یہ وہ اے این پی ہرگز نہیں


وہ چارسدہ کی کھڈی میں بنے ہوئے معمولی اور کم قیمت کھدر کے کپڑے پہنتا عموماً پیاز یا لسی کے ساتھ روٹی کھاتا، تانگوں میں سفر کرتا، اپنے انتہائی غریب پارٹی کارکنوں (خدائی خدمتگار تحریک) کے ہاں قیام کرتا لوگوں کے ساتھ بھلائی اور خیر کا پرچار کرتا اور اپنے حقوق پہچاننے اور انہیں حاصل کرنے کا درس دیتا۔ لیکن اس سادگی اور ایمانداری کے باوجود بھی اپنے موقف پر ایسا ڈٹا رہتا کہ نہ انگریزوں کے سامنے جھکا اور نہ ہی ان کے ”وارثوں“ کے سامنے۔

اور یہی وجہ تھی کہ اس نے تیس سال سے زائد عرصہ مختلف جیلوں میں گزارا لیکن ان مشکلات کے باوجود بھی سیاسی حوالے سے وہ بلاشبہ پختون تاریخ کے سب مقبول اور معتبر سیاسی رہنما بھی ٹھہرے۔ چارسدہ کے ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھنے لیکن فقیری اور حق گوئی میں زندگی گزارنے والے اس شخص کا نام عبد الغفار خان تھا جنہیں ان کے پیروکار باچا خان کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ اسی باچا خان کی حق گوئی شفاف زندگی اور پا مردی کی معتبر گواہیاں بھی انہی کے تمام حریف تاریخ کو سونپ چکے ہیں۔

باچا خان کے تین بیٹوں میں سے ایک بیٹے کا نام عبد الولی خان تھا جو عین جوانی میں اپنے والد کی پاکباز لیکن دلیر سیاست کا علم تھامنے آگے بڑھا تو ایوبی مارشل لاء نے حسب معمول اور حسب روایت ان پر بھی جیلوں اور زندانوں کے دروازے کھول دیے۔
یہ سلسلہ جنرل ضیاء تک تسلسل کے ساتھ چلتا اور ولی خان کو ایک جمہوریت پسند اور بہادر رہنما ثابت کرتا رہا۔ ایوبی مارشل لاء کے خلاف نوابزادہ نصر اللہ خان اور دوسرے سیاسی لیڈروں کے ساتھ مل کر آمریت کے خلاف تحریک چلانا اور قید و بند کاٹنا ہو یا بھٹو کے غیر جمہوری اقدامات کے خلاف ڈٹنا اور حیدرآباد ٹریبونل کا سامنا کرنا ہو یا ضیائی مارشل لاء کے خلاف ایم آر ڈی تحریک منظم کرنا اور جمہوریت کی بحالی کے لئے طاقتور عوامی تحریک چلانا اور طویل قید و بند کاٹنا ہو، ولی خان کبھی پیچھے تو درکنار کبھی دوسری صف میں بھی نظر نہیں آئے بلکہ پہلی صف سے بھی آگے کیونکہ جمہوری جدوجہد اور آمریت مخالف لشکر کا علم بھی انہی کے ہاتھوں بلند ہوتا دکھائی دیتا رہا۔

یہی اس گھرانے کی وہ ادا تھی جس پر پختونوں کی اکثریت مر مٹی اور اس سے جان نثار اور پر خلوص کارکنوں کی تاریخ برآمد ہوئی۔ لیکن اب کے درخشندہ تاریخ کی حامل جماعت اے این پی کہاں اور کس رخ کھڑی ہے؟ بہت سے سوال ہیں مثلاً موجودہ اے این پی کی اصل قیادت کس کے پاس ہے؟ ایمل ولی خان یا حیدر ہوتی؟ سربلند بلور خاندان کو کس نے اور کیوں فراموشی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل دیا ہے؟ پاکستان کے سب سے سینیئر اور تجربہ کار سیاستدان غلام احمد بلور پر دوسروں کو ترجیح کیوں دی جا رہی ہے؟ اے این پی کن ”مجبوریوں“ کی وجہ سے تحریک انصاف جیسی سیاست کے راستے پر چل پڑی۔ حیرت انگیز طور پر پی ڈی ایم سے اے این پی نے غیر فطری اور غیر روایتی انداز میں کنارہ کشی کیوں اختیار کر لی؟ اور اس جماعت کا توانا ورکر پہلے کی مانند پرجوش اور سیاسی کردار کا حامل کیوں نہیں رہا؟ معصوم شاہ ٹائپ لیڈر شپ کس نے پروان چڑھائی اور پارٹی پر اس کے اثرات کیا پڑے؟

خوفناک آمریتوں کے سامنے ڈٹتی ہوئی اے این پی لیڈر شپ پر ایسا وقت کیونکر آیا کہ وہ نیب جیسے بد نام زمانہ ادارے کے سامنے سرنگوں دکھائی دیا؟ اور اب جبکہ تاریخ جمہوریت اور آمریت کے مابین واضح لکیر کھینچ چکی اور آخری جنگ کا فیصلہ کن معرکہ برپا ہے تو جمہوری لشکر کا روایتی علم بردار گھرانا مصلحت کی بکل اوڑھے خوف اور سراسیمگی کا شکار کیوں ہے؟ خلاف معمول اے این پی لیڈر شپ صف اول میں کھڑی ہونے اور قیادت کرنے کی بجائے فرار کے راستے پر سرپٹ بھاگتی ہوئی کیوں دکھائی دی۔

حیرت اس بات پر ہے کہ جب آصف علی زرداری اپنے بہت سارے ”معاملات“ اور ”لین دین“ کی وجہ سے پی ڈی ایم کو توڑنے کے لئے کمر بستہ ہوئے تو اے این پی وہ واحد جماعت تھی جس نے بروٹس بن کر جمہوری جدوجہد اور تحریک پر وار کر دیا

لیکن اس سلسلے میں اے این پی ابھی تک کوئی ٹھوس اور مدلل جواز بھی فراہم نہ کر سکی کہ وہ پی ڈی ایم سے علیحدہ کیونکر ہوئی سوائے اس کے کہ سربلند تاریخ کی حامل جماعت (اے این پی ) اس آصف علی زرداری کے پیچھے چل پڑی جس نے بھٹو اور بے نظیر کی مقبول ترین پیپلز پارٹی کو اندرون سندھ کے چند ضلعوں تک محدود کر کے رکھ دیا ہے۔ رنج اور ملال تو اس بات کا ہے کہ باچا خان اور ولی خان جوانمردی اور اصول پرستی کی جو وراثت چھوڑ کر گئے تھے اس وراثت پر کارپوریٹ سیاست اور آمرانہ منڈیوں میں صبح و شام بولیاں لگنے لگی ہیں۔ پارٹی کا نام اور نسب یقیناً وہی ہے جس پر تاریخ رشک کرتی ہے لیکن موجودہ اے این پی اپنے اسلاف اور سیاسی روایت کے منہ زور دریا سے اب بہت دور صرف ان ”پگڈنڈیوں“ کو سیراب کر نے پر لگی ہوئی ہے جس پر ق لیگ اور تحریک انصاف جیسی سیاست کی نرسریاں کاشت کی جاتی ہیں۔

یاد آیا کہ ولی خان نے آج سے تقریباً پینتیس برس قبل کہا تھا کہ ایسٹبلشمنٹ کو شکست تب ہوگی جب پنجاب اپنی لیڈر شپ پیدا کر کے مزاحمت شروع کرے گا۔ آج پنجابی نواز شریف اور اس کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد کی شکل میں ولی خان کی پیشگوئی یقیناً حرف بہ حرف صحیح ثابت ہوئی لیکن ایک رنج کے ساتھ سوچتا ہوں کہ تب ولی خان کو کیا معلوم تھا کہ جب پنجاب مزاحمت کے لئے اٹھ کھڑا ہوگا تو ولی خان کے سیاسی نظریے اور جدوجہد کے حقیقی وارث کون بنیں گے؟ اور اس کے خونی وارث اور اپنی پارٹی کہاں کھڑے ہوں گے؟

حماد حسن
Latest posts by حماد حسن (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments