الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل پاس کیا گیا تو ہم آج سے ہی آئندہ الیکشن کو نہیں مانتے: بلاول بھٹو


پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر اتفاقِ رائے کے بغیر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا بل پاس کیا گیا تو ہم آج سے ہی آئندہ الیکشن کو نہیں مانیں گے۔

انہوں نے اسپیکر سے مخاطب ہو کر کہا کہ ہم آپ کا، آپ کی کرسی کا اور پارلیمان کا احترام کرتے ہیں، حکومتی ممبرانِ پارلیمان کی عزت کریں، اس قوم اور ہاؤس سے جھوٹ نہ کہا جائے، ہم امید کرتے ہیں کہ اسپیکر اپنے عہدے کی عزت رکھیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنابِ اسپیکر جوائنٹ سیشن میں پیش ہونے والے بلوں پر پہلے بحث ہوتی ہے، اگر حکومت اس معاملے کو بلڈوز کرنا چاہتی ہے تو آپ کو اس کھیل میں شامل نہیں ہونا چاہیئے، الیکشن کمیشن بھی اس الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو مسترد کر چکا، الیکشن کمیشن نے اس مشین پر 37 سنگین اعتراضات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آج سے آئندہ الیکشن کو متنازع بنا رہی ہے، ہم آپ کی انتخابی اصلاحات کو نہیں مانتے، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں، جب تک الیکشن کمیشن کے تحفظات ہیں تب تک ہمارے تحفظات ہیں، آپ اس بل کو پاس کرا بھی لیں تو آپ کو بتا رہے ہیں کہ ہم عدالت میں جائیں گے۔

Facebook Comments HS