بابر اعظم: پاکستانی کپتان 2021 کے لیے آئی سی سی کے بہترین ون ڈے کرکٹر قرار

عبدالرشید شکور - بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی


بابر اعظم
بابر اعظم نے اگرچہ 2021 میں صرف چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے لیکن ان میچوں میں ان کی کارکردگی متاثر کن رہی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ایک روزہ کرکٹ کے لیے سنہ 2021 کا بہترین کھلاڑی قرار دیا ہے۔

بابر کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے 2021 میں کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کے لیے منتخب کیے جانے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں۔

ان سے قبل محمد رضوان کو ٹی 20 فارمیٹ کے لیے سال کا بہترین کھلاڑی جبکہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر فاطمہ ثنا کو سال کی بہترین ابھرتی ہوئی کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا تھا۔

بابر اعظم کو آئی سی سی نے اس سے قبل 2021 کی بہترین ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم میں نہ صرف شامل کیا تھا بلکہ ان دونوں ٹیموں کی کپتانی بھی انھیں سونپی گئی تھی۔

سال کے بہترین ون ڈے کرکٹر کے اعزاز کے لیے بابر اعظم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے جانیمن ملان، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ سے تھا۔

بابر اعظم نے اگرچہ 2021 میں صرف چھ ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے لیکن ان میچوں میں ان کی کارکردگی متاثر کن رہی اور انھوں نے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے جن میں دو سنچریاں شامل تھیں۔

اپنے انتخاب کے بعد ویڈیو پیغام میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ پہلے تو اپنے مداحوں کی جانب سے حمایت اور پسندیدگی پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ وہ آئی سی سی، پی سی بی اور خصوصی طور پر پاکستان ٹیم کے شکرگزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جس طرح انھوں نے مجھے سپورٹ کیا اور بیک کیا ان کے بغیر یہ ہو نہیں سکتا تھا۔ مجھے بہت فخر ہے کہ میرے پاس ایسی ٹیم ہے۔ میں اپنے والدین کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے میرے لیے کافی دعا کی ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

گلی کرکٹ سے ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر تک: ’ابھی تو میرے سفر کا آغاز ہوا ہے‘

’زیادہ خوشی پاکستان کا نام آنے کی ہے‘: محمد رضوان آئی سی سی ٹی 20 ’کرکٹر آف دی ایئر‘

سنہ 2021 پاکستان کرکٹ کے لیے کامیاب سال لیکن کام اب بھی باقی ہے

’کوہلی کو ہٹا کر نمبر ون بننا بڑی کامیابی، بابر ہمارا سر فخر سے بلند کرنے کا شکریہ‘

سال کی بہترین اننگز کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’اگر آپ مجھ سے بہترین اننگز کے بارے میں پوچھیں گے تو وہ انگلینڈ والی تھی۔ میرے خیال میں میرے کریئر کی بہترین اننگز تھی کیوں مجھے وہاں کچھ مشکلات کا سامنا تھا اور مجھے ایک اچھی اننگز کی ضرورت تھی جو مجھے ملی اور جس سے مجھے کافی اعتماد حاصل ہوا۔‘

بابر اعظم

بابر کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے 2021 میں کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ کے لیے منتخب کیے جانے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی ہیں

انگلینڈ کے خلاف اس ون ڈے سیریز میں اگرچہ پاکستان کو تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس سیریز میں بابر اعظم نے اپنے کریئر کی بہترین انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے158 رنز بنائے تھے۔

بابر اعظم نے گذشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کی دو ایک کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ جیتے گئے دونوں میچوں میں مین آف دی میچ رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میری کوشش ہوتی ہے کہ ہر ملک میں ہر ٹیم کے خلاف رنز کیے جائیں اور یہی مقصد ہوتا ہے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز بہت مدد گار تھی اس کے بعد ہمیں مومینٹم ملا وہ ہمارے لیے بطور ٹیم اور مجھے بطور کھلاڑی اور کپتان کافی اعتماد ملا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments