کچھ تصویریں چیخ کر بتاتی ہیں کہ بلاسفیمی کیا ہوتی ہے؟


یہ منظر جنوبی پنجاب کی ایک چھوٹی سی تحصیل ”میاں چنوں“ کا ہے جو ایک علاقائی سوغات ”خوشی کی برفی“ کی وجہ سے بھی کافی مقبول ہے یہ جہاں پر گندگی کا ڈھیر آپ دیکھ رہے ہیں یہ علاقہ ”میاں چنوں“ کا سب سے اہم روڈ ہے جسے تلمبہ روڈ کہا جاتا ہے بالکل روڈ کے اوپر اہالیان علاقہ اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ دور کہیں ویرانوں میں پھینکنے کی بجائے روزانہ اسی گلی کے شروع میں روڈ پر ہی ڈال جاتے ہیں اس گلی میں کالج اور اکیڈمیز ہیں اور سکول کے چھوٹے بچوں کا بھی آنا جانا لگا رہتا ہے مین روڈ پر جو دکاندار ہیں وہ روزانہ اس گندگی کو اٹھاتے اٹھاتے جب تنگ آ گئے تو انہوں نے ڈور ٹو ڈور جا کر اہل محلہ سے درخواست کی کہ ”خدارا یہاں گندگی مت پھینکیں کیونکہ یہ معصوم بچوں کی گزرگاہ ہے“ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ وہ دن کے وقت تو اس حرکت سے باز آ گئے مگر رات کے اندھیرے میں گندگی پھینک کر رفو چکر ہونے کی رسم چل نکلی۔

کچھ با شعور لوگوں نے اس کا حل یہ نکالا کہ گندگی والی جگہ کے بالکل قریب ایک پینا فلیکس جس پر ”درود شریف اور مسلم بخاری کی ایک حدیث کا حوالہ“ جس کا مفہوم یہ بنتا ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا ”تمہارا راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا بھی صدقہ ہے“ لکھوا کر آویزاں کر دیا۔ یہ سب اقدامات کرنے کے پیچھے ان کی ذہنیت یہ تھی کہ ہمارے مسلمان بھائی درود شریف اور حدیث کا احترام کرتے ہوئے یہاں گندگی ڈالنے سے باز رہیں گے کیونکہ مسلمانوں کی نظر میں نبی اور احادیث مبارکہ کا بہت زیادہ احترام اور مقام ہے، وہ سب کچھ برداشت کر لیتے ہیں مگر نبی و حدیث کا انکار اور مذاق اڑانا کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔ آپ حیران رہ جائیں گے کہ اس فلیکس کو وہاں آویزاں کیے ہوئے تقریباً پندرہ دن گزر چکے ہیں مگر گندگی کا ڈھیر مزید بڑا ہونے لگ پڑا ہے۔ اب اس سارے پس منظر، اور رویوں کے گرد یہ غلاظت کے ڈھیر کا نظارہ، آپ اس کو کیا نام دینا چاہیں گے؟

1۔ کیا یہ حقیقی بلاسفیمی ہے؟
2۔ کیا یہ لاپرواہی ہے؟
3۔ کیا یہ منافقت ہے؟


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments