ہمارے لئے امریکی سینیٹ میں پیش ہوئے قانون کا شکنجہ


امریکی افواج کا گزشتہ ہفتے کے وسط میں افغانستان سے انخلاء کا عمل شروع ہوا تو اس کالم میں بارہا دہراتا رہا کہ جس ذلت آمیز انداز میں یہ عمل جاری ہے امریکی اس کو بھولیں گے نہیں۔ اپنی خفت مٹانے کے لئے پنجابی محاورے والے گدھے سے گرنے کا غصہ اس کے مالک کمہار پر نکالا جائے گا اور افغانستان کے تناظر میں امریکی پاکستان کو وہی کمہار ٹھہراتے ہیں۔

منگل کی صبح اٹھا تو واٹس ایپ کے ذریعے ایک قانون کا مسودہ وصول کیا۔ امریکہ کے 22 طاقت ور سینیٹروں نے اسے باہم مل کر تیار کیا ہے۔ ان میں دو ایسے افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے امریکی صدر کے انتخاب میں بھی حصہ لینے کے جتن کیے تھے۔ قانون تیار کرنے والے تمام سینیٹروں کا تعلق ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی سے ہے۔ پاکستان کی حکمران اشرافیہ 1950 کی دہائی سے اس جماعت کو اپنا دوست شمار کرتی رہی ہے۔ اس جماعت کے نمائندہ صدر نکسن کو ہم نے چین سے دوستانہ تعلقات استوار کرنے کے عمل میں کلیدی معاونت فراہم کی تھی۔ ریگن کی سرپرستی میں ہم نے افغانستان میں سوویت افواج کو جہاد کی بدولت ناکوں چنے چبوادیے۔ نائین الیون کے بعد اسی جماعت کے بش ہمارے جنرل مشرف کے جگری یار ہوئے۔ آخری ری پبلکن صدر ٹرمپ نے ہمارے وزیر اعظم کو جولائی 2019 میں وائٹ ہاؤس مدعو کیا تھا۔ عمران خان صاحب اس کی چکنی چپڑی باتوں سے اتنا مسحور ہوئے کہ انہیں 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے والی خوشی یاد آ گئی۔ یہ الگ بات ہے کہ مذکورہ دورے کے چند ہی ہفتوں بعد مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی شناخت ختم کردی۔ اسے دو حصوں میں بانٹ کر دنیا کو وسیع ترین جیل میں تبدیل کر دیا گیا۔

بہرحال جو قانون امریکی سینٹ سے منظوری لینے کے لئے تیار ہوا ہے اس کا نام ہے ”افغانستان:دہشت گردی کے خلاف لئے اقدامات ’نگرانی اور احتساب“ ۔ اس کا مسودہ 25 صفحات پر مشتمل ہے۔ اس قانون کی منظوری کے بعد امریکی حکومت کو پابند کیا جائے گا کہ وہ افغانستان میں 20 برسوں تک جاری رہی جنگ کے بارے میں ایک جامع رپورٹ مرتب کرے۔ اس کے ذریعے امریکی پارلیمان کو بتایا جائے کہ اتنی طویل اور مہنگی جنگ کے باوجود ان کا ملک انتہائی ذلت آمیز انداز میں افغانستان سے انخلاء کو کیوں مجبور ہوا۔ وہ کون سے عناصر اور ممالک تھے جن کی پشت پناہی طالبان کی کامرانی کا باعث ہوئی۔ مشتبہ عناصر اور ممالک کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کا نام لکھ کر ممکنہ گنہگاروں کی فہرست میں شامل کر دیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹروں کی نگاہ میں ہمارا جرم ثابت ہو گیا تو ہمارے خلاف اقتصادی پابندیاں لگانے پر زور دیا جائے گا۔

مجوزہ قانون کا مسودہ پڑھتے ہی مجھے ایک فلمی گانا یاد آ گیا۔ ”یہ تو وہی جگہ ہے گزرے تھے ہم جہاں سے“ اس کا کلیدی مصرعہ تھا۔ 1965 کی پاک۔ بھارت جنگ ہوئی تو امریکہ نے یاد رکھنے کی زحمت ہی گوارا نہ کی کہ ہم 1950 سے سیٹو اور سینٹو نامی بندوبست کا حصہ ہوتے ہوئے اس کے اتحادی تھے۔ ہمارے ہاں سے چین کی جانب خفیہ پرواز کے باوجود امریکہ نے 1971 میں بھی پاکستان کو دولخت ہونے سے بچانے کے لئے دکھاوے کی مدد کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ 1965 کے تجربے کی وجہ سے پاک۔ امریکہ تعلقات بڑھانے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والے فیلڈ مارشل ایوب خان اپنے چہیتے دانشور اور افسر الطاف گوہر سے ”جس رزق سے آتی ہو۔“ والی آپ بیتی لکھوانے کو مجبور ہوئے۔

ایوب خان کے تلخ تجربے کو تاہم جنرل ضیاء نے فراموش کر دیا۔ صدر ریگن کے ساتھ مل کر افغانستان میں سوویت یونین کو تباہ کرنے پر ڈٹ گئے۔ ہمارے ہاں ڈالروں کی ریل پیل ہو گئی۔ جنرل ضیا کی آمریت کو بھی امریکہ کی منافقانہ جمہوریت پرستی نے بخوشی نظرانداز کیے رکھا۔ جنرل ضیاء کے انتقال کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو کی قیادت میں طویل عرصے بعد ہمارے ہاں جمہوری حکومت قائم ہوئی۔ ابھی اس حکومت کو برسراقتدار آئے ایک برس بھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ 1989 میں ہمارے خلاف اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئیں۔ الزام لگا کہ ہم چپکے چپکے ایٹم بم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مذکورہ پابندیاں محترمہ کی حکومت کے بعد نواز شریف کی دونوں حکومتوں کے خلاف بھی جاری رہیں۔

اکتوبر 1999 میں نواز شریف کی دوسری حکومت کو جنرل مشرف نے برطرف کیا تو امریکی صدر کلنٹن نے پاکستان میں پانچ گھنٹے قیام کے دوران فوجی آمر سے کیمروں کے روبرو ہاتھ ملانے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد مگر نائن الیون ہو گیا۔ پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے ایک بار پھر بھائی بھائی ہو گئے۔ بش اور مش ایک دوسرے کو بڈی (Buddy) یعنی جگری یار پکارنے لگے۔ امریکی سینٹ میں لیکن اس ہفتے کے آغاز کے ساتھ ہی جو قانون منظوری کے لئے پیش ہوا ہے وہ پاک۔ امریکی تعلقات کے تناظر میں 1990 کی دہائی کی جانب واپسی کا سفر ہے۔

1990 کی دہائی میں عائد ہوئی پابندیوں کو پاکستان نے سو حکومتی خامیوں کے باوجود بہادری سے برداشت کر لیا تھا۔ اب کے برس معاملہ کہیں زیادہ سنگین ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے ہم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس ( ایف اے ٹی ایف ) کی گرے لسٹ میں اٹکے ہوئے ہیں۔ اس کی وجہ سے ہمارے ہاں بینکاری کے شعبے کو شدید دھچکے لگے۔ کاروبار میں مندی بھی آئی۔ عمران حکومت مگر مصر ہے کہ 1990 کی دہائی اور 2008 سے 2018 تک ہمارے حکمران رہے افراد ”چور اور لٹیرے“ تھے۔ ان کی وجہ سے قومی خزانہ خالی ہو گیا۔ اس خزانے کو بھرنے کے لئے چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے آئی رقوم ناکافی ثابت ہوئیں۔ پاکستان کو بالآخر سرجھکا کر آئی ایم ایف سے رجوع کرناپڑا۔ آئی ایم ایف نے ہمیں 6 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔ یہ رقم قسطوں میں ستمبر 2022 تک ملتی رہے گی۔ انہیں حاصل کرنے کے لئے مگر لازمی ہے کہ ہم بتدریج بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھاتے رہیں۔ اپنے شہریوں سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصول کریں۔ جو بندوبست طے ہوا تھا اس کے مطابق تازہ قسط وصول نہیں ہوئی ہے۔ شوکت ترین صاحب آئندہ ہفتے واشنگٹن جاکر آئی ایم ایف کو ہتھ ہولارکھنے پر رضا مند کرنے کی کوشش کریں گے۔

امریکی سینٹ میں پیش ہوئے قانون کے منظر عام پر آنے سے قبل ہی مجھے یہ خدشہ لاحق تھا کہ افغانستان میں ہوئی ذلت کا بدلہ آئی ایم ایف کے سخت گیر رویہ کے ذریعے لینے کی کوشش ہوگی۔ مجوزہ قانون ایک حوالے سے میرے خدشات کی توثیق فراہم کرتا ہے۔ میرا نہیں خیال کہ جو قانون امریکی سینٹ میں جمع کروایا گیا ہے وہ فی الفور منظور کر لیا جائے گا۔ ہم پر دباؤ بڑھانے کے عمل کا البتہ اس کے ذریعے باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ یہ عمل ہمارے لئے مہنگائی کی لہر کو تیز تر بنائے گا۔ بازار کسادبازاری کی نذر ہو جائے گا۔ مجھے ہرگز خبر نہیں کہ جو مسائل نمودار ہو رہے ہیں ان سے نبردآزما ہونے کے لئے عمران حکومت نے کون سی حکمت عملی تیار کررکھی ہے۔ فی الوقت تو اس کی سوئی فقط اس خواہش پر اٹکی نظر آ رہی ہے کہ آئندہ انتخابات کے دوران بیلٹ پیپروں پر ٹھپے لگانے کے بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر نصب بٹنوں کو انگلی سے دبایا جائے۔
بشکریہ نوائے وقت۔