ہوم ورک کی اہمیت اور افادیت

دس سال ایک شہر میں گزارنے کے بعد جب 338 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک دوسرے شہر شفٹ ہونا تھا تو اکیلا ہی چلا آیا۔
آنے سے قبل اپنے ایک دوست کو فون کر دیا کہ مجھے ایک پروجیکٹ کے لئے آپ کے شہر شفٹ ہونا ہے۔ اس نے خوش دلی سے کہا کہ آنے سے ایک دن قبل لازمی بتانا۔ حسب وعدہ اسے اطلاع دی۔ جونہی ڈائیو سے اترا دوست کو سامنے منتظر پایا۔ کچھ دن اس کے ہاں قیام کیا اسی دوران فیملی کو شفٹ کرنے کے لئے گھر ڈھونڈنا شروع کیا۔
دو مہینے کی کوشش سے ایک مناسب گھر مل گیا۔ اس کے بعد اسے وائٹ واش کروایا۔ بجلی کا کام کروانا پڑا۔ بلب اور پنکھے خرید کر لگوائے۔ واش روم کی ساری اشیاء نئی لینی پڑیں۔ اور پھر فیملی کو شفٹ کیا۔
اسی دوران گراسری کہاں سے لینی ہے؟ پٹرول کہاں سے ڈلوانا ہے؟ سبزی، دودھ دہی اور گوشت کہاں سے لینا ہے؟ پینے کا پانی کہاں سے ملے گا؟ بچوں کو کس سکول میں داخل کروانا ہے؟ یہ سارے سوالات ساتھ ساتھ تھے۔
خصوصاً بچوں کے سکول والی ایک بڑی پریشانی تھی۔ جب ان سب سوالوں کے جواب مل گئے تو اس وقت تک تین مہینے گزر چکے تھے۔
ایک پانچ مرلے کے گھر سے تین مرلے کے گھر تک اور ایک شہر سے دوسرے شہر میں خاندان کے ساتھ منتقل ہونے میں ہمیں بہت سارا ہوم ورک اور ریسرچ کرنا پڑی۔ اور اس کے بعد ہماری زندگی دوبارہ ایک ڈگر پہ چل پڑی۔
ہمارا یہ ایک چھوٹا سا کام تھا جو ملکی معاملات میں کسی بھی درجے پر نہیں آتا لیکن اس کے باوجود بھی تین قیمتی مہینے یعنی 90 دن کھا گیا۔
جب ایک اوسط درجے کی فیملی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتی ہے تو اس کے سامنے بہت سارے چیلنجز ہوتے ہیں۔ اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اسے بھی وقت اور ہوم ورک درکار ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف امور میں انہیں پہلے سے موجود ڈھیروں لوگوں سے مشاورت اور رہنمائی درکار ہوتی ہے۔ اور اس مشاورت اور رہنمائی لیتے وقت کہیں بھی انا آڑے نہیں آتی۔ کیونکہ یہ سب اپنی ہی بقا کے لئے کرنا ہوتا ہے۔
جب لوگ بغیر تیاری اور ہوم ورک کے آتے ہیں تو انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ایسے میں آہ بکار کی بجائے پھر سے اپنے آپ کا جائزہ لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ یہ ہر گز نہیں کہ سکتے کہ اس شہر کے لوگ ٹھیک نہیں یا یہ شہر ٹھیک نہیں۔
اور ہاں کسی کی حمایت اور دلیل دیتے وقت حقائق کی جانب بھی توجہ دینی چاہیے اور اگر ایسی باتوں کی سمجھ نہ ہو تو اپنے کام سے کام رکھنے سے بہتر بھلا اور کیا ہو سکتا ہے؟
شاید کہ تیرے دل میں اتر جائے میری بات

