لاحاصل کی تلاش
اپنی بے انتہا خواہش کے باوجود وہ اس کو حاصل نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی اتنی حیثیت نہیں ہے کہ وہ اس کو خرید سکے، مگر دل کو کون سمجھائے۔۔۔
مجھے لگتا ہے کہ ہم میں سے بھی کئ اس بچے کا کردار کہیں نہ کہیں نبھا رہے ہیں، کسی نہ کسی دکان کے سامنے ، اپنے من پسند کھلونے کے طلبگار، کہیں ہماری جیب اجازت نہیں دیتی، کئی بار ہم کسی چیز کے اہل نہیں ہوتے، کبھی کبھی خود کو یوں تسلی دیتےہیں،”یہ ہماری قسمت میں نہیں ہے”۔
چلیے ذرا دیر کے لئے یوں سوچ لیتے ہیں کہ دکاندار ایک نیک اور خُدا ترس آدمی ہے ،اس کو بچے پہ رحم آ جاتا ہے اور وہ اس کو وہی کھلونا دے دیتا ہے۔ جس کو حاصل کرنے کے بعد بچے کی خوشی کا عالم قابل دید ہے لیکن کیا یہ ممکن ہے کہ اس کے بعد اسے کوئی اور کھلونا نہیں چاہیے ہوگا اس کا دل کسی اور کھلونے کے لئے نہیں مچلے گا ۔
کئی لوگ اپنی من پسند شے خواہ وہ کچھ بھی ہو حاصل کر بھی لیتے ہیں مگر پھر بھی ان کی خواہش تو نہیں مرتی، ایک منزل کے بعد نیا سفر ایک کے بعد ایک اور، اور یہ سفر ختم نہیں ہوتا جبکہ حصول سے پہلے ان کی کیفیت یہ ہوتی ہے، مجھے یہ چاہیے اور بس، یہی تو میری منزل ہے، بنا اسکے میں تو ادھوری ہوں۔
شاید یہی، "خواہش کا نہ مرنا” ہی تو زندگی ہے،اسی سے ہمیں جینے کی نئی امنگ ملتی ہے،لمبی سیاہ رات کے بعد اک نئ صبح دکھتی ہے، پہلے سوچ کے زاویے پَر تولتے ہیں پھر ہی ہم کسی جانب اُڑان بھر سکتے ہیں لیکن اس سب میں ہمیں اس کا شکر ضرور ادا کرنا چاہیے جو ہمارے پاس پہلے سے موجود ہے، جس سے ہمیں بنا طلب نوازا گیا ہے اسے ہم اکثر بھول جاتے ہیں۔ہم خواہش کے پیچھے بھاگتے ہیں اور ضرورت کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
شاید یہ خواہش، سفر ، طلب، "لاحاصل” کو حاصل کرنے کی ہے اور ہمیں اس کا ادراک نہیں ہے۔۔۔۔۔


