رومانس فراڈ: ’کاش میں اُس شخص کو تین لاکھ پاؤنڈ نہ دیتی جس سے میں آن لائن ملی تھی‘


فائل فوٹو
اس رپورٹ میں لوگوں کی شناخت کو محفوظ رکھنے کے لیے نام تبدیل کیے گئے ہیں۔

مئی 2019 میں صوفیہ نے ایک ڈیٹنگ سائٹ پر ایرن نامی شخص سے بات کرنا شروع کی۔

صوفیہ کی خواہش تھی کہ انھیں کوئی اچھا مرد ملے تو وہ شادی کر کے اپنا گھر بسائیں۔ ایرن نے انھیں بتایا کہ ان کے ارادے بھی کچھ ایسے ہی ہیں اور یہ کہ وہ بھی اپنا گھر بسانے کے خواہشمند ہیں۔ دونوں کے خیالات میں بظاہر اسی یکسانیت کے باعث آن لائن ان کی بات چیت کا دورانیہ بڑھتا چلا گیا اور ان کے درمیان معاملہ تیزی سے آگے بڑھنے لگا۔

اس وقت صوفیہ کو اس بات کا قطعی اندازہ نہیں تھا کہ اس شخص سے آن لائن ملنے کے بعد وہ تین لاکھ پاؤنڈ کے قرضے تلے دب جائیں گی۔

بی بی سی ایشین نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ رومانس فراڈ یعنی ’محبت بھرے فریب‘ کا شکار ہوئی ہیں اور چاہتی ہیں کہ آن لائن ڈیٹنگ ایپس اس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں۔

’جھوٹے دستاویزات‘

فراڈ

صوفیہ اس شخص سے آن لائن ڈیٹ کر رہی تھیں اور حقیقی زندگی میں وہ براہ راست کبھی نہیں ملے تھے۔ صوفیہ اس شخص کو اپنا پارٹنر سمجھتی تھیں اور پھر کچھ ہی عرصے بعد انھوں نے مل جل کر ایک گھر خریدنے کے بارے میں بات کرنا شروع کر دی، چونکہ دونوں ہی گھر بسانے کے خواہشمند تھے۔

صوفیہ جب اپنے اوپر بیتی کہانی کے بارے میں سوچتی ہیں تو انھیں محسوس ہوتا ہے کہ اس شخص نے مستقبل کے بارے میں اُن سے بہت سی ’جھوٹی‘ باتیں کہی تھیں۔

وہ کہتی ہیں کہ اس نے گھر کی مورٹگیج کے جھوٹے دستاویزات اور وکیلوں کی ای میلز تیار کیں۔ درحقیقت وہ انھیں ایک خواب بیچ رہا تھا اور وہ (صوفیہ) اسے خرید رہی تھیں۔

صوفیہ نے مستقبل کا گھر خریدنے کے لیے ایرن کو بھاری رقوم بھیجیں جو اس (ایرن) نے اُن کے حصے کے طور پر مانگی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں نے (خوابوں کا گھر حاصل کرنے کے لیے) ہزاروں پاؤنڈ قرضے لیے اور اپنی پوری جمع پونجی، جو تقریباً پچاس سے ساٹھ ہزار پاؤنڈز تھی، بھی اس میں لگا دی۔ پھر میں نے خاندان اور دوستوں سے بہت ساری رقم ادھار لی۔‘

صوفیہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے مجموعی طور پر اس (ایرن) کو تقریباً تین لاکھ پاؤنڈز بھیجے۔

یہ بھی پڑھیے

ایک جھوٹی شادی اور ڈھائی لاکھ ڈالر کا فراڈ

’چالیس ہزار پاؤنڈ اس شخص کو دے دیے جس سے کبھی نہیں ملی‘

ہش پپی نامی مشہور شخص جسے ایف بی آئی نے بین الاقوامی فراڈیا قرار دیا

’محبت بھرے فریب‘ کا شکار ہونے والی وہ اکیلی نہیں ہے۔ یو کے فنانس کے مطابق سنہ 2019 اور سنہ 2020 کے درمیان رومانس فراڈ سے متعلق بینک ٹرانسفر فراڈ میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔

صوفیہ کہتی ہیں کہ جب اس (ایرن) نے مزید پچاس ہزار پاؤنڈ مانگے تو صوفیہ نے فیصلہ کیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس بارے میں سوال کیا جائے۔

صوفیہ نے اپنے بینک کو فون کیا جہاں انھیں لگتا تھا کہ ان کا ایرن کے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ موجود ہو گا، کیونکہ ایران نے انھیں کچھ ایسا ہی بتایا تھا۔ بینک نے انھیں بتایا کہ اکاؤنٹ تو موجود ہے مگر اس میں اُن کا نام ہی نہیں ہے۔

فائل فوٹو

لڑکی نے ملاقات کیے بغیر ہی آن لائن پر چیٹ کرنے والے پارٹنر کو تین لاکھ روپے دے دیے

صوفیہ بتاتی ہیں کہ ’مجھے ایسا لگا جیسے میرے پیروں کے نیچے زمین کھسک گئی ہے۔ مجھے یقین نہیں آیا، مجھے ایسا لگا کہ جیسے میں کوئی بُرا خواب دیکھ رہی ہوں۔‘

’آپ کہانیاں دیکھتے ہیں، کہانیاں پڑھتے ہیں، آپ دوسرے لوگوں کی کہانیوں کے بارے میں سُنتے ہیں لیکن آپ کو لگتا ہے کہ آپ کے ساتھ ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ لیکن میرے ساتھ ایسا ہوا۔‘

صوفیہ کہتی ہیں ’میں نے اس شخص کے بارے میں تحقیقات شروع کی اور معلوم کیا کہ کیا وہ وہیں کام کرتا ہے جہاں وہ بتا رہا تھا۔‘ اس دفتر کے لوگوں کا کہنا تھا کہ اس نام کا کوئی شخص وہاں کام نہیں کرتا، ان کا کہنا تھا کہ آپ فورا پولیس سے رابطہ کریں۔

اور صوفیہ نے ایسا ہی کیا۔

تھیمس ویلی پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ اس معاملے میں تحقیقات کی جا رہی ہے اور ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں کی گئی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے اس کیس کے ملزم یا مدعی کی کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

اب دو سال بعد صوفیہ کو لگتا ہے کہ ان کی حالت بہتر ہے۔ اقتصادی محتسب نے ان کے حق میں فیصلہ دیا ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ فراڈ کا شکار ہوئی ہیں اور اس لیے بینک کو ان کے پیسے قانونی طور پر واپس کرنے چاہییں۔

فراڈ

بینک سے اپنے پیسے واپس لینا صوفیہ کے لیے آسان کام نہیں تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ انھوں نے میرے دعوے کو رد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ فراڈ نہیں ہوا ہے کیونکہ آپ اُس شخص کو جانتی تھیں۔

دوسرے بینکوں نے صوفیہ کے پیسے واپس کر دیے صرف ایک بلڈنگ سوسائٹی ’نیشن وائڈ‘ نے ان کے پیسے فوری طور پر واپس نہیں کیے۔

نیشن وائڈ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’شروع میں ہمارا خیال تھا کہ یہ دو فریقوں کے درمیان ایک سول معاملہ ہے لیکن اقتصادی محتسب میں یہ معاملہ جانے کے بعد یہ واضح ہوا کہ یہ دھوکہ دہی کا معاملہ ہے اور ہم نے ان سفارشات کو تسلیم کرتے ہوئے معذرت اور معاوضے کے ساتھ پوری رقم ادا کر دی۔‘

جذباتی صدمہ

اس پورے معاملے میں صوفیہ کو مسلسل ذہنی دباؤ سے گزرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے ہنگامی چھٹیاں لینی پڑیں کیونکہ میرا ذہن کام نہیں کر رہا تھا۔ میں اپنے گھر والوں کے آنکھوں میں اپنے لیے دُکھ اور تکلیف دیکھ سکتی تھی۔‘

اب صوفیہ اس دباؤ اور تکلیف سے نکل چکی ہیں اور خوش ہیں۔

ان کا کہنا ہے ’میرے تمام قرضے ادا ہو گئے ہیں، میرے تمام گھر والے اور دوست میری زندگی میں واپس آ گئے ہیں۔‘

’اگرچہ میرے پاس اب پیسے کی کمی ہے، لیکن اب میں اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکتی ہوں۔‘

مزید پڑھیے

وبا کے دوران لوگ ‘رومانس’ میں کیوں لٹ رہے ہیں

ایچ ایس بی سی بینک کے ذریعے کیسے کروڑوں ڈالر کے فراڈ کی رقم منتقل کی گئی؟

لیکن وہ نہیں چاہتیں کہ ان کی کہانی رائیگاں جائے۔ وہ چاہتی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ڈیٹنگ ایپس پر بھروسہ کرنے کے خطرات سے آگاہ ہوں۔

وہ یہ بھی امید کرتی ہیں کہ دوسرے لوگ جو ایسی ہی صورتحال کا شکار ہوتے ہیں بینکوں کو چیلنج کرتے وقت اپنے حقوق کو جانیں۔

آن لائن ڈیٹ کرنے والوں کو مشورہ

  • آن لائن ڈیٹ کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ کسی کو رقوم کی ترسیل نہ کریں اور نہ ہی کسی کو اپنے بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات یا اس تک رسائی فراہم کریں اور نہ ہی کسی کے برتے پر قرض حاصل کریں
  • آپ کو چاہیے کہ آپ اپنی ذاتی دستاویزات جیسا کہ پاسپورٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کسی کو فراہم کریں
  • کسی کے مشورے پر اپنی رقم کی سرمایہ کاری نہ کریں
  • دوسرے شخص کی جانب سے پارسل نہ وصول کریں اور نہ بھیجیں
  • یہ دیکھنے کے لیے کہ آیا آپ سے آن لائن ڈیٹ کرنے والا شخص کوئی جعلی تصویر یا تصاویر تو استعمال نہیں کر رہا،سرچ انجن پر تصاویر کو ریورس امیج سرچ کریں
  • اپنے بینک سے فوری رابطہ کریں اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ کسی فراڈ کا شکار ہوئے ہیں اور سائبر کرائم چیریٹی جیسا کہ ایکشن فراڈ کو اس کی اطلاع دیں
  • قرض کے بارے میں مزید مشورے کے لیے، بی بی سی ایکشن لائن پر جائیں

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments