محمد ضیا الدین کا صحافتی سفر: ’خبر بنانے میں کمزوری ہو تو خیر ہے، بندہ کرپٹ نہیں ہونا چاہیے’

زبیر اعظم - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد


‘دو تین دفعہ بےنظیر بھٹو سے ان کی وزارت عظمی کے دوران ملاقاتوں میں ضیا الدین صاحب اور محترمہ کی آپس میں کافی بحث ہوتی تھی۔ ایک بار تو بی بی نے انھیں کہا کہ ضیا صاحب، آپ کا لب و لہجہ اتنا سخت کیوں ہے تو ضیا صاحب نے جواب دیا کہ میرا کام آپ کو سچ بتانا ہے، خوشامدی تو آپ کے ارد گرد بہت ہیں۔’

پاکستان کی صحافت میں محمد ضیا الدین کو ایک ایسے صحافی کے طور پر جانا جائے گا جس نے ہر دور حکومت میں سچ کا ساتھ دیا۔ تراسی سال کی عمر میں انتقال کرنے والے سینیئر صحافی کے چلے جانے پر سبھی یہ اعتراف کر رہے ہیں ھے کہ ان کی زندگی موجودہ دور کے صحافیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

سنہ 1938 میں انڈیا کے شہر مدراس میں پیدا ہونے والے محمد ضیا الدین اپنے خاندان کے ساتھ پہلے مشرقی پاکستان کے دارالحکومت ڈھاکہ اور پھر 1960 میں 21 سال کی عمر میں کراچی پہنچے۔ بی فارمیسی کی ڈگری لیے انھوں نے ایک دواساز کمپنی میں نوکری شروع کی لیکن ان کا دل اس کام میں نہیں لگا۔

کچھ عرصے بعد انھوں نے صحافت کا رخ کرنے کا ارادہ کیا اور کراچی یونیورسٹی کے شعبہ صحافت میں داخلہ لے لیا۔ یہاں سے ہی ان کے صحافتی سفر کا آغاز ہوا جس کے بعد انھوں نے کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

یونیورسٹی کے زمانے میں ہی وہ روزنامہ ڈان سے وابستہ ہو گئے اور پڑھائی مکمل ہوتے ہی پاکستان سپاٹ لائٹ کے نام سے ایک ماہانہ میگزین جاری کیا جو زیادہ عرصہ نہیں چل سکا۔

اس کے بعد پاکستان پریس ایجنسی نامی نجی کمپنی کے ساتھ کام کیا لیکن یہ پاکستان میں صحافت کے لیے کچھ اچھا دور نہیں تھا۔ ایک جانب صدر ایوب خان کی سخت پالیسیاں تھیں تو دوسری جانب میڈیا مالکان ویج بورڈ ایوارڈ کے تحت تنخواہیں ادا کرنے سے انکاری تھے۔

پھر 1970 کی دہائی میں محمد ضیاالدین نے پہلے پاکستان اکانومسٹ اور بعد میں مارنگ نیوز میں شمولیت اختیار کی۔ کراچی میں بیس سال گزارنے کے بعد 1978 میں ضیا الدین نے اسلام آباد آ کر دی مسلم اخبار جائن کیا جہاں جنرل ضیا الحق کے دور حکومت میں اخبار کی کاپی کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے کلیئرنس درکار ہوا کرتی تھی۔

ان کی صحافتی زندگی کا دورانیہ تو پچاس سال سے زیادہ کے عرصے پر محیط ہے لیکن اس کا عروج 1982 میں روزنامہ ڈان میں شمولیت سے شروع ہوا۔

ان کے دیرینہ ساتھی ناصر ملک کے مطابق ’جنرل ضیا الحق کی آمریت ہو یا بے نظیر بھٹو کی جمہوری حکومت۔ نواز شریف کی وزارت عظمی ہو یا جنرل مشرف کا دور، ضیا الدین نے وہی لکھا اور کہا جسے وہ سچ سمجھتے تھے۔‘

ڈان میں محمد ضیا الدین کے ساتھ کام کرنے والے ناصر ملک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ضیا صاحب نے کبھی کسی کو خوش کرنے کے لیے نہیں لکھا۔ وہ کہتے ہیں کہ ‘بے نظیر بھٹو دو صحافیوں کے بہت قریب تھیں جن میں سے ایک ایچ کے برکی اور دوسرے ضیا الدین تھے اور اکثر ان سے مشورہ کرتی تھیں۔ لیکن اس کے باوجود انھوں نے اس تعلق کو اپنی صحافت پر اثر انداز نہیں ہونے دیا۔‘

سینیئر صحافی حامد میر ہی ہیں جو بینظیر بھٹو سے ضیا الدین کی بےتکلفی کے چشم دید گواہ ہیں۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘دو تین دفعہ بےنظیر بھٹو سے ان کی وزارت عظمی کے دوران ملاقاتوں میں ضیا الدین صاحب کے ساتھ میں بھی موجود تھا اور میں نے دیکھا کہ ان کی آپس میں کافی بحث ہوتی تھی۔‘

ناصر ملک کہتے ہیں کہ ’بےنظیر بھٹو نے اپنے دونوں دورِ حکومت میں یہ آفر کی کہ ضیا الدین ان کے مشیر بن جائیں لیکن ضیا صاحب کا ایک ہی جواب ہوتا تھا کہ ‘میں صحافی ہوں اور صحافی ہی رہوں گا’۔

روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون کے سابق مدیر اور محمد ضیا الدین کے قریبی ساتھی کمال صدیقی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ضیا الدین صاحب موجودہ دور کے صحافیوں سے اس طرح مختلف تھے کہ جہاں آج کل کچھ صحافی پاور بروکر بن جاتے ہیں وہ ایسا نہیں کرتے تھے۔’ کمال صدیقی نے کہا کہ ایک سینیئر صحافی ہونے کے باوجود ناصرف ان کی زندگی بہت سادہ تھی بلکہ ان کے اصول نہایت واضح تھے جن پر انہوں نے کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔‘

‘ضیا الدین مشرف سے بھی ویسے ہی سخت بات کرتے جیسے بےنظیر سے’

ضیا الدین کے شائع ہونے والے ایک حالیہ انٹرویو کے مطابق جب بےنظیر بھٹو کی پہلی حکومت کو اس وقت کے صدر غلام اسحاق خان نے کرپشن کے الزامات پر برطرف کر دیا تو شواہد کے طور پر ان کی چند رپورٹس کو بھی شامل کیا گیا لیکن بعد میں کبھی بھی بے نظیر بھٹو نے ان سے گلہ نہیں کیا۔

حامد میر کے مطابق پرویز مشرف کے دور حکومت میں میں نے دیکھا کہ ضیا الدین صاحب کا لہجہ تو اتنا ہی سخت ہے جتنا بے نظیر بھٹو کے سامنے ہوا کرتا تھا تو میرے نزدیک ان کی عزت اور بھی بڑھ گئی۔

حامد میر نے ایک اور قصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار جب پرویز مشرف چیف آف آرمی سٹاف تھے تو ایڈیٹرز سے ایک ملاقات میں کارگل سے متعلق بات ہو رہی تھی۔

حامد میر کے مطابق جنرل مشرف نے جب دعوی کیا کہ اس پلان سے کشمیر میں کامیابی حاصل ہو سکتی ہے تو ضیا الدین صاحب کا خیال ان سمیت زیادہ شرکا سے مختلف تھا اور انھوں نے اس وقت جنرل پرویز مشرف کو کہا کہ ’جنرل صاحب آپ عوام کو فتح کر سکتے ہیں، کشمیر کو فتح نہیں کر سکتے۔’

‘رپورٹر میں اخلاقی کمزوری نہ ہو’

محمد ضیا الدین کی صحافتی زندگی سے جڑی وابستگی کا ایک اور قصہ سناتے ہوئے سینیئر صحافی ناصر ملک نے بتایا کہ جب کوئی نیا رپورٹر بھرتی کرنا ہوتا تھا تو ضیا صاحب سینیئر لوگوں کی ڈیوٹی لگاتے تھے کہ بیک گراوئنڈ چیک کریں۔ ‘ضیا صاحب کہتے تھے کہ خبر بنانے میں اگر کوئی کمزوری ہو تو خیر ہے، لیکن اخلاقی کمزوری نہیں ہونی چاہیے، بندہ کرپٹ نہیں ہونا چاہیے۔’

کمال صدیقی کہتے ہیں کہ ضیاالدین صاحب کی زندگی میں کبھی بھی ان پر کوئی الزام نہیں لگا سکا اور سب ہی اس بات کا اعتراف کرتے تھے کہ ان کی ایمانداری پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔

ناصر ملک نے بی بی سی کو بتایا کہ ضیا الدین بطور ایڈیٹر اپنے کام پر دوستی کو بھی اثر انداز نہیں ہونے دیتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈان اخبار میں ایک سیاست دان جن کی ضیا الدین سے دوستی تھی اکثر اپنی خبریں لگوانے کے لیے دیتے تھے لیکن میں نے بطور نیوز ایڈیٹر کبھی ان کی خبر نہیں چھاپی کیوں کہ مجھے علم ہوا کہ دیگر اخبارات میں وہ اپنی خبر لگوانے کے لیے لفافے بھی دیتے تھے۔

‘کئی بار اس سیاست دان نے دفتر آکر ضیال الدین صاحب سے میری شکایت کی۔ ضیا صاحب مجھے بلاتے تھے اور ان کے سامنے پوچھتے تھے کہ خبر کیوں نہیں لگائی تو میں کوئی نا کوئی بہانہ کر دیتا لیکن اگلے دن پھر خبر نہیں لگاتا تھا تو ضیا صاحب نے کبھی مجھ سے نہیں پوچھا کہ تم نے میرے دوست کی خبر کیوں نہیں لگائی۔’

کمال صدیقی کے مطابق محمد ضیاالدین نے کبھی بھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نئے صحافیوں کو عملی طور پر اس کا ثبوت بھی دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments