چھوڑنا بہت مشکل ہے
جی ہاں چھوڑنا بہت مشکل ہے یہاں چھوڑنے سے مراد لمبی لمبی چھوڑنا نہیں ہے کیونکہ لمبی لمبی چھوڑنا بہت آسان ہے اس لیے لوگ لمبی چھوڑتے ہیں اور ہم کوشش کرتے رہتے ہیں کہ ہم پکڑ سکیں لیکن اکثر ہم پکڑنے میں ناکام رہتے ہیں لیکن ہم یہاں کچھ اور چھوڑنے کی بات کر رہے ہیں مثلاً جب ماں بیٹے کو کہے کہ بیٹا جاؤ دروازہ کھولو تو بچے کے لیے بستر چھوڑنا بہت مشکل ہو جاتا ہے اس طرح اپنے نظریات چھوڑنا بہت مشکل ہے عادات چھوڑنا بہت مشکل ہے۔ ماضی کی یادیں چھوڑنا بہت مشکل ہے
یاد ماضی عذاب ہے یا رب
چھین لے مجھ سے حافظہ میرا
رشتے چھوڑنا بہت مشکل ہے اپنا وطن چھوڑنا بہت مشکل ہے ویسے تو انسان ایک بار جس شے کو اپنا لیتا ہے تو اس کو چھوڑنا نہیں چاہتا اور ساری عمر اس کا بوجھ سنبھالے پھرتا ہے۔ چھوڑنا بہت مشکل ہے کا مفہوم ہم کو اس وقت معلوم ہوا جب ہم نے تمباکو نوشی میں سے تمباکو کو چھوڑنے کی کوشش کی تو ایسا معلوم ہوا کہ زندگی رک سی گئی ہے۔ حالانکہ سب لوگ کہہ رہے تھے زندگی بھر پور طریقے سے چل رہی ہے ہم نے پہلے بھی کئی بار سگریٹ چھوڑنے کی کوشش کی لیکن لاحاصل اس بار ہم نے بھرپور کوشش کی سگریٹ کو ہاتھ نہیں لگائیں گے۔
اس بار جب ہم نے سگریٹ چھوڑی تو اس کی جگہ سپاری چبانا شروع کی۔ ہم نے غور کیا کہ سگریٹ کی طلب گاڑی چلاتے ہوئے چائے پیتے ہوئے رات کو جاگتے ہوئے دوستوں سے گپ شپ لگاتے ہوئے اور بیت الخلا میں ہوتی ہے ہم نے کوشش کی کہ جب بھی دماغ سگریٹ پر اکسائے تو خود کو کسی اور طرف لگا دیں لیکن یہ آسان نہ تھا ہم نے پورے شہر کی سپاری چبا ماری تب جا کر سگریٹ کی طلب کم ہوئی اور ہاضمہ کھلا کیونکہ جب آپ سگریٹ چھوڑتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو قبض کی شکایت ہوتی ہے۔ اس لیے آپ نے دیکھا ہو گا کہ اکثر سگریٹ نوش بیت الخلا میں بڑے خشوع و خضوع سے سگریٹ پیتے دکھائی دیتے ہیں۔
کیونکہ یہی تو اصل جگہ ہے ملتے تھے ہم جہاں پر
شروع شروع میں جب ہم سگریٹ نہیں پیتے تھے تو ہمیں لگتا تھا لوگ والدین سے چھپ کر بیت الخلاء میں سگریٹ پیتے ہیں لیکن ہم کو کیا معلوم تھا کہ اس کی اصل طلب ہی یہاں ہوتی ہے۔ آپ کبھی کسی سموکر سے پوچھ کر دیکھیں کہ چھوڑنا کتنا مشکل ہے تو وہ کہیں گے بہت مشکل ہے ہم نے تو ایک بات سیکھی ہے کہ چھوڑنا مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں جب انسان چھوڑتا ہے تو آگے بڑھتا ہے اس لیے ہمیں چاہیے لمبی لمبی چھوڑنا چھوڑ دیں اور آگے بڑھ جائیں۔


