نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین کو پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللہ نے بچا لیا: مریم نواز شریف
پولیس کے مطابق انہیں پیٹ اور ٹانگ پر گولیاں لگی ہیں۔ بلال یاسین کو میو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے ک بلال یاسین پر نقاب پوش افراد نے حملہ کیا۔
وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعلی نے فائرنگ کرنے والے ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
پارٹی رہنما پر حملے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما مریم نواز نے ٹوئٹر پر ردعمل میں کہا کہ ’مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ۔ پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللہ نے بچا لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرہ سے باہر ہے۔ اللہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔‘
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے بلال یاسین سے فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔
ان کا بلال یاسین سے کہنا تھا ’ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ آپ کی زندگی محفوظ رہی۔‘
بلال یاسین 2008 کے انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے۔ جس کے بعد یہ دو بار صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ مسلم لیگ ن کے دور میں صوبائی وزیر خوراک رہ چکے ہیں۔

