانوں کو پانچ سالوں میں اٹھارہ ارب روپے مالیت کے بلا سود قرضے فراہم کیے۔ جس کی وجہ سے ان کسانوں کو آڑھتی سسٹم سے آزادی ملی، انھیں معیاری ضروریات بروقت میسر آئیں، جدید زرعی طریقوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہوئی، ان کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور پیداوار کی پوری قیمت وصول ہوئی۔ جس کے نتیجے کے طور پر اخراجات میں کمی اور آمدن میں اضافہ ہوا۔ اور یوں خوشحالی نے ان کے آنگن میں قدم رکھے۔
گاؤں مولا پور کے کسان جب اپنے سابقہ اور موجودہ حالات کا موازنہ کر کے خوشحالی کی باتیں بتا رہے تھے تو تشکر، اطمینان اور خوشی کے ملے جلے تاثرات ان کے چہروں سے عیاں تھے۔ یہ کسان حکومت پنجاب اور ادارہ اخوت کی کاوشوں کو سراء رہے تھے اور میں اپنی سوچوں میں گم ہو گیا۔ ابھی تو صرف ستر ہزار چھوٹے کسان مستفید ہوئے ہیں لاکھوں کسان اس طرح کی سکیموں کے منتظر ہیں۔ خوشحالی ان کا بھی حق ہے۔ وہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ ترقی پسند کسان کہلوائیں۔
اور یہ ناممکن بھی نہیں ہے۔ اگر حکومت تھوڑی سی توجہ دے کر کم ازکم سو ارب روپے چھوٹے کسانوں کے لیے مختص کر دے تو ہمارا زرعی شعبہ پھر سے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ ہمارے کھیتوں میں سونا اگ سکتا ہے اور ہمارے دیہات ترقی یافتہ ہوسکتے ہیں۔ اخوت کے کام سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ ممکن ہے ضرورت صرف حکومت کی توجہ کی ہے۔


