ملک کی ترقی کے لیے تعلیم کی اہمیت


آج تک جس ملک نے بھی ترقی کی تو اس نے تعلیم کے شعبے میں بے پناہ توجہ دی، موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ اب ٹیکنالوجی کا دور آ گیا ہے، جب سے موبائل فون اور کمپیوٹر عام ہوئے اس کے بعد تعلیم کی اہمیت اور زیادہ بڑھ گئی ہے۔ تعلیم کسی بھی ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم ہی کی بدولت کامیابی حاصل کی۔ ایشیائی ممالک کی ہی مثال لے لیں، انڈیا، بنگلہ دیش، سری لنکا میں بھی شرح تعلیم پاکستان سے کہیں بہتر ہے۔

بر صغیر کی مثال سامنے رکھیں تو انگریزوں نے سب سے پہلے مسلمانوں کے تعلیمی نظام کو نشانہ بنایا تھا تا کہ مسلمان کمزور ہو جائیں اور ان کا مقابلہ نہ کر سکیں اور جب سر سید احمد خان نے مسلمانوں کی اصلاح کا بیڑا اٹھایا تو مسلمانوں کو سب سے پہلے تاکید کی کہ وہ پہلے تعلیم حاصل کریں۔

پاکستان ان بدقسمت ممالک میں شامل ہے جہاں ماضی میں تعلیم کو خاص اہمیت نہیں دی گئی جس کے باعث پاکستان کی شرح خواندگی انتہائی کم رہی۔ آئین پاکستان کے مطابق حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ 5 سال سے 16 سال تک کے بچوں کو مفت تعلیم دے گی مگر ایسا نہیں ہو سکا۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں اب بھی تقریباً 2 کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے، جس کا اظہار گزشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے خود کیا، جو کہ مستقبل کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

ملک میں گورنمنٹ اسکولوں کی تعداد انتہائی کم ہے، جو ہیں ان میں بھی مناسب سہولتیں میسر نہیں۔ پاکستان میں تقریباً 50 % اسکول ایسے ہیں جن میں پینے کا پانی، واش روم کو سہولت، حتی کہ چار دیواری بھی میسر نہیں ہے، سرکاری اساتذہ اسکول میں کم جاتے ہی، اگر جاتے بھی ہیں تو زیادہ سنجیدگی سے نہیں پڑھاتے۔ یہ حالت کسی ایک صوبے کی نہیں تمام صوبوں کی ہے۔ الیکشن کے دوران تمام سیاسی پارٹیاں ووٹ لینے کے لیے تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا وعدہ کرتی ہیں لیکن جب حکومت میں آتی ہیں تو اپنا وعدہ وفا نہیں کرتیں۔ سنجیدہ کوشش ہی نہیں کی جاتی صرف دعوے ہی کیے جاتے ہیں۔

تعلیم کے باعث انسان میں حق اور سچ کی پہچان آتی ہے اور انصاف کے دروازے کھلتے ہیں اور با شعور بناتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جو قومیں بربادی کا شکار ہوئی، ان کی تعلیمی میدان میں نا اہلی بھی ان کی ایک وجہ بنی۔ تعلیم میں بھی بد عنوانی جو پیسا ملتا ہے اس کا بڑا حصہ بد عنوانی کی نظر ہو جاتا ہے۔ اربوں روپے کا اعلان ہوتا ہے مگر اس میں سے تعلیم پر بہت کم خرچ ہوتے ہیں۔ ہمارا ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اس میں اگر بد عنوانی ہو گی تو ملکی ترقی کیسے ممکن ہے وہ بھی تعلیم کے میدان میں، اسے ہم اپنی بہت بڑی بدقسمتی کہہ سکتے ہیں۔ میری نظر میں پاکستان کی ترقی کا راستہ تعلیمی میں بہتری کے باعث ہی ممکن ہے۔ ایک تعلیم یافتہ طبقہ ہی بدعنوانی سے پاک معاشرے کو پروان چڑھا سکتا ہے۔

گزشتہ دنوں وزیر اعظم، عمران خان نے احساس کفالت کے تحت سہ ماہی بنیاد پر پرائمری اسکول کے لڑکوں کو 1500 روپے، لڑکیوں کو 2000 روپے وظیفہ، سیکنڈری اسکول کے لڑکوں کو 2500 روپے، لڑکیوں کو 3000 روپے جبکہ ہائر سیکنڈری اسکول کے لڑکوں کو 3500 روپے لڑکیوں کو 4000 روپے وظائف دیے جائیں گے۔ یہ تمام تعلیمی وظائف 70 فیصد حاضری پر بائیو میٹرک طریقے سے دیے جائیں گے۔ یہ ایک اچھا اقدام ہے جس سے بہت سارے غریب بچے اپنی تعلیم حاصل کر سکیں گے، ایسے ہی اقدام ملک میں غربت کی کمی کا باعث بن سکیں بنیں گے۔

کیونکہ پاکستان میں مختلف تعلیمی نظام ہیں جو پڑھائے جار ہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پورے ملک میں ایک تعلیمی نظام کا اعلان کر دیا ہے اس پر سندھ حکومت کو تحفظات ہیں۔ وفاق کو چاہیے کہ سندھ کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر مستقبل کے بارے میں ہنگامی بنیادوں پر تعلیم کو ترجیح دی جائے، سندھ حکومت اور وفاق کو ایک پالیسی پر عمل کرنا چاہیے اگر کوئی صوبہ جو پیسہ تعلیم کے لیے مختص کرے وہ پورا تعلیم پر ہی خرچ ہو اس میں بد عنوانی نہ ہو۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ اپنے بجٹ میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم کو دے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ تمام پیسہ ایمانداری سے تعلیم پرہی خرچ ہو۔