پروفیسر ڈاکٹر اجمل نیازی محبت کے داعی اور سفیر تھے
منور علی شاہد (جرمنی) اوئے منور یار، کتھے چلا گیا ایں، اداس کردتا اے (کدھر چلا گیا ہے، اداس کر دیا ہے)۔ یہ وہ جملہ ہے جو اجمل نیازی دیارے غیر سے میری ٹیلی فون کال پر مجھے کہا کرتے تھے اور پھر ڈھیروں دعائیں دیا کرتے تھے۔ بیرون ملک سے محض چند بار ہی ان سے بات ہو سکی لیکن جملہ یہی ان کے منہ سے نکلتا تھا۔ ان سے میرا کوئی خونی رشتہ نہیں تھا لیکن انہوں نے مجھ سے محبت اپنوں جیسی کی تھی۔ نو سال پہلے پاکستان سے جانے کے بعد ٹیلی فون پر ان سے متعدد بار رابطہ رہا، پھر ایک مشترکہ دوست کی توسط سے ان کی سلام دعا مجھ تک پہنچتی رہی اور پھر میں پردیس کی بھول بھلیوں میں گم ہو گیا۔ اسی دوران ان کی بیماری کی خبریں سننے کو ملیں تو ان کو دیکھا تو وقت اور عمر کے ساتھ ساتھ بہت کمزور ہوچکے تھے اور پھر بالآخر ان کی وفات کی خبر سننے کو ملی۔ قلم کی حرمت کی پاسداری کا حق ادا کرنے کے بعد نیازی صاحب سفر آخرت پر روانہ ہو گئے۔
اجمل نیازی سے مرا پہلا تعلق اس وقت ہوا تھا جب وہ روزنامہ دن میں لکھا کرتے تھے۔ حالانکہ ان کی روایتی پگڑی اور داڑھی دیکھ کر عام فرد شاید ان کو ایک روایتی مولوی جیسا ہی خیال کرتا ہو، میرے ذہن میں بھی کچھ ایسا ہی تھا لیکن پھر جب ان کے متعدد کالم پڑھے تو پھر ان کی اصلی شخصیت اور اندر چھپا ہوئے پاکستانی کی جھلک دکھائی دی۔ قلمکار کا قلم وہی کچھ لکھتا ہے دل و دماغ کے اندر ہوتا ہے۔ ان کا ایک کالم ڈاکٹر عبد السلام کے بارے میں شائع ہوا تھا جس میں انہوں نے نہ صرف ان کی خدمات کا ذکر کیا تھا بلکہ ان کے ساتھ اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار بھی کیا تھا اور انہوں نے ان کے بارے میں ایک کتاب بھی لکھنا شروع کر رکھی تھی جس کا انہوں نے کئی بار تذکرہ بھی کیا تھا۔
نہ جانے اس مسودے کا اب کیا بنا۔ پاکستانی سوسائٹی کے اندر اس طرح ڈاکٹر عبد السلام صاحب سے کھلم کھلا اظہار محبت میرے لئے باعث تعجب تھا اور یہی کالم ان کے ساتھ رابطے کا تعلق بنا تھا۔ پہلی ملاقات کے بعد پھر آہستہ آہستہ ملاقاتوں کا سلسلہ بڑھتا اور پھیلتا گیا۔ میری طرف سے رابطہ میں تاخیر ہونے پر ان کی طرف سے فون آ جاتا اور یہی کہتے تھے، یار منور کتھے او۔ بس ان کی ایسے ہی جملے محبت کی چاشنی سے بھرپور ہوتے تھے اور پھر جلد ہی ہماری ملاقات ہو جاتی۔
ان کے ساتھ ملاقات ہوتی تو پھر علم و عرفان کی بارش ہی ہو جاتی، وہ سیاسی چٹکلے خوب سناتے تھے، جہاں دنیا جہاں کی باتیں ہوتیں تو وہیں ڈاکٹر اجمل نیازی صاحب پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے اور ملکی سیاسی حالات پر اظہار افسوس کرتے کہ پیارا وطن وسائل ہونے کے باوجود مسائل سے دوچار ہے۔ مذہبی منافرت کے شدید خلاف تھے وہ سمجھتے تھے کہ مذہبی سیاست نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ جناب اجمل نیازی نے پاکستانی صحافت، ادب اور ایسی سوسائٹی میں جہاں سچ بولنا، جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے، اسی ماحول میں قلم کی حرمت اور اس کے تقدس کو نہ صرف بلند رکھا بلکہ اس کی پاداش میں مخالفت کو بھی بہت ہمت، حوصلے اور تدبر کے ساتھ برداشت کیا اور مقابلہ کیا۔
نوائے وقت ایسے نظریاتی اخبار کو جوائن کرنے سے پہلے ڈاکٹر اجمل نیازی نے روزنامہ دن میں متعدد ایسے کالم لکھے تھے جن سے ان کی مکمل شخصیت کا پتہ چلتا ہے کہ وہ غلط کو غلط اور سچ کو سچ کہنا ہی حقیقی صحافت سمجھتے تھے۔ ایک کالم لکھا تھا جو توہین رسالت کے موضوع پر پاکستانی بچی کے سوال پر مبنی تھی جس کے جواب علماء دینے میں ناکام رہے تھے، اس کے بعد بشپ جان جوزف کی خودکشی پر کالم لکھا، اداکار انجمن اور مولانا اکرم اعوان کے حوالے سے ان کے ایک کالم کو شہرت ملی تھی۔
یہ حقیقت ہے کہ خوف اور ڈر سے بالا ہو کر وہ لکھا کرتے تھے اور کچھ اخبار کی بھی باہمت اور آزاد پالیسی تھی۔ سیاسی علماء کے بارے میں بھی تو خوب لکھتے تھے۔ 9 فروری 2012 کو اجمل نیازی صاحب نے نوائے وقت میں اپنے کالم میں مولانا فضل الرحمان بارے ایک واقعہ لکھا تھا جس کا بہت چرچا ہوا تھا جو انہوں نے عبدالستار نیازی مرحوم کے حوالے سے لکھا تھا ”کہ مولانا عبدالستار نیازی، مفتی محمود سے ملنے گئے۔ ایک نوجوان بار بار ان کے کمرہ میں داخل ہوتا اور مفتی صاحب اس کو بھگا دیتے۔ مولانا نیازی نے پوچھ لیا کہ مفتی صاحب یہ کون ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ یہ میرا بیٹا فضل الرحمن ہے اور یہ پیسے لے کر میرے خلاف مخبری کرتا ہے“ ۔
میانوالی کے جس قبیلہ سے ان کا تعلق تھا، یہ اسی کا اثر تھا کہ وہ بے خوف ہو کر لکھتے۔ بلاشبہ اجمل نیازی صاحب منفرد طرز کی صاحب علم اور صاحب قلم شخصیت تھے ایک غیر متنازعہ شخصیت کا مقام ان کو حاصل تھا کیونکہ وہ لفظوں کے ذریعے محبت بانٹتے تھے۔ ادبی، صحافتی اور شاعری کی محفلوں کی جان ہوتے تھے، ہر چھوٹے بڑے کا یکساں احترام کرتے تھے۔
انہوں نے تعلیم کے شعبہ میں گرانقدر خدمات سرانجام دیں اور پھر کالم نگاری، اردو پنجابی زبانوں میں شاعری کر کے باعزت مقام حاصل کیا۔ مظلوم طبقوں اور کمزور افراد کی حمایت کرنا وہ بحیثیت پاکستانی اپنا فرض سمجھتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے اندر تمام علمی، قلمی، ادبی، اور صحافتی طبقوں میں انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنی بیٹی کی شادی پر مدعو کر رکھا تھا جو کچھ میں نے وہاں دیکھا تھا اس کے مناظر آج بھی ذہن کے گوشوں میں موجود ہیں۔
، حکومت وقت، سیاست، مذہب، صحافت، ادب، تدریس سمیت زندگی کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کا جم غفیر تھا جو وہاں موجود تھا اور یہیں سے ان کی ہر دلعزیزی اور یکساں مقبولیت کا پتہ چلا تھا اور پھر ان کی وفات پر پاکستان کے طول و عرض میں جس وسیع پیمانے پر اظہار افسوس کیا گیا اور ان کی قلمی، ادبی، تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس نے ثابت کر دیا کہ وہ واقعی محبت کے سفیر تھے


