مفتی طارق مسعود کی جہلم آمد اور انجینئر علی مرزا فرار


کافی عرصہ سے مفتی طارق مسعود اور انجینئر محمد علی مرزا کے درمیان مناظرہ کرنے کی کلپ بازیاں چل رہی تھی دونوں یوٹیوب چینل چلاتے ہیں اور لاکھوں فالورز ہولڈر ہیں دونوں اپنے اپنے پیروکاروں میں شعور و گیان بانٹنے کا دعوی پورے زور و شور سے کرتے ہیں۔ مفتی صاحب چار شادیوں کے بہت زیادہ حامی ہیں ان کا دعوی ہے کہ اس سے زنا جیسے واقعات میں کمی واقع ہو سکتی ہے اور اب تک تین شادیوں سے فیض یاب ہوچکے ہیں چوتھی کی تلاش جاری ہے۔

دوسرے علی مرزا ہیں جو کہ اس سلوگن کے زیر سایہ (نہ میں وہابی نہ میں بابی، میں ہوں مسلم علمی کتابی) اپنا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں، دونوں صاحبان بخوبی جانتے ہیں کہ اس جدید دور میں اپنی انفرادی حیثیت کیسے بنانی ہے اور مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق وقتاً فوقتاً اپنی اپنی پروڈکٹ اپنے یوٹیوب چینل پر کیسے بیچنی ہے؟ ورنہ تو ان کے اکابر تصویر کھنچوانے کو ہی حرام اور اسپیکر کو آلہ شیطان سمجھتے رہے ہیں۔ انہی بزرگوں کی فرسودہ باتوں کے حوالہ جات انجینئر علی مرزا نکال نکال کر پیش کرتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے قبیلہ میں بہت بدنام ہے اور اکثر فرقے تو ان کو کافر یا ملحد بھی ڈکلیئر کر چکے ہیں، ان کے تحقیقی رویہ کی وجہ سے علمائے دین کی اکثریت ان سے کنی کتراتی ہے۔

مفتی مسعود وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے انجینئر علی مرزا کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ان سے مناظرہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن رنگ بازی کمال کی دکھائی۔ پہلے تو دونوں کلپ کلپ کھیلتے رہے پھر اچانک سے مفتی صاحب نوری نتھ والے سٹائل میں جہلم کے مشہور چوک میں نمودار ہوئے اور ویڈیو پیغام کے ذریعے سے انجینئر علی مرزا کو للکارتے ہوئے کہا کہ میں اڑتالیس گھنٹے جہلم میں موجود رہوں گا اگر انجینئر صاحب نے مجھ سے بات کرنی ہے تو وہ میرے ساتھ رابطہ کر سکتے ہیں۔

یہ تھا اس مناظرے کا ڈراپ سین جسے سننے اور دیکھنے کے لئے لاکھوں لوگ بے چین تھے مگر اس انداز جاہلانہ سے ایک بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ ہمارے عالم دین بھی ہر وہ حربہ اختیار کرتے ہیں جس سے دوسرے بندے کو نیچا دکھایا جا سکے اور خود کی فین فالونگ میں اضافہ کیا جا سکے کیونکہ آخر یوٹیوب سے پیسہ بھی تو کمانا ہے ورنہ تو شاہی طرز زندگی ممکن ہی نہیں ہو سکتی۔ مزے کی بات یہ ہے کہ دونوں ہی اہل سنت والجماعت اور حنفی مسلک کے دعویدار ہیں مگر شہرت کے چکر کا شکار ہو کر ایک دوسرے کے خلاف کلپ بازیاں کرتے رہتے ہیں۔

اگر مفتی صاحب واقعی گفتگو کرنے میں سنجیدہ تھے تو انہیں یہ شو مین شپ جیسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے تھا بلکہ انجینئر مرزا سے رابطہ کر کے ایک ٹائم فریم بنا کر ایک اچھے ماحول میں گفتگو کر لینی چاہیے تھی تاکہ سننے والے بھی بہترین انداز میں ان کی گفتگو سے کچھ سیکھ لیتے لیکن چونکہ ایسے ماحول میں یوٹیوب چینل کی ریٹنگ نہیں بڑھنی تھی اور اسی منظرنامے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مفتی مسعود نے جہلم میں گھات لگا کر ایک کامیاب چال چلی اور گیم کا پانسہ پلٹ کر سب سے زیادہ سرچنگ لسٹ میں آ گئے۔

اب یوٹیوب پر سب سے زیادہ مفتی مسعود کو ہی سرچ کیا جا رہا ہے، اس واقعے کے بعد مفتی صاحب کے پیروکار بڑھا چڑھا کر ویڈیو بنا رہے ہیں اور یہ دعوی کرنے میں مصروف ہیں کہ حق جیت گیا اور باطل ہار گیا اور کمنٹس پڑھ کر تو یہ اندازہ ہو رہا ہے کہ ان لوگوں کا تو مذہب نے بھی کچھ نہیں بگاڑا اور ایک دوسرے کو گالم گلوچ کرنے میں مصروف ہیں، آپ ایک ہی مذہب کے نام لیوا ہونے کے باوجود بھی ایک دوسرے کو کافر کہہ رہے ہیں تو پھر آپ نے اوروں کو کیا خاک تبلیغ کرنی ہے؟

آپ کو شاید خبر نہیں کہ آپ کے انہی جاہلانہ اور غیرسنجیدہ رویوں کی وجہ سے بہت سے لوگ مذہب سے دور ہوتے جا رہے ہیں اور دن بدن الحاد بڑھتا جا رہا ہے اگر آپ کا یہی طرز فکر رہا تو سنجیدہ فکر اکثریت آپ سے کنارہ کر لے گی تو پھر لگے رہنا اپنی اپنی بین بجانے میں۔ انٹرنیٹ اور گوگل کی وجہ سے آپ اب لوگوں کو زیادہ دیر تک اندھیرے میں نہیں رکھ سکتے، آپ کے منہ سے نکلا ہوا ایک ایک لفظ و حوالہ چند سیکنڈ میں گوگل پر سرچ ہو جاتا ہے۔

اس لیے آج کے دور میں کوئی بھی شخص علمی اجارہ دار نہیں بن سکتا اور ایسا ممکن صرف ان لوگوں کی وجہ سے ہوا جنہیں آپ کفار کے لقب سے نوازتے ہیں۔ انہی کفار کی بدولت آج آپ سلور اور گولڈن بٹن کے مالک بنے بیٹھے ہیں اور شاہی طرز زندگی بسر کر رہے ہیں مگر شاید آپ کو شہرت کا نشہ لگ گیا ہے اور اسی نشے میں آپ کے اندر سے شائستگی، رکھ رکھاؤ اور اچھے طرز فکر کا جوہر چھین لیا ہے تو جناب لگے رہیے ایک دوسرے کو کافر و ملحد ڈکلیئر کرنے میں آپ کو کیا فرق پڑتا ہے؟ البتہ کافروں کو پتہ چل چکا ہے کہ آپ ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے کیونکہ آپ کو اپنے بندے گرانے میں مزہ آنے لگا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
4 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments