مسلم لیگ فرانس کے زیر انتظام مسلم لیگ ورکر کنونشن


مسلم لیگ فرانس کے زیر انتظام مسلم لیگ ورکر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ ورکر کنونشن سے مرکزی قائد سابق وزیر خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ورکر کنونشن میں فرانس بھر سے مسلم لیگی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔ سابق وزیر خزانہ پاکستان اسحاق ڈار نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان کا دیوالیہ نکال دیا ہے اور معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے مہنگائی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

آج ملکی معیشت کی پالیسیاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ایماء پر بنائے جا رہی ہیں۔ جس سے ملک کو ترقی کی بجائے مزید تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے سخت شرائط پر قرض لئے جس کا سارا بوجھ ٹیکسوں کے ذریعے غریب عوام پر ڈالا گیا آج عوام دو وقت کی روٹی کے لئے محتاج ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ مسلم لیگی کارکنان کی جانب سے موجودہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی گو نیازی گو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ تقریب کے آخر میں رانا محمود خان اور شمروز گھمن نے کنونشن میں شریک پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا کہ اتنے شارٹ نوٹس پر انہوں نے اس کنونشن کو کامیاب کروایا۔

Facebook Comments HS