فلسطینی صدرمحمودعباس 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے


\"\"

فلسطینی صدر محمود عباس 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں نورخان ایئربیس پر صدرمملکت ممنون حسین نے مہمان صدر کا استقبال کیا۔ نور خان ایئربیس پر پاکستان کے اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی فلسطینی صدر محمود عباس کے استقبال کے لیے موجود تھے جب کہ فلسطینی صدرکے استقبال کے موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی،  روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے۔

اس موقع پر صدرمملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کا دل فلسطین کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور فلسطین کی آزادی کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے جب کہ ہم فلسطین میں اسرائیلی مسلح فوجیوں کی طرف سے جاری ظلم کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے صدر مملکت کے جذبہ خیرسگالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

فلسطینی صدر کے ہمراہ 17 رکنی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے اور فلسطینی صدر تین روزہ دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ  ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ سیاسی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی اوروفود کی سطح پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ فلسطینی صدر اوروزیراعظم نوازشریف مشترکہ طور پر ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں نو تعمیر فلسطین کے سفارت خانے کا افتتاح بھی کریں گے جب کہ ان کے اعزاز میں ضیافت کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

واضح رہے فلسطین کے صدر محمود عباس کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہوگا وہ 2013 اور2015 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments