جناح مخالفین کی نظر میں


یہ حقیقت ہے کہ کچھ لوگ پیدا ہی عظیم ہوتے ہیں کچھ اپنی انتھک محنت اور جدوجہد کی بدولت بلند مقام حاصل کر لیتے ہیں۔ محمد علی جناح کو بچپن میں ہی دیکھ کر صاحب بصیرت لوگوں نے ان کے مستقبل یہ کہہ دیا تھا کہ یہ بچہ بڑا ہو کر عظیم انسان بنے گا اور پھر تاریخ گواہ ہے کہ ان لوگوں کے وہ الفاظ سچ ثابت ہوئے۔ دوست تو دوست دشمنوں نے بھی محمد علی جناح کی ایمانداری، سچائی اور اصول پسندی کا اعتراف کیا۔

مہاتما گاندھی نے کہا ”مجھے مسٹر جناح سے کئی باتوں میں سخت اختلاف ہے لیکن میں یہ بات مانتا ہوں کہ وہ بہت مخلص انسان ہیں۔ مسلمان عوام سچے دل سے انھیں اپنا لیڈر مانتے ہیں۔ میرا دل ان کے خلوص کا پوری طرح قائل ہے“

بھارت کے پہلے وزیر اعظم اور بہت بڑے رہنما پنڈت جواہر لال نہرو نے کہا ”میں نے مسٹر جناح کی عظمت اور طاقت کا اندازہ لگانے میں بہت غلطی کی“

پنڈت جواہر لال نہرو کی بہن مسز وجے لکشمی پنڈت نے کہا ”اگر مسلم لیگ میں ایک سو گاندھی اور ابوالکلام ہوتے اور کانگریس میں ایک جناح ہوتے تو ملک کبھی تقسیم نہ ہوتا“

گنگا دھر تلک ہندوؤں کے بہت بڑے لیڈر تھے انھوں نے کہا ”مسٹر جناح کے خیالات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ وہ آگے چل کر ایک بہت بڑے لیڈر ثابت ہوں گے، میں یہ بات پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ جناح ان لوگوں میں سے ہیں جو قوموں اور ملکوں کی تقدیر بدل دیتے ہیں، وہ صاف دل، سچے اور ارادے کے پکے ہیں“

ہندؤوں کے بہت بڑے لیڈر راج گوپال اچاریہ کہتے ہیں ”محمد علی جناح بہت اونچی حیثیت کے مالک ہیں، انھیں ان کی قوم میں بہت مقبولیت حاصل ہے، لوگ سچے دل سے انھیں اپنا لیڈر مانتے ہیں“

اچھوتوں کے بہت بڑے لیڈر امبیدکر نے کہا
”مسٹر جناح کے کٹر دشمنوں کو بھی یہ بات ماننا پڑتی ہے کہ انھیں کسی قیمت پر خریدا نہیں جاسکتا“

ہندوستان کے آخری وائسرائے لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے کہا ”ملک کی سیاست کی چابی جناح کے ہاتھ میں ہے، نہرو اور گاندھی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتے“

بمبئی کے اس وقت کے چیف جسٹس سر چارلس نے کہا ”مسٹر جناح جیسا دیانتدار اور محنتی انسان آج تک میری نظر سے نہیں گزرا“

برطانیہ کے اس وقت کے وزیر ہند لارڈ پیتھک لارنس نے کہا ”مسٹر جناح صحیح عقیدہ رکھنے والے اور اپنے وعدے پہ قائم رہنے والے سیاسی رہنما ہیں“

اس زمانے میں انڈونیشیا کے وزیراعظم سلطان شہریار نے کہا ”مسٹر جناح بے حد پر کشش انسان ہیں، آدمی ان کی طرف کھنچا چلا جاتا ہے، اپنی بات دوسروں تک پہنچانے میں انھیں کمال حاصل ہے، وہ مختصر بات کرتے ہیں مگر صحت اور سچائی کے ساتھ“

یہ اور اس جیسے ان گنت اقوال قائد اعظم محمد علی جناح کی عظمت اور سربلندی کا کھلا اعتراف ہیں لیکن ان کی فضیلت اور رفعت کا جیتا جاگتا شاہکار، یہ مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے جو اقبال کا خواب کی تعبیر اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ان تھک اور پر خلوص کوششوں کا نتیجہ ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments