نیا سال 2022: دنیا بھر میں لوگ نئے سال کی تقریبات کیسے مناتے ہیں؟


نیو یارک کے ٹائمز سکوئر پر نئے سال 2022 کا استقبال
ANDREW KELLY
نیو یارک کے ٹائمز سکوئر پر نئے سال 2022 کا استقبال
دنیا بھر کے ملکوں میں 31 دسمبر کی شام نئے سال 2022 کا جشن مختلف اوقات میں اپنے عروج پر پہنچا جب وہاں رات کے بارہ بجے۔ مگر کچھ ملکوں میں نیا سال مختلف دنوں میں منایا جاتا ہے کیونکہ وہ مختلف کلینڈر استعمال کرتے ہیں۔

نیا سال جب کبھی بھی منایا جائے تو یہ نیت کی جاتی ہے کہ یہ خوش قسمتی کا سال برکتیں لے کر نازل ہو۔

ہم نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ مختلف ملکوں میں لوگ نیا سال کیسے مناتے ہیں۔۔۔

بِگ بینگ

Fireworks on Auckland Sky Tower

نیوزی لینڈ میں آک لینڈ کے سکائی ٹاور سے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

نئے سال کا جشن منانے کا سب سے مقبول طریقہ آتش بازی کا نظارہ ہے۔ ایسے آتش بازی کے مظاہرے دنیا بھر کے بہت سے ملکوں میں کیے جاتے ہیں جب مختلف ملکوں میں گھڑیاں رات کے بارہ بجاتی ہیں۔

نیوزی لینڈ، جہاں سب سے پہلے دن نکلتا ہے، کے شہر آکلینڈ کے سکائی ٹاور سے ایک انتہائی دلکش آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے اور اس کے بعد آسٹریلیا کے سڈنی ہاربر ٹاور پر بھی یہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

Fireworks at Copacabana beach

برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو کے ساحل پر بھی آتش بازی کی جاتی ہے

برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں مشہور کوپاکبانا ساحل سمندر پر سال نو کے موقع پر آسمان آتش بازی سے چمک اٹھتا ہے۔ ہانگ کانگ میں وکٹوریا ہاربر کے علاوہ دبئی کے برج خلیفہ میں بھی سال نو پر آتش بازی سے دوسروں ملکوں پر سبقت لینے کی کوشش کی جاتی ہے۔

بڑی گیند کا گِرنا

نیویارک میں ٹائمز سکوائر سال نو کے جشن کا مرکز ہوتا ہے اور وہاں بارہ بجنے سے کچھ دیر پہلے الٹی گنتی کی جاتی ہے۔

لیکن ہر کسی کی نظریں جس چیز پر جمی ہوتی ہیں اس کو ’بال ڈراپ‘ یا گیند کا گرنا کہتے ہیں جب ایک چمکتی ہوئی گیند ایک پول کے اوپر سے نیچے گرائی جاتی ہے جو کہ نئے سال کی آمد کا اعلان ہوتا ہے۔

Ball in Times Square that does the ball drop on New Year's Eve

نیویرک میں یہ گیبند ایک پول سے نیچے آتی ہے اور ٹھیک بارہ بجے سے زمین سے لگ جاتی ہے

اس کے نتیجے میں امریکہ کے دوسرے شہروں میں نیا سال شروع ہونے پر دیگر اشیا گرانے کی روایات ہیں۔

ریاست انڈیانا کے ونسینز علاقے میں لوگ اونچی جگہوں سے خربوزے گِرا کر نئے سال کا استقبال کرتے ہیں۔

اس سال کیونکہ کورونا وائرس کی پابندیاں لاگو ہیں، اس لیے کچھ عوامی مقامات پر یہ تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں اور کئی جگہوں پر انھیں محدود کر دیا گیا ہے تاکہ زیادہ لوگ ایک جگہ جمع نہ ہوں۔ لیکن کووڈ کے باوجود سال نو کا جشن منانے کے محفوظ طریقے بھی ہیں۔

انار پھوڑنا

a smashed pomegranate

یونان اور ترکی میں گھروں کے باہر انار کا ملنا ایک اچھا شگون تصور کیا جاتا ہے

یونان اور ترکی میں انار کو خوشحالی اور برکت کا ایک نشان تصور کیا جاتا ہے۔

اور روایتی طور پر بہت سے لوگ نئے سال کی آمد پر اپنے گھروں کے باہر انار پھوڑتے ہیں تاکہ آنے والے سال میں ان کے گھر خیر اور برکت نازل ہو۔

گھنٹیاں بجانا

Japanese man helps son to ring a bell

جاپان کے شہر ٹوکیو میں ایک شخص اپنے تین سالہ بچے کو 31 دسمبر کی شام گھنٹی بجانے میں مدد دے رہا ہے

کچھ ملکوں، مثلاً جاپان اور کوریا، میں نئے سال کی آمد پر گھنٹیاں بجانے کا رواج ہے۔

جاپان میں 108 مرتبہ گھنٹیاں بجائی جاتی ہیں تو یہاں آپ بہت شور سننے کے لیے تیار رہیں۔

برتن اور پلیٹیں توڑنا

Smashed plate

اگر آپ سال نو پر ڈنمارک میں ہیں تو وہاں اپنے گھر کے باہر ٹوٹی ہوئی پیلٹ کا دیکھائی دینا ایک اچھا شگون ہے

اگر آپ اپنے گھر کے دروازے سے باہر نکلیں اور آپ کو ٹوٹی ہوئی پلیٹ نظر آئے تو یہ خوش قسمتی کی علامت سمجھی جاتی ہے۔

ڈنمارک میں لوگ نصف شب کے بعد اپنے گھروں کے باہر یہ دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ اسے خوش قسمتی سمجھا جاتا ہے۔

اگر آپ کا تعلق ڈنمارک سے ہے تو آپ اپنے کسی عزیر کے گھر کے دروازے پر جا کر پلیٹ توڑ دیں تاکہ اگلے بارہ مہینوں میں ان کے ہاں خیر و برکت رہے۔

دالیں کھانا

Lentils

برازیل میں لوگ نئے سال کے دوران خوشیاں دیکھنے کے لیے دالیں کھاتے ہیں

برازیل میں نئے سال کے موقع پر دالیں کھانے کی روایت ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ دالوں کو پیسے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس کا مطالب نئے سال میں آپ کو خوشیاں نصیب ہوں گی اگر آپ اس کی آمد پر دالیں کھائیں گے۔

بارہ انگور

سپین میں جب رات کے بارہ بجتے ہیں تو لوگ انگور کھاتے نظر آتے ہیں۔ کیونکہ وہاں روایت ہے کہ نصف شب پر بارہ بجنے پر گھڑی کی ہر گھنٹی کے ساتھ ایک انگور کھایا جائے.

خیال یہ ہے کہ ایسا کرنے سے اگلے بارہ مہینوں میں آپ کو ہر ماہ خوشی نصیب ہوگی۔

ریچھ کی کھال پہننا

Romanian children dressed up as bears

رومانیا میں بچے آپ کو نئے سال کے موقع پر ریچھ کی کھال پہنے نظر آئیں گے

رومانیا میں یہ روایت ہے کہ لوگ ریچھ کی کھال پہن کر ناچتے ہیں تاکہ آنے والے سال میں بدی کی قوتیں قریب نہ آئیں اور انھیں دور بھگایا جا سکے۔

رومانیا میں لوک داستانوں میں ریچھوں کو بدی سے دور رکھنے اور بیماریوں سے شفایاب کرنے میں اہم سمجھا جاتا ہے۔

خالی بکسے لے کر چلنا

Boys carrying a suitcase

جنوبی امریکہ میں کئی جگہوں پر اگر آپ نئے سال میں کسی مہم یا سفر پر جانا چاہتے ہوں تو پھر ایسا کریں

لاطینی امریکہ کے کچھ ملکوں میں سال نو پر لوگ آپ کو خالی بیگ اٹھا کر جاتے دکھائی دیں گے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ’سوٹ کیس‘ کا مطلب ہے کہ آنے والا سال آپ کے لیے مہمات کا سال ثابت ہو۔

فرنیچر پھینکنا

جوہانسبرگ میں لوگ نئے سال پر اپنا پرانا فرنیچر گھر سے نکال دیتے ہیں

جوہانسبرگ میں لوگ نئے سال پر اپنا پرانا فرنیچر گھر سے نکال دیتے ہیں

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ نیا سال غیر ضروری اور پرانی چیزوں کے بغیر شروع کیا جائے۔

کچھ لوگ تو اپنا پرانا فرنیچر کھڑکیوں سے باہر پھینک دیتے ہیں۔

مگر نئے سال کی تقریبات صرف یکم جنوری تک محدود نہیں، جیسا کہ ہم آگے پڑھیں گے۔۔۔

پیسوں کا تحفہ

قمری نئے سال پر اس طرح کے سرخ لفافے کافی مشہور ہیں جن میں پیسوں کا تحفہ دیا جاتا ہے

نئے قمری سال پر اس طرح کے سرخ لفافے کافی مشہور ہیں جن میں پیسوں کا تحفہ دیا جاتا ہے

اسے عام طور پر ’خوش قسمتی کے پیسے‘ کہا جاتا ہے جو نئے قمری سال پر بڑے اپنے خاندان کے بچوں اور نوجوان افراد میں تقسیم کرتے ہیں۔ یہ روایت چین، کوریا اور ویتنام سے تعلق رکھنے والے لوگ مناتے ہیں۔

ان تہذیبوں میں پیسے دینے کا طریقہ مختلف ہے۔ چین میں سرخ لفافوں میں پیسوں کا تحفہ دیا جاتا ہے۔ جبکہ کوریا میں سفید لفافے پر بچے کا نام بھی لکھا ہوتا ہے۔

پانی برسا کر

تھائی لینڈ میں ہاتھی پانی کی لڑائی میں مشغول ہیں

Getty/JEWEL SAMAD
تھائی لینڈ میں ہاتھی پانی کی لڑائی میں مشغول

بدھ مت کے نئے سال کے موقع پر تھائی لینڈ میں سونگ کران اور میانمار میں تھنگیان تہواروں کے دوران ایک دوسرے کو پانی میں بھگو دینا ان کی تقاریب کا حصہ ہے۔

تھائی لینڈ میں اکثر پانی کی بندوقیں استعمال کی جاتی ہیں اور یہ سیاحوں کے لیے بھی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔ نوجوان افراد اپنے معمر رشتہ داروں سے ملتے ہیں اور ان کے ہاتھوں اور پیروں پر پانی گراتے ہیں جو احترام کی علامت ہے۔

میانمار میں سیلاب جیسی صورتحال ہوتی ہے جہاں لوگ ایک دوسرے پر پانی پھینک کر نئے سال کی خوشیاں مناتے ہیں۔

یہ سمجھا جاتا ہے کہ پانی گذشتہ سال کی برائی کو دور کر دے گا اور نیا سال پاکیزگی کے ساتھ شروع ہوگا۔

نایاب کھجوریں

سرخ رنگ کی نایاب کھجوریں

سرخ رنگ کی نایاب کھجوریں

مصر میں قبطی مسیحی افراد ستمبر میں نیا سال مناتے ہیں اور ان کی ایک روایت سرخ کھجوریں کھانا ہے۔

اس کھجور کا سُرخ رنگ خون کی علامت ہے اور اندر سفید رنگ کا مطلب پاکیزگی ہے۔ جبکہ اس کے بیجوں کو ایمان کی نشانی سمجھا جاتا ہے۔

اپنے اندر جھانکنے کا موقع

Two giant monster-like dolls at the Balinese New Year eve

NurPhoto
بالی میں نئے سال کی شب ایسے مجسموں کے ساتھ پریڈ کی جاتی ہے

باقی دنیا شاید نئے سال کے موقع پر پارٹی کرنا چاہتی ہو مگر کچھ تہذیبوں میں یہ اپنے اندر جھانگنے کا ایک لمحہ سمجھا جاتا ہے۔

اسلامی کیلنڈر کے مطابق نئے سال، جو رواں سال جولائی میں ہوگا، کے دن کچھ مسلم اکثریتی ممالک میں تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اس کا آغاز عبادت سے کیا جاتا ہے اور یہ ایک موقع ہوتا ہے جب مسلمان اپنے اعمال پر نظر ڈالتے ہیں۔ بعض مسلمان اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ نئے سال کے پہلے 10 روز تک عبادت کرتے ہیں اور روزے رکھتے ہیں۔

انڈونیشیا کے جزیرے بالی پر بھی یہی روایت عام ہے۔ اس کے کیلنڈر کے پہلے روز کو ’خاموشی کا دن‘ کہا جاتا ہے جب پورا جزیرہ اپنی دنیاوی سرگرمیاں معطل کر دیتا ہے۔ اس موقع پر 24 گھنٹوں کے لیے بتیاں اور آوازیں بند کر دی جاتی ہیں اور پورا دن خاموش رہ کر گزارا جاتا ہے۔

مگر اس سے ایک دن قبل بالی کے لوگ ایک پریڈ میں حصہ لیتے ہیں جہاں انھوں نے بڑے مجسمے اٹھائے ہوتی ہیں۔ یہ بُری چیزوں کی علامت ہے جس نے دنیا و کائنات کو متاثر کیا ہے۔ لہذا انھیں جلا دیا جاتا ہے۔

Facebook Comments HS

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 33851 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp